کارپوریٹ امور کی وزارتت
azadi ka amrit mahotsav

کارپوریٹ امور کی وزارت (ایم سی اے) نے وزیراعظم انٹرن شپ اسکیم (پی ایم آئی ایس) کی اہلیت کے معیار میں توسیع کرتے ہوئے آخری سال کے گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کو بھی شامل کر لیا ہے


اب 18 سے 25 سال کی عمر کے آخری سال کے طلبہ پی ایم آئی ایس پورٹل کے ذریعے بڑی اور معروف کمپنیوں میں تنخواہ والی انٹرن شپ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں

پی ایم آئی ایس میں کی گئی یہ ترامیم بھارت کی قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) کے اس مقصد کو آگے بڑھاتی ہیں جس کا ہدف روزگار کے لیے طلبہ کی تیاری اور مہارتوں کی ترقی کو بہتر بنانا ہے، تاکہ تعلیم سے روزگار کی طرف منتقلی کو زیادہ آسان اور مؤثر بنایا جا سکے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 22 APR 2026 4:02PM by PIB Delhi

نوجوانوں کی روزگار کے قابل بنانے کی صلاحیت اور صنعت کے لیے تیاری کو مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر، کارپوریٹ امور کی وزارت (ایم سی اے) نے وزیراعظم انٹرن شپ اسکیم (پی ایم آئی ایس) کے آزمائشی مرحلے کے اہلیت کے معیار کو وسعت دیتے ہوئے گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کے آخری سال کے طلبہ کو بھی شامل کر لیا ہے۔ اس فیصلے سے ملک بھر میں طلبہ کو بڑی کمپنیوں میں منظم انٹرن شپ کے مواقع تک جلد رسائی حاصل ہوگی، جس کے ذریعے وہ باقاعدہ طورپراپنی تعلیم مکمل کرنے سے قبل عملی طورپر صنعت کا تجربہ حاصل کر سکیں گے۔ یہ فیصلہ محکمہ اعلیٰ تعلیم، وزارتِ تعلیم کے مشورے سے باضابطہ طور پر نافذ کیا گیا ہے۔

نئی تبدیلیاں:

  • اب آخری سال کے انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ بھی پی ایم آئی ایس کے تحت درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
  • درخواست دہندگان کو اسکیم کے تحت موجودہ تمام اہلیت کے معیار پر پورا اترنا ضروری ہوگا۔
  • طلبہ کو درخواست کے عمل کے دوران اپنی متعلقہ تعلیمی ادارے سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جمع کرانا ہوگا۔
  • این او سی اس بات کی تصدیق کرے گا کہ انٹرن شپ میں شرکت ان کی تعلیمی ضروریات میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔
  • مجاز دستخط کنندگان میں شعبہ جات کے سربراہان، ڈینز، پرنسپلز یا ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسرز شامل ہوں گے۔

بھارت کی قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) تجرباتی تعلیم پر خاص زور دیتی ہے، جس میں انٹرن شپ، صنعت سے روابط اور عملی تجربہ اعلیٰ تعلیم کا ایک بنیادی جزو قرار دیا گیا ہے۔ وزیراعظم انٹرن شپ اسکیم (پی ایم آئی ایس) طلبہ کو دورانِ تعلیم ہی منظم اور تنخواہ والی انٹرن شپ میں حصہ لینے کا موقع فراہم کر کے اسی مقصد کو آگے بڑھاتی ہے۔ اس طرح یہ تعلیمی سفر میں حقیقی دنیا کی تعلیم کو شامل کرتی ہے اورقومی تعلیمی پالیسی کے اس ہدف کو تقویت دیتی ہے کہ طلبہ کی روزگار کے لیے تیاری اور مہارتوں کی ترقی کو بہتر بنایا جائے اور تعلیم سے ملازمت کی طرف منتقلی کو زیادہ ہموار بنایا جائے۔

ابتدائی مرحلے میں پیشہ ورانہ ماحول سے واقفیت طلبہ کو اہم عملی مہارتیں سکھاتی ہے، جیسے مسائل حل کرنے کی صلاحیت، مؤثر ابلاغ، ٹیم ورک اور حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی قابلیت، جو آج کی تیزی سے بدلتی ہوئی معیشت میں کامیابی کے لیے ضروری ہیں۔ انٹرن شپ کے دوران طلبہ کو شامل کرنے سے پی ایم آئی ایس کا مقصد یہ بھی ہے کہ علم سیکھنے اور صنعت کی توقعات کے درمیان موجود خلا کو کم کیا جائے، گریجویشن کے وقت ہی ملازمت کے لیے تیاری کو بہتر بنایا جائے اور طلبہ کو کاروباری ماحول، کارپوریٹ نظام اور پیشہ ورانہ کلچر کا حقیقی تجربہ فراہم کیا جائے۔

وزیراعظم انٹرن شپ اسکیم (پی ایم آئی ایس) کے بارے میں

وزیراعظم انٹرن شپ اسکیم حکومتِ ہند کا ایک اہم اقدام ہے، جس کا مقصد ملک بھر کے نوجوانوں کو منظم اور اجرت والی انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس اسکیم کے تحت:

  • انٹرنز کو کم از کم 9,000 روپے ماہانہ مالی مدد فراہم کی جائے گی۔
  • پورے ملک میں مختلف شعبوں میں قائم معروف کمپنیوں میں اجرات والی  انٹرن شپ کے مواقع دستیاب ہیں۔

وزیراعظم انٹرن شپ اسکیم (پی ایم آئی ایس) کے آزمائشی مرحلے میں 300 سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی ہے، جو مختلف کرداروں اور شعبوں میں انٹرن شپ کے مواقع فراہم کر رہی ہیں۔ اس وقت آزمائشی مرحلے کا تیسرا دور جاری ہے، جس کے دوران کمپنیاں مسلسل انٹرن شپ کے مواقع فراہم کر رہی ہیں۔ 18 سے 25 سال کی عمر کے اہل نوجوان سرکاری پی ایم آئی ایس پورٹل (www.pminternship.mca.gov.in) کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں اور اپنی دلچسپی اور کیریئر کے مطابق انٹرن شپ کے مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔

******

 

( ش ح ۔ م ع ۔ م ا )

Urdu.No-6175


(ریلیز آئی ڈی: 2254514) وزیٹر کاؤنٹر : 15