مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
مرکزی وزیرِ مواصلات جناب جیوتیرادتیہ سندھیا نے سیل براڈکاسٹ سسٹم (سی بی ایس) کا افتتاح کیا ؛ یہ نظام مرکزی وزیرِ داخلہ جناب امت شاہ کی رہنمائی میں مکمل مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے
ردِعمل سے پیشگی اقدام کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے ہندوستان نے سیل براڈکاسٹ سسٹم کے ذریعے آفات سے نمٹنے کی اپنی صلاحیت کو مزید مضبوط بنا یا
فوری انتباہات میں عدم تاخیر: عوامی تحفظ کے لیے ہندوستان نے ملک گیر سیل براڈکاسٹ سسٹم کا آغازکیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
02 MAY 2026 4:56PM by PIB Delhi
مرکزی وزیرِ مواصلات جناب جیوتیرادتیہ سندھیا نے آج سیل براڈکاسٹ سسٹم (سی بی ایس) کا افتتاح کیا۔ یہ خالص مقامی سطح پر تیار کردہ ٹیکنالوجی سینٹر فار ڈیولپمنٹ آف ٹیلیمیٹکس (سی-ڈاٹ) نے محکمہ ٹیلی مواصلات (ڈی او ٹی) کے تحت، نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور وزارتِ داخلہ (ایم ایچ اے) کے اشتراک سے، مرکزی وزیرِ داخلہ جناب امت شاہ کی رہنمائی میں تیار کی ہے۔یہ اقدام ہندوستان کے ہنگامی مواصلاتی نظام کو مضبوط بنانے اور عوامی تحفظ کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر اسٹیج پر موجود معزز شخصیات میں جناب گووند موہن، مرکزی داخلہ سکریٹری؛ جناب امت اگروال،سکریٹری (ٹیلی کام)؛ جناب پیوش آنند، ڈائریکٹر جنرل، این ڈی آر ایف؛ جناب منیش بھاردواج، سکریٹری، این ڈی ایم اے؛ جناب انوج شرما، ایڈیشنل سکریٹری، وزارتِ داخلہ؛ اور جناب کرشنا وتسہ، رکن، این ڈی ایم اے شامل تھے۔

محکمہ ٹیلی مواصلات، وزارتِ داخلہ، این ڈی ایم اے اور سی-ڈاٹ کی اس تاریخی کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے مرکزی وزیرِ مواصلات جناب جیوتیرادتیہ سندھیا نے کہا:“سیل براڈکاسٹ سسٹم کا آغاز ہندوستان کے آفات سے نمٹنے کے نظام میں ایک انقلابی قدم ہے، جو شہریوں کے تحفظ کے سلسلے میں ہمارے ردِعمل پر مبنی طرزِ عمل سے پیشگی اور فعال اسٹراٹیجی کی جانب منتقلی کو ظاہر کرتا ہے۔ جدید ٹیلی کام ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سی بی ایس لاکھوں افراد تک تقریباً حقیقی وقت میں، مخصوص جغرافیائی علاقوں کے مطابق، فوری انتباہات پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے، تاکہ کوئی بھی فرد اس سے محروم نہ رہے۔ یہ مقامی طور پر تیار کردہ اور عالمی معیار کے مطابق نظام ہماری تیاری کو مضبوط بناتا ہے، ردِعمل کی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے، اور ایک محفوظ و مضبوط ہندوستان کی تعمیر کے عزم کو مزید مستحکم کرتا ہے۔”
تقریب کے دوران وزارتِ داخلہ کے ایڈیشنل سکریٹری جناب انوج شرما نے مرکزی وزیر کو آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور این ڈی ایم اے کے جاری اقدامات پر تفصیلی پریزنٹیشن بھی پیش کی۔سیل براڈکاسٹ سالیوشن (سی بی ایس) ٹیلی کام پر مبنی عوامی انتباہی نظام ہے، جو متعلقہ حکام کو یہ سہولت دیتا ہے کہ وہ کسی مخصوص علاقے میں موجود موبائل فون صارفین کو بیک وقت اور جغرافیائی بنیاد پر فوری انتباہات ارسال کر سکیں۔
یہ نظام سی اے پی پر مبنی ساچیت پلیٹ فارم سے منسلک ہے، جس کے ذریعے انتباہات کی تیز رفتار اور معیاری ترسیل ممکن ہوتی ہے۔ یہ روایتی ایس ایم ایس نظام کی حدود کو ختم کرتا ہے اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ اہم معلومات ہدف کے علاقوں میں بڑی آبادی تک جلد اور مؤثر انداز میں پہنچائی جا سکیں۔
افتتاح کے ضمن میں آج اس نظام کا ملک گیر کامیاب آزمائشی تجربہ بھی کیا گیا، جس کے دوران ہنگامی انتباہی پیغامات ملک بھر میں موبائل فون پر نشر کیے گئے اور ان کے ساتھ ایک مخصوص انتباہی آواز بھی سنائی گئی۔ یہ مظاہرہ آفات اور ہنگامی حالات کے دوران بروقت اطلاعات کی ترسیل کو یقینی بنانے کی سمت اہم سنگِ میل ہے۔
ہندوستان میں آفات کے نظم کے میدان میں گراں قدر خدمات اور بے لوث کردار کو تسلیم کرتے ہوئے جناب جیوتیرادتیہ سندھیا نے متعدد افراد اور اداروں دونوں کو سبھاش چندر بوس آپدا پربندھن پرسکار (ایس سی بی اے پی پی) سے بھی نوازا۔اس موقع پر آفات کے نظم سے متعلق رہنما اصول اور ایک ہینڈ بک بھی جاری کی گئی۔

سی بی ایس میں نہایت درست جغرافیائی ہدف بندی کی صلاحیت موجود ہے، جس کے ذریعے انتباہات انفرادی سیل ٹاور یا ٹاوروں کے گروپ کی سطح تک بھیجے جا سکتے ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر بڑے جغرافیائی علاقوں تک اس کا دائرہ وسیع کیا جا سکتا ہے۔ پیغامات تقریباً حقیقی وقت میں چند سیکنڈ کے اندر صارفین تک پہنچ جاتے ہیں اور اس میں التواء یا تاخیر کا مسئلہ نہیں ہوتا۔اعلیٰ اعتماد کے ساتھ تیار کیا گیا یہ نظام نیٹ ورک پر دباؤ یا بھیڑ سے متاثر نہیں ہوتا، جس کے باعث نازک حالات میں بھی رابطہ بلا تعطل جاری رہتا ہے۔ یہ ہدف کے علاقوں کے تمام موبائل صارفین تک رسائی فراہم کرتا ہے، حتیٰ کہ وہ افراد بھی جو رومنگ پر ہوں، اور ان انتباہات کو صارفین بند نہیں کر سکتے ہيں۔مزید یہ کہ یہ انتباہات ترجیحی نوٹیفکیشن کے طور پر موصول ہوتے ہیں، جو پاپ اَپ پیغام کی شکل میں ظاہر ہوتے ہیں، ان کے ساتھ مخصوص بلند آواز سنائی دیتی ہے، جبکہ معاون موبائل فون میں پیغام کا متن بلند آواز سے پڑھ کر بھی سنایا جاتا ہے۔
یہ نظام تقریباً حقیقی وقت میں کثیر لسانی انتباہات جاری کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے، جس سے اچانک سیلاب، گیس لیکیج اور دیگر آفات کے دوران حفاظتی اقدامات کے لیے قیمتی وقت میسر ہوتا ہے۔ 2 جی سے 5 جی تک تمام نیٹ ورکس پر کارآمد یہ نظام شہری و دیہی دونوں علاقوں، آخری سرے تک کی آباد آبادیوں اور رومنگ کےصارفین تک وسیع رسائی یقینی بناتا ہے۔ سرکاری سطح پر براہِ راست اور مستند اطلاعات کی فراہمی کے ذریعے یہ آفات کے نظم کو مضبوط کرتا ہے، فوری ردِعمل کو فروغ دیتا ہے، خوف و ہراس میں کمی لاتا ہے اور عوامی اعتماد و تعاون میں اضافہ کرتا ہے۔
سی اے پی پر مبنی ساچیت پلیٹ فارم کے تحت سیل براڈکاسٹ سالوشن (سی بی ایس) کے ملک گیر تجرباتی مراحل کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تربیتی پروگرام بھی منعقد کیے گئے ہیں۔یہ نظام آفات کے دوران مؤثر ثابت ہوا ہے اور آندھرا پردیش، اڈیشہ اور اتراکھنڈ میں لاکھوں افراد تک بروقت انتباہات پہنچا یاچکا ہے، جبکہ اب اسے چار دھام یاترا کے موقع پر بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔سی-ڈاٹ نے اس نظام کا بین الاقوامی سطح پر بھی کامیاب مظاہرہ کیا ہے، جن میں ماریشس، کمبوڈیا، ایل سلواڈور اور سری لنکا جیسے ممالک شامل ہیں۔ یہ اقدام اقوامِ متحدہ کے ’’سب کے لیے پیشگی انتباہ‘‘ منصوبے سے ہم آہنگ ہے۔
******
(ش ح۔ م ش ع ۔ م ا)
Urdu No-6575
(ریلیز آئی ڈی: 2257573)
وزیٹر کاؤنٹر : 16