وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو ہومیوپیتھی کے عالمی دن 2026 کے موقع پر دو روزہ انٹرایکٹو فورم کا افتتاح کریں گے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 09 APR 2026 11:39AM by PIB Delhi

آیوش کی وزارت10اپریل کو وگیان بھون میں عالمی یومِ ہومیوپیتھی-2026 منائے گی، جہاں اس موقع پر دو روزہ انٹرایکٹو فورم بھی منعقد کیا جائے گا۔ یہ انٹرایکٹو فورم پالیسی سازوں، محققین، معالجین اور مندوبین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گا تاکہ دیر پا صحت کے نظام کی تشکیل میں ہومیوپیتھی کے بدلتے ہوئے کردار پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے۔

’’دیر پا صحت کے لیے ہومیوپیتھی‘‘ کے موضوع پر مرکوز اس سال کی تقریب میں اس بات کو اجاگر کیا جائے گا کہ ہومیوپیتھی صحت کے شعبے میں ایک جامع، کم لاگت اور ماحول دوست طریقہ فراہم کرتی ہے،جو عالمی ترجیحات جیسے یونیورسل ہیلتھ کوریج اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف، خصوصاً صحت اور فلاح و بہبود سے متعلق ہدف (ایس ڈی جی 3)، کے مطابق ہے۔

اس تقریب میں وزارت آیوش و صحت و خاندانی بہبودکے مرکزی وزیر مملکت جناب پرتاپ راؤ جادھو اور  وزارت آیوش کے سکریٹری راجیش کوٹیچا  کے علاوہ سینئر سرکاری عہدیداران اور ملک بھر سے ممتاز ماہرین شرکت کریں گے۔

یہ پروگرام سینٹرل کونسل فار ریسرچ ان ہومیوپیتھی (سی سی آر ایچ) کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں ہومیوپیتھی کے شعبے میں اہم تحقیقی پیش رفت، عوامی صحت کے اقدامات اور پالیسی سے متعلق پیش رفت کو پیش کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ سائنسی توثیق کو مضبوط بنانے، اخلاقی معیارات کو فروغ دینے اور ہومیوپیتھی کو مرکزی صحت کے نظام میں شامل کرنے پر بھی غور و خوض کیا جائے گا۔

بڑھتے ہوئے صحت کے اخراجات، دائمی بیماریوں کے بڑھتے بوجھ اور اینٹی مائیکروبیل مزاحمت جیسے خدشات کے تناظر میں، یہ تقریب ہومیوپیتھی کو ایک پائیدار طبی نظام کے طور پر اجاگر کرے گی،جو کم ماحولیاتی اثرات، وسائل کے معقول استعمال اور جسم کی قدرتی شفا یابی کی صلاحیت کو متحرک کرنے پر مبنی ہے۔

خصوصی سیشنز میں احتیاطی اور صحت کی دیکھ بھال کے فروغ میں ہومیوپیتھی کے کردار، طرزِ زندگی اور دائمی بیماریوں سے نمٹنے کے طور وطریقوں اور روایتی ادویات پر انحصار کم کرنے میں اس کے کردار کا جائزہ لیا جائے گا۔ مباحثوں میں ماحول دوست دواسازی کے طریقوں، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور روایتی علم کو جدید سائنسی تحقیق کے ساتھ مربوط کرنے کی اہمیت پر بھی توجہ دی جائے گی۔

گزشتہ برسوں کے دوران ہومیوپیتھی کو بھارت اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی پذیرائی حاصل ہوئی ہے، خصوصاً کمیونٹی ہیلتھ کیئر اور عوامی صحت کے اقدامات میں۔ آیوش کی وزارت اس کے فروغ کے لیے شواہد پر مبنی طریقہ کار، بہتر رسائی اور قومی صحت پروگراموں میں انضمام کے ذریعے مسلسل کام کر رہی ہے۔

عالمی یومِ ہومیوپیتھی 2026 سے توقع ہے کہ یہ روایتی نظامِ طب کے فروغ میں بھارت کی قیادت کو مزید مضبوط کرے گا اور ایک مضبوط، جامع اور پائیدار صحت کے نظام کی تشکیل کی کوششوں کو نئی رفتار دے گا۔

یہ تقریب مختلف شراکت داروں کے درمیان باہمی بات چیت، تعاون اور جدت کو فروغ دینے کا پلیٹ فارم بھی فراہم کرے گی، جس سے ایک ایسے مستقبل کی راہ ہموار ہوگی جہاں صحت کی دیکھ بھال نہ صرف مؤثر بلکہ منصفانہ، ماحول دوست اور پائیدار بھی ہوگی۔

 

*******

 

(ش ح  ۔ع ح ۔ ش ت)

U.No. 5605


(ریلیز آئی ڈی: 2250373) وزیٹر کاؤنٹر : 25