وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع نئی دہلی میں امراض چشم کی تحقیق پر ملک کی پہلی بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح کریں گے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 08 MAY 2026 1:46PM by PIB Delhi

نئی دہلی میں واقع آرمی ہسپتال (ریسرچ اینڈ ریفرل) کا امراض چشم شعبہ، آل انڈیا آپتھلمولوجیکل سوسائٹی کے تعاون سے 9 اور 10 مئی 2026 کو دہلی کینٹ کے مانیك شا سینٹر میں ملک کی پہلی بین الاقوامی امراض چشم کی تحقیقی کانفرنس منعقد کرنے جا رہا ہے۔ آل انڈیا آپتھلمولوجیکل سوسائٹی – آرمڈ فورسز آپتھلمولوجی اپڈیٹ(اے آئی او ایس-اے ایف او یو 2026) کے نام سے منعقد ہونے والے اس دو روزہ تعلیمی پروگرام کا افتتاح وزیر مملکت برائے دفاع جناب سنجے سیٹھ کریں گے۔ اس پروگرام میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور دفاعی سکریٹری بھی شرکت کریں گے، جو اس تقریب کی قومی اہمیت اور تینوں افواج پر مشتمل نوعیت کو ظاہر کرتا ہے۔

اس پروگرام میں ملک بھر سے تقریباً 200 ممتاز ماہرین امراض چشم اور فوج  کےماہرین چشم ایک ساتھ جمع ہوں گے۔ اس میں امراض چشم کے تمام بڑے ذیلی شعبوں کو وسیع طور پر شامل کیا جائے گا، جن میں تازہ ترین پیش رفت بھی شامل ہوگی۔ ایمس نئی دہلی، پی جی آئی چنڈی گڑھ، ایل وی پرساد آئی انسٹی ٹیوٹ حیدرآباد، شنکرا آئی ہسپتال چنئی، اروند آئی کیئر سسٹم اور دیگر اداروں سے 100 سے زائد ممتاز اساتذہ اس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

اس پروگرام میں دو عالمی شہرت یافتہ ماہرین امراض چشم— برطانیہ کی یونیورسٹی آف نوٹنگھم کے شعبہ امراض چشم کے سربراہ اور پروفیسر ، پروفیسرہرمندر سنگھ دوآ اور سنگاپور کے ٹین ٹوک سینگ ہسپتال کے سینئر کنسلٹنٹ ماہرامراض چشم اور کلینیکل محقق ڈاکٹر کولن سیانگ ہوئی ٹن بھی شرکت کریں گے۔پروفیسر ہرمندر سنگھ دوآ آنکھوں کی کیمیائی انجری پر اپنی جدید تحقیق اور قرنیہ (کارنیا) کی ساخت میں انقلابی کردار ادا کرنے والی “دوآ لیئر” کی دریافت کے لیے عالمی سطح پر مشہور ہیں۔ ڈاکٹر کولن سیانگ ہوئی ٹن نیشنل ہیلتھ کیئر گروپ آئی انسٹی ٹیوٹ کے فنڈس امیج ریڈنگ سینٹر کے سربراہ ہیں اور ریٹینل امیجنگ، ذیابیطس ریٹینوپیتھی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی آنکھوں کی تشخیص میں اپنی مہارت کے لیے شناخت رکھتے ہیں۔

یہ کانفرنس ملک بھر کے نوجوان ماہرین امراص چشم کے لیے اپنی صلاحیتوں  کے مظاہرے اور اس شعبے کے ماہرین سے سیکھنے کے لیے ایک حوصلہ افزا پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔ اس کا مقصد امراض چشم کے شعبے میں بامعنی شہری-فوجی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

*****

ش ح ۔م ع ا۔  ن ع

U. No.6807


(ریلیز آئی ڈی: 2259136) وزیٹر کاؤنٹر : 6