وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

کولکاتا، مغربی بنگال میں ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کے موقع پر وزیر اعظم کی تقریر کا متن

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 14 MAR 2026 4:46PM by PIB Delhi

محترم گورنر جناب آر این روی جی،مرکز میں میرے ساتھی جناب شانتنو ٹھاکر جی، جناب سکانتا مجمدار جی،مغربی بنگال کے قائدِ حزبِ اختلاف جناب شوبھیندو ادھیکاری جی،پارلیمنٹ میں میرے ساتھی جناب شومک بھٹاچاریہ جی،دیگر عوامی نمائندگان، معزز خواتین و حضرات،

آج کولکاتا کی سرزمین سے مغربی بنگال اور مشرقی بھارت کی ترقی کا ایک نیا باب رقم کیا جا رہا ہے۔ سڑک، ریلوے اور بندرگاہی بنیادی ڈھانچے سے متعلق 18 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا گیا ہے اور ان کا افتتاح کیا گیا ہے۔ یہ منصوبے مغربی بنگال اور مشرقی بھارت کو نئی رفتار دیں گے، تجارت اور صنعت کو فروغ دیں گے اور لاکھوں لوگوں کی زندگی کو آسان بنائیں گے، انہیں نئے مواقع فراہم کریں گے۔ کھڑگپور–مورےگرام ایکسپریس وے کی تکمیل سے مغربی بنگال کے کئی حصوں میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔ دُبراج پور بائی پاس اور کانگساوتی اور شیلاؤتی ندیوں پر بننے والے بڑے پلوں سے رابطہ مزید بہتر ہوگا۔ میں ان منصوبوں کے لیے مغربی بنگال سمیت پورے مشرقی بھارت کے لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔

ساتھیو،

آج ملک میں ریلوے کو جدید بنانے کے لیے تیز رفتار مہم چل رہی ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ مغربی بنگال اس مہم میں پیچھے نہ رہے۔ اسی لیے مرکزی حکومت مغربی بنگال میں ریلوے بنیادی ڈھانچے کی تیز رفتار توسیع کے لیے کام کر رہی ہے۔ آج کلائی کنڈا اور کانی مہولی سیکشن میں آٹومیٹک بلاک سگنلنگ سسٹم کو بھی ملک  کے نام وقف کیا گیا ہے۔ اس سے مصروف ریلوے راستوں کی صلاحیت بڑھے گی، سفر زیادہ محفوظ ہوگا اور مسافروں کو رفتار اور سہولت دونوں میں اضافہ محسوس ہوگا۔

ساتھیو،

آج کاماکھیا گڑی، انارا، تملک، ہلدیا، برابھوم اور سیوڑی ان چھ اسٹیشنوں کو امرت اسٹیشن کے طور پر ملک کے نام وقف کیا گیا ہے۔ اب ان اسٹیشنوں پر بنگال کی عظیم ثقافت کی جھلک اور بھی نمایاں نظر آئے گی۔ اس کے علاوہ یہاں کئی دیگر اسٹیشنوں کی بھی ازسرِ نو تعمیر اور ترقی کا کام جاری ہے۔ پورولیا اور آنند وہار ٹرمینل کے درمیان نئی ایکسپریس ٹرین سروس کو بھی ہری جھنڈی دکھائی گئی ہے۔ اس ٹرین سروس سے مغربی بنگال کے ساتھ ساتھ جھارکھنڈ، بہار، اتر پردیش اور دلی کے لوگوں کو بھی فائدہ ہوگا۔

ساتھیو،

جس طرح سڑک اور ریلوے رابطہ اہم ہے، اسی طرح بندرگاہیں اور آبی نقل و حمل بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کئی دہائیوں تک مشرقی بھارت کی اس صلاحیت کو نظر انداز کیا گیا۔ لیکن آج آبی راستے تجارت اور صنعتی ترقی کے نئے راستے کھول رہے ہیں۔ اسی سمت میں آج بندرگاہی بنیادی ڈھانچے سے متعلق اہم منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا گیا اور ان کا افتتاح کیا گیا ہے۔ کولکاتا اور ہلدیا بندرگاہیں طویل عرصے سے مشرقی بھارت میں تجارت کے اہم مراکز رہی ہیں۔ ہلدیا ڈاک کمپلیکس کو جدید مشینری سے لیس کیا جا رہا ہے جس سے کارگو آپریشن تیز ہوگا، بندرگاہ کی صلاحیت بڑھے گی اور تجارت کے لیے نئی سہولیات پیدا ہوں گی۔ کولکاتا ڈاک سسٹم میں باسکول برج کی مرمت اور جدید کاری بھی کی جا رہی ہے۔ کھیدر پور ڈاک میں کارگو ہینڈلنگ کی صلاحیت بڑھانے پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔ ان تمام منصوبوں سے مشرقی بھارت کا لاجسٹک نظام مزید مضبوط ہوگا۔

ساتھیو،

سڑک، ریلوے اور بندرگاہ سے متعلق یہ نئے منصوبے مغربی بنگال کے جدید مستقبل کے لیے نئی راہیں کھول رہے ہیں۔ اس کا فائدہ کسانوں، تاجروں، صنعتکاروں، طلبہ اور ہر شہری کو ہوگا۔ سیاحت جیسے شعبوں میں بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ مقامی صنعت اور خدمات کے شعبے کو نئی رفتار ملے گی۔ ہمارا عزم ہے کہ جس طرح بنگال نے ہمیشہ بھارت کو سمت دکھائی ہے، اسی طرح بنگال ایک بار پھر’’وکست بنگال‘‘بن کر اپنا تاریخی وقار حاصل کرے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ مضبوط کنکٹی ویٹی  اور جدید بنیادی ڈھانچہ ترقی یافتہ بنگال کی بنیاد بنے گا۔

اسی امید اور نیک خواہشات کے ساتھ میں ایک بار پھر آپ سب کو ان ترقیاتی منصوبوں پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔ اب یہ سرکاری پروگرام مکمل ہوتے ہی میں کھلے میدان میں جاؤں گا، جہاں آج پورا بنگال جمع ہے۔ مجھے پورے بنگال کے لوگوں سے ملاقات کا موقع ملے گا اور وہاں عوام کے درمیان کئی اہم موضوعات پر گفتگو کروں گا۔ اس پروگرام کے لیے اتنا ہی کافی ہے۔

آپ سب کا بہت بہت شکریہ۔

بہت بہت نیک تمنائیں۔

****************

(ش ح –اع خ ۔ ر ا)

U. No: 4076


(ریلیز آئی ڈی: 2240187) وزیٹر کاؤنٹر : 9