وزارت اطلاعات ونشریات
azadi ka amrit mahotsav

حکومت نے آن لائن گیمنگ ایکٹ 2025 نافذ کیا، ہر قسم کے آن لائن رقم والے کھیلوں پر پابندی، محفوظ ڈیجیٹل نظام کو فروغ

 حکومت نے ڈرافٹ آن لائن گیمنگ قوانین 2025 پر شراکت داروں سے رائے طلب کی گئی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 MAR 2026 4:14PM by PIB Delhi

 حکومت ملک میں محفوظ، ذمہ دار اور جوابدہ آن لائن گیمنگ نظام کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ اس سلسلے میں حکومت نے پروموشن اینڈ ریگولیشن آف آن لائن گیمنگ ایکٹ، 2025 نافذ کیا ہے، جس کا مقصد ای-اسپورٹس اور آن لائن سماجی کھیلوں میں جدت کو فروغ دینا اور آن لائن رقم سے متعلق کھیلوں پر پابندی عائد کرنا ہے۔

اس قانون کے تحت ہر قسم کے آن لائن رقم والے کھیلوں پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، چاہے وہ قسمت پر مبنی ہوں، مہارت پر یا دونوں کے امتزاج پر۔ اس کے علاوہ ایسے کھیلوں کی تشہیر، فروغ، سہولت فراہم کرنا اور ان سے متعلق مالی لین دین کو بینکوں یا ادائیگی کے نظام کے ذریعے انجام دینا بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ ایکٹ کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 کی دفعات کے مطابق غیر قانونی پلیٹ فارمز تک رسائی کو بلاک کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔

اس قانون میں خلاف ورزی پر سخت سزاؤں کا بھی تعین کیا گیا ہے۔ آن لائن رقم والے کھیلوں کی پیشکش یا ان سے متعلق مالی لین دین میں سہولت فراہم کرنے پر تین سال تک قید یا ایک کروڑ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔ دوبارہ یا بار بار خلاف ورزی کی صورت میں کم از کم تین سال سے پانچ سال تک قید اور ایک کروڑ سے دو کروڑ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ ایسے کھیلوں کی تشہیر پر دو سال تک قید یا پچاس لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں، جبکہ بار بار خلاف ورزی کی صورت میں دو سے تین سال تک قید اور پچاس لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ یہ ایکٹ ای-اسپورٹس اور آن لائن سماجی کھیلوں کی شناخت اور فروغ، آن لائن گیمنگ اتھارٹی آف انڈیا کے قیام، آن لائن کھیلوں کے شفاف رجسٹریشن نظام، صارفین کے لئے شکایات کے ازالے کے نظام اور ممنوعہ آن لائن رقم والے کھیلوں سے تحفظ کے لئے بھی دفعات فراہم کرتا ہے۔

قومی سطح کی آن لائن گیمنگ اتھارٹی مجاز کھیلوں کی درجہ بندی اور رجسٹریشن، کسی کھیل کے رقم پر مبنی ہونے یا نہ ہونے کا تعین، ضابطہ اخلاق جاری کرنے اور عوامی شکایات کے ازالے کی ذمہ دار ہوگی۔ اس مرکزی ریگولیٹری ادارے کے ذریعے حکومت کا مقصد مؤثر نگرانی، مربوط پالیسی تعاون اور ملک کو آن لائن گیمنگ کے شعبے میں عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانا ہے، جبکہ صارفین کے تحفظ اور قومی مفاد کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے 2 اکتوبر 2025 کو پروموشن اینڈ ریگولیشن آف آن لائن گیمنگ رولز، 2025 کا مسودہ عوامی مشاورت کے لئے جاری کیا ہے، جس کا مقصد اس قانون کو عملی شکل دینا ہے۔ حکومت نے عوام اور متعلقہ فریقین سے تجاویز طلب کی ہیں تاکہ قانون سازی کے عمل میں شمولیتی نقطۂ نظر کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ معلومات آج لوک سبھا میں جناب راؤ راجندر سنگھ کے سوال کے تحریری جواب میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و پارلیمانی امور ڈاکٹر ایل مرگن نے فراہم کی۔

 

 

************

                                                                                                                                                                            

ش ح ۔     م د    ۔  م  ص

(U : 4365   )


(ریلیز آئی ڈی: 2242069) وزیٹر کاؤنٹر : 9