وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

6,000 سے زائد افراد نے بھجنگ آسن کر کے ایشیا ریکارڈ قائم کیا، یوگ مہوتسو کے ساتھ بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 کی 50 روزہ الٹی گنتی کا آغاز


یوگ مہوتسو میں عالمی شرکت: 20 سے زائد ممالک بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 کی 50 روزہ الٹی گنتی میں شریک

یوگا 2047 تک ایک صحت مند اور نظم و ضبط والے وکست بھارت کی تعمیر کی کنجی ہے: مرکزی وزیر جی کشن ریڈی

حیدرآباد کو یوگا اور فلاح و بہبود کا عالمی مرکز بننا چاہیے: جناب ریڈی

یوگا نے بھارت کو صحت اور فلاح کے عالمی مرکز کے طور پر مضبوط شناخت دی ہے: مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو

یوگا 365 مہم شہریوں کو روزانہ یوگا اپنانے کی ترغیب دیتی ہے: جناب پرتاپ راؤ جادھو

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 02 MAY 2026 1:15PM by PIB Delhi

موتیوں کے شہر حیدرآباد میں یوگا کا شاندار جشن منایا گیا، جہاں ہزاروں شائقینِ یوگا یوگ مہوتسو میں شریک ہوئے۔ یہ تقریب بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 کی 50 روزہ الٹی گنتی کے آغاز کے سلسلے میں منعقد کی گئی۔ اس پروگرام کا اہتمام وزارتِ آیوش کے تحت مورارجی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا نے کیا، جبکہ یہ تقریب روحانی سکون کے مرکز کانہا شانتی وَنم میں منعقد ہوئی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image00173LL.jpg

کانہا شانتی وَنم میں 6,000 سے زائد شرکاء نے ایک ساتھ بھجنگ آسن انجام دے کر تاریخ رقم کر دی۔ اس اجتماعی مظاہرے نے ایک اہم سنگِ میل عبور کیا اور بیک وقت بھجنگ آسن کرنے والے سب سے بڑے اجتماع کے طور پر ایشیا بُک آف ریکارڈز میں اپنا نام درج کرایا۔ یہ کامیابی یوگا کے ذریعے اجتماعی شرکت، ہم آہنگی اور مشترکہ صحت و تندرستی کے فروغ کی عکاس ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image002HR2M.jpg

اس پروگرام میں مرکزی وزیر برائے کوئلہ و کانکنی جناب جی کشن ریڈی نے شرکت کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب ریڈی نے کہا: ’’یوگا صرف بھارت کا قدیم ورثہ نہیں بلکہ انسانیت کے لیے ایک بیش قیمت تحفہ ہے۔ آج دنیا بھر کے رہنما، پیشہ ور افراد اور عام لوگ یوگا اختیار کر رہے ہیں اور اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔‘‘

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image00396KL.jpg

قوم کی تعمیر میں یوگا کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’اگر بھارت کو 2047 تک وِکست بھارت بنانا ہے تو ہمیں ایک صحت مند، پُرامن اور نظم و ضبط رکھنے والا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا۔ یوگا ذہنی دباؤ، غیر صحت مند طرزِ زندگی اور آلودگی جیسے جدید دور کے مسائل کا عملی اور کم خرچ حل پیش کرتا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد، جو پہلے ہی جدت اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے عالمی شناخت رکھتا ہے، اسے یوگا اور ہمہ جہتی فلاح و بہبود کے عالمی مرکز کے طور پر بھی ابھرنا چاہیے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image004EBID.jpg

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزارتِ آیوش کے وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) اور وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کے وزیرِ مملکت جناب پرتاپ راؤ جادھو نے کہا: ’’وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں یوگا ہمہ جہتی فلاح و بہبود کی ایک عالمی تحریک بن چکا ہے، جو جسمانی صحت، ذہنی یکسوئی اور جذباتی توازن کو فروغ دیتا ہے۔‘‘

انہوں نے صحت و فلاح کے سیاحتی شعبے میں بھارت کے بڑھتے ہوئے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یوگا نے بھارت کی شناخت کو فلاح و بہبود اور جامع صحتی خدمات کے عالمی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image005O66W.jpg

نئی شروع کی گئی ’’یوگا 365‘‘ مہم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’وزارتِ آیوش، ہیبلڈ اور ایم ڈی این آئی وائی کے اشتراک سے یوگا 365 مہم کے ذریعے شہریوں کو ترغیب دی جا رہی ہے کہ وہ یوگا کو اپنی روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔‘‘ اس سلسلے میں 21 جون تک 100 روزہ مفت یوگا تربیتی پروگرام جاری ہے، جس میں ایک لاکھ سے زائد افراد کی شرکت کا ہدف رکھا گیا ہے اور ’’یوگ متر‘‘ سند بھی فراہم کی جائے گی۔

وزیر موصوف نے اعلان کیا کہ بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 کی 25 روزہ الٹی گنتی کے سلسلے میں اگلا یوگ مہوتسو مدھیہ پردیش کے کھجوراہو میں منعقد ہوگا، جو بھارت کے ثقافتی ورثے، فنِ تعمیر اور فلاحی روایات کے امتزاج کی علامت ہوگا۔ انہوں نے جاپان کے شہر اوساکا میں عالمی ایکسپو 2025 کے دوران چھ ماہ تک یوگا سیشن منعقد کرنے پر ہارٹ فلنیس ادارے اور یوگا سرٹیفکیشن بورڈ کی کوششوں کو بھی سراہا۔

وزارتِ آیوش کی جوائنٹ سیکریٹری محترمہ مونالیزا داش نے ہارٹ فلنیس انسٹی ٹیوٹ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا: ’’کانہا شانتی وَنم اُس سکون اور توازن کی عکاسی کرتا ہے جسے یوگا فروغ دیتا ہے۔ اس اجتماع کا مقصد صحت اور اتحاد کے لیے ملک گیر تحریک کو مہمیز دینا ہے۔‘‘

اس تقریب میں ہارٹ فلنیس کے صدر جناب کملیش ڈی پٹیل (داجی)، رکنِ پارلیمان محترمہ ڈی کے ارونا، وزارتِ آیوش کے سیکریٹری پدم شری ویدیہ راجیش کوٹیچا سمیت وزارتِ آیوش، ریاستی انتظامیہ اور ممتاز یوگا اداروں سے وابستہ کئی معزز شخصیات نے شرکت کی۔

یوگ مہوتسو کی ایک نمایاں جھلک ’’کامن یوگا پروٹوکول‘‘ (سی وائی پی) کا اجتماعی مظاہرہ تھا۔ اس سیشن کی قیادت پروفیسر (ڈاکٹر) کاشی ناتھ سماگندی، ڈائریکٹر ایم ڈی این آئی وائی، اور ادارے کے یوگا اساتذہ نے کی۔ سی وائی پی کی مشق کے بعد داجی کی قیادت میں ہارٹ فلنیس مراقبہ سیشن بھی منعقد ہوا۔ یہ تقریب 21 جون کو منائے جانے والے بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 کی ملک گیر تیاریوں میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی۔

پروگرام کی دیگر نمایاں سرگرمیوں میں نتیہ یوگا کی پیشکش اور کوریائی ٹیم کی جانب سے یوگا فیوژن مظاہرہ بھی شامل تھا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0063WIF.jpg

قزاقستان، لیسوتھو، بلغاریہ، کیوبا، نمیبیا، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا سمیت 20 سے زائد ممالک کے سفارت خانوں، قونصل خانوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں اور معزز شخصیات نے اس 50 روزہ الٹی گنتی کی تقریب میں شرکت کی، جو دنیا بھر میں یوگا کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی عکاسی کرتی ہے۔

کانہا شانتی وَنم میں منعقدہ یوگ مہوتسو بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 سے قبل ایک اہم پیش رفت ثابت ہوا، جس نے یوگا کے ذریعے جامع صحت، فلاح و بہبود اور پائیدار طرزِ زندگی کے فروغ کے لیے حکومتِ ہند کے عزم کا اعادہ کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image007B5F6.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image008WDE2.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0097BC0.jpg

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-6568


(ریلیز آئی ڈی: 2257484) وزیٹر کاؤنٹر : 24