جل شکتی وزارت
ڈی ڈی ڈبلیو ایس نے پانچ ریاستوں اور ایک مرکز کے زیرِ انتظام علاقے کے چھ جی پی ہیڈکوارٹر والے دیہات کے ساتھ اُن کی مقامی زبانوں میں کثیر لسانی سوجل گرام سمواد کے چوتھے ایڈیشن کا انعقاد کیا
دیہی برادریوں کے ساتھ مقامی زبان میں بات چیت 'جن بھاگیداری' اور کمیونٹی کی زیر قیادت آبی حکمرانی کو مضبوط کرتی ہے
سوجل گرام سمواد، دیہی باشندوں کوبہترین عملی مثالیں مقامی زبانوں میں شیئر کرنے کےلیے پلیٹ فارم فراہم کرتا ہےاور دیگر دیہی برادری کے ارکان کے درمیان سیکھنے کے باہمی عمل کو ممکن بناتا ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
24 FEB 2026 5:26PM by PIB Delhi
جل شکتی کی وزارت کے محکمہ برائے پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی نے آج ‘سوجل گرام سمواد’ کےچوتھے ایڈیشن کا کامیاب انعقاد کیا، جس کے ذریعے جل جیون مشن (جے جے ایم) کے تحت باہمی آبی حکمرانی اور برادری کی قیادت میں عمل درآمد کے لیے حکومت ہند کے عزم کو مزید مضبوط کیا گیا۔

اس ورچوئل بات چیت میں گرام پنچایتوں کے نمائندوں، ولیج واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمیٹی (وی ڈبلیو ایس سی) کے اراکین، کمیونٹی کے شرکاء، خواتین سیلف ہیلپ گروپس (ایس ایچ جیز)، طلبہ اور فرنٹ لائن اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس کے ساتھ ہی جل جیون مشن (جے جے ایم) کے ریاستی مشن ڈائریکٹرز، ضلع کلکٹروں/ضلع مجسٹریٹوں/ڈپٹی کمشنروں، ڈسٹرکٹ واٹر اینڈ سینی ٹیشن مشن (ڈی ڈبلیو ایس ایم) کے عہدیداروں اور ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے سینئر افسران بھی اس میں شریک ہوئے۔
سوجل گرام سمواد کے چوتھے ایڈیشن کے دوران 6 گرام پنچایت ہیڈکوارٹر دیہاتوں میں گاؤں کی سطح پر مکالمہ منعقد کیا گیا۔ اس اقدام میں تقریباً 2,000 شرکاء کی موجودگی ریکارڈ کی گئی، جو برادریوں اور سرکاری عہدیداروں کی مضبوط شمولیت کی عکاسی کرتی ہے۔ مزید برآں، گرام پنچایت کی سطح پر خواتین، بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں سمیت بڑی تعداد میں دیہاتیوں نے حصہ لیا، جس کے نتیجے میں مجموعی شرکت رجسٹرڈ تعداد سے کہیں زیادہ رہی۔
ڈی ڈی ڈبلیو ایس کے سکریٹری جناب اشوک کے۔ کے۔ ڈاکٹر مینا نے اپنے افتتاحی خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ جل جیون مشن نے دیہی ہندوستان میں پینے کے پانی کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر توجہ مرکوز کی ہے، لیکن اب سب سے اہم مرحلہ ان نظاموں کی پائیداری کو یقینی بنانا ہے۔ جسمانی بنیادی ڈھانچہ قائم ہو جانے کے بعد اصل ذمہ داری مضبوط آپریشن اور دیکھ بھال کے مؤثر طریقہ کار کے ذریعے گھروں کو باقاعدہ پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں ہے۔ پائیدار خدمات کی فراہمی اب مرکزی ترجیح ہونی چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پانی کی فراہمی کا انتظام بنیادی طور پر مقامی ذمہ داری ہے اور اسکیموں کی ملکیت سنبھالنے میں گرام پنچایتوں اور وی ڈبلیو ایس سی کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔ آئندہ پانی کی فراہمی کے نظام کو گرام پنچایتوں کے حوالے کرنے پر زیادہ زور دیا جائے گا تاکہ وہ مکمل اختیار کے ساتھ ان کا انتظام و انصرام کر سکیں۔ اس منتقلی کی حمایت کے لیے ڈسٹرکٹ ٹیکنیکل یونٹس (ڈی ٹی یوز) سمیت ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنایا جائے گا تاکہ ضروری تکنیکی اور آپریشنل معاونت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے جل سیوا انکلن کے ذریعے شفافیت اور جوابدہی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی، جس کے تحت گرام پنچایتیں سالانہ گرام سبھا کے سامنے پانی کی خدمات کی تفصیلات پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بڑی تعداد میں گرام پنچایتیں یہ عمل مکمل کر چکی ہیں اور کوشش جاری ہے کہ جلد باقی پنچایتیں بھی اسے انجام دیں۔
مزید برآں انہوں نے اعلان کیا کہ 8 سے 22 مارچ تک ملک گیر جل مہوتسو منایا جائے گا، جس کا آغاز عالمی یومِ خواتین سے ہوگا اور اختتام عالمی یومِ آب پر ہوگا۔ یہ مہم درج ذیل امور پر مرکوز ہوگی:
- جل ارپن دیوس کے ذریعے گرام پنچایتوں کو پانی کی فراہمی کے اثاثوں کی باضابطہ حوالگی
- پانی کے معیار کی جانچ اور نگرانی کو مضبوط بنانا
- گاؤں اور ضلع کی سطح پر ادارہ جاتی صلاحیت سازی
- کمیونٹی کی شرکت کے ذریعے محفوظ پینے کے پانی کو یقینی بنانا
انہوں نے ہر گاؤں میں پائیدار اور کمیونٹی کی قیادت میں پانی کی مؤثر حکمرانی کے لیے جل مہوتسو میں فعال شرکت کی ضرورت پر زور دیا۔

زمینی آوازیں
-1مغربی دامچیرا، شمالی تریپورہ، تریپورہ:
سمواد کا آغاز مغربی دامچیرا، شمالی تریپورہ میں کمیونٹی کے ساتھ مکالمے سے ہوا، جہاں وی ڈبلیو ایس سی کے اراکین، آشا کارکنان، آنگن واڑی ورکرز (اے ڈبلیو ڈبلیو)، پمپ آپریٹرز، ایف ٹی کے سے تربیت یافتہ خواتین اور دیگر کمیونٹی نمائندوں نے بنگالی زبان میں اپنے تجربات بیان کیے۔ انہوں نے بتایا کہ جل جیون مشن (جے جے ایم) سے پہلے وہ غیر فلٹر شدہ ذرائع جیسے پہاڑی ندیوں اور موسمی آبی ذخائر پر انحصار کرتے تھے، جس کے باعث پانی کی قلت اور آبی امراض عام تھے۔
کمیونٹی کے مطابق جے جے ایم کے تحت گھریلو نل کنکشن کی فراہمی سے ان کی روزمرہ زندگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، خصوصاً خواتین کو اب پانی لانے کے لیے طویل فاصلے طے نہیں کرنے پڑتے۔ پانی کی باقاعدہ فراہمی اور اس کے معیار کی مسلسل جانچ کے نتیجے میں بچوں میں اسہال اور اس سے متعلق دیگر بیماریوں میں واضح کمی آئی ہے۔
کمیونٹی نے یہ بھی بتایا کہ جل سیوا انکلن مکمل کیا جا چکا ہے، جس کے دوران تکنیکی ٹیم نے پائپ لائن کے رساؤ کو فوری طور پر دور کیا اور بغیر کسی تاخیر کے پانی کی معمول کی سپلائی بحال کر دی، جو مقامی سطح پر دیکھ بھال اور نگرانی کے مؤثر نظام کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرے واٹر کو گھریلو اور کمیونٹی سطح پر بنائے گئے سوکھنے والے گڑھوں کے ذریعے مؤثر انداز میں منظم کیا جا رہا ہے، جس سے گاؤں کے صاف ستھرے ماحول کو فروغ مل رہا ہے۔

2-سیڈراپیٹ، پڈوچیری، پڈوچیری:

سیڈراپیٹ کے کمیونٹی اراکین نے ڈی ڈی ڈبلیو ایس کے عہدیدار سے تمل زبان میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گاؤں نے تقریباً 6,700 کی آبادی کا احاطہ کرتے ہوئے تمام 1,248 گھروں تک معیاری پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سو فیصد فنکشنل ہاؤس ہولڈ ٹیپ کنکشن (ایف ایچ ٹی سی) حاصل کر لیے ہیں۔ پینے کے پانی کی سپلائی کا نظام مکمل طور پر فعال ہے اور مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے۔
پنچایت نے پانی کا مضبوط بنیادی ڈھانچہ قائم کیا ہے، جس میں 5,000 لیٹر کا اوورہیڈ ٹینک، سات بورویل اور 24 فعال ڈسٹری بیوشن کنکشن شامل ہیں۔ ان تمام کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے تاکہ خدمات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ روزمرہ کے آپریشنز کا انتظام پنچایت کی سطح پر مقرر کردہ پمپ آپریٹرز کے ذریعے کیا جاتا ہے۔
پانی کے معیار کی باقاعدگی سے جانچ کی جاتی ہے تاکہ ہر گھر تک محفوظ اور پینے کے قابل پانی پہنچے۔ اس کے ساتھ ایک مؤثر اور جوابدہ شکایات کے ازالے کا نظام بھی موجود ہے۔
3-پلیمامیڈی، رنگاریڈی، تلنگانہ

ڈی ڈی ڈبلیو ایس کے عہدیداروں کے ساتھ گفتگو کے دوران تلنگانہ کے پلیمامیڈی کے دیہاتیوں نے مقامی تیلگو زبان میں بتایا کہ گرام پنچایت نے محفوظ اور معیاری پینے کے پانی کی باقاعدہ فراہمی کے ساتھ تمام گھروں، اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز تک نل کے پانی کی سو فیصد رسائی حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں میں جل ارپن اور جل سیوا انکلن دونوں سرگرمیاں مکمل ہو چکی ہیں اور آئندہ جل ارپن تقریب کے انعقاد کی تیاریاں جل مہوتسو کے تحت جاری ہیں۔ کمیونٹی نے یہ بھی واضح کیا کہ اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز میں بیت الخلاء اور ہاتھ دھونے کے مقامات پر نل کے کنکشن فراہم کیے گئے ہیں، جس سے بچوں کے لیے بہتر حفظانِ صحت کی سہولیات میسر آئی ہیں۔ پانی کے پینے کے قابل اور محفوظ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ سطح پر پانی کے معیار کی باقاعدہ جانچ کی جا رہی ہے۔
-4نگوپوک پوکڈم، مشرقی سیانگ، اروناچل پردیش:
نگوپوک کی کمیونٹی نے ڈی او ڈبلیو آر کے عہدیدار کے ساتھ مقامی آدی زبان میں اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ جل جیون مشن کے تحت تمام مشترکہ کام مکمل ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں کششِ ثقل پر مبنی پانی کی فراہمی کے نظام کے ذریعے پانچ بستیوں کے تمام 330 گھروں کو صاف اور پینے کے قابل پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ نگوپوک ضلع کی پہلی پنچایت بن گئی ہے جہاں 24×7 باقاعدہ اور قابلِ اعتماد پانی کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے، اور یہ گاؤں ہر گھر جل سے بھی سند یافتہ ہے۔
پنچایت نے کمیونٹی کی قیادت میں مضبوط آپریشن اور دیکھ بھال کے نظام کو اجاگر کیا، جس میں ایک فعال وی ڈبلیو ایس سی، تربیت یافتہ “نل جل متر”، اور پانی کے معیار کی باقاعدہ جانچ کرنے والی دس ہنر مند خواتین شامل ہیں۔ کمیونٹی کے مطابق باقاعدہ آئی ای سی سرگرمیاں، مناسب رجسٹروں کے ساتھ یوزر چارج کی وصولی اور گھر گھر بیداری مہم نے نظام کی پائیداری کو یقینی بنایا ہے۔ گرام سبھا سے منظور شدہ 50 روپے فی گھرانہ اور تجارتی اداروں کے لیے 200 روپے ماہانہ ٹیرف آپریشن و مینٹیننس کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ صفائی کے شرم دان، ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں کی دیکھ بھال اور آبی ذرائع کے تحفظ میں کمیونٹی کی بھرپور شرکت پنچایت کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قریب گندگی پھیلانے پر سخت جرمانے اور ذرائع کے باقاعدہ معائنے پانی کے نظام کے تحفظ اور طویل مدتی پائیداری کو یقینی بناتے ہیں۔

-5مؤتاور، مشرقی خاصی ہلز(پہاڑیاں)، میگھالیہ:
مؤتاور کے سرپنچ نے انگریزی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہاڑی اور بلند علاقوں میں پانی کی فراہمی طویل عرصے سے ایک بڑا چیلنج رہی ہے۔ جل جیون مشن سے قبل گاؤں کی خواتین روزانہ 1 سے 3 گھنٹے دریاؤں اور کنوؤں سے پانی لانے میں صرف کرتی تھیں اور خشک موسم میں لمبی قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتا تھا۔ مشن کے نفاذ کے بعد کششِ ثقل پر مبنی تقسیم کو ممکن بنانے کے لیے بلند ذخیرہ ٹینک تعمیر کیے گئے، جس سے ہر گھر میں باقاعدہ نل کے پانی کی فراہمی ممکن ہوئی۔ اس سے جسمانی مشقت میں کمی، وقت کی بچت اور خصوصاً خواتین کے لیے وقار اور سہولت میں اضافہ ہوا۔
گاؤں کی قیادت نے بتایا کہ پانی کے معیار کی یقین دہانی خدمات کا لازمی حصہ بن چکی ہے۔ تربیت یافتہ چار خواتین، آشا اور آنگن واڑی کارکنان سال میں کم از کم تین مرتبہ پانی کی جانچ کرتی ہیں۔ وی ڈبلیو ایس سی تقسیم کے انتظام، معیار کی نگرانی، بیداری مہم اور شکایات کے ازالے میں فعال کردار ادا کرتی ہے۔ چھوٹے مسائل جیسے رساؤ مقامی سطح پر حل کیے جاتے ہیں جبکہ بڑے مسائل فوری طور پر پی ایچ ای ڈی کو اطلاع دی جاتی ہے، جو مضبوط کمیونٹی ملکیت اور مؤثر دیہی آبی نظم و نسق کی علامت ہے۔

-6کنومل، کوزی کوڈ، کیرالہ:
کیرالہ کے ضلع کوزی کوڈ کی کنومل گرام پنچایت سے جل جیون مشن کے منتخب نمائندوں اور مستفیدین نے ملیالم زبان میں اپنے تجربات بیان کیے۔ انہوں نے بتایا کہ مشن سے پہلے گرمیوں میں پنچایت کو ٹینکر کے پانی پر انحصار کرنا پڑتا تھا، لیکن اب گھروں کو سال بھر صاف پینے کا پانی مل رہا ہے اور پنچایت نے 24×7 پانی کی فراہمی کے ساتھ مؤثر طور پر خود کفالت حاصل کر لی ہے۔ کمیونٹی نے یہ بھی بتایا کہ مقامی تربیت یافتہ رضاکاروں کی ایک ٹیم پانی کے معیار کی بروقت جانچ کرتی ہے تاکہ فراہمی محفوظ اور قابلِ اعتماد رہے۔
کوزی کوڈکے سب کلکٹر نے بھی گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے ضلع بھر میں پانی کی فراہمی اور خدمات کی ضروریات کو حقیقی وقت میں ٹریک کرنے کے لیے واٹس ایپ پر مبنی نگرانی کے نظام کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ مزید پنچایتوں کو ہر گھر جل سند یافتہ بنانے کے لیے سرگرم کوششیں جاری ہیں، جو صاف پینے کے پانی تک عالمگیر رسائی اور مقامی سطح پر خدمات کی فراہمی کے نظام کو مضبوط کرنے کے لیے کیرالہ کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

اپنے اختتامی کلمات اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر گفتگو کرتے ہوئے اے ایس اینڈ ایم ڈی، این جے جے ایم، جناب کمل کشور سون نے تفصیلی پریزنٹیشن کو سراہا اور پنچایتوں اور ضلعی حکام کی جانب سے کی جانے والی جامع کاوشوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے شراکتی نقطۂ نظر، جل جیون کلب جیسے بیداری کے اقدامات کے انضمام اور مؤثر و جوابدہ شکایات کے ازالے کے نظام کے قیام کی تعریف کی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد صرف بہترین طریقوں کو پیش کرنا نہیں بلکہ چیلنجوں پر کھلے انداز میں تبادلۂ خیال کرنا بھی ہے، تاکہ اجتماعی طور پر ان کا حل نکالا جا سکے اور بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے آئندہ منعقد ہونے والے جل مہوتسو (8 تا 22 مارچ) کا بھی ذکر کیا اور گرام پنچایتوں کو ترغیب دی کہ وہ اس میں بھرپور شرکت کریں اور اسے کمیونٹی کی ملکیت کو مضبوط بنانے، پانی کی خدمات کی فراہمی کو ادارہ جاتی شکل دینے اور پانی کے معیار کی نگرانی کی کوششوں کو مزید وسعت دینے کے ایک مؤثر موقع کے طور پر استعمال کریں۔
انہوں نے ان بہترین طریقوں کو مزید وسعت دینے اور زیادہ سے زیادہ پنچایتوں کو اس عمل میں شامل کرنے کی مسلسل کوششوں کی حوصلہ افزائی کی، تاکہ شفافیت، کمیونٹی کی شمولیت اور جوابدہی پر مبنی ایسے ماڈلز کو دیگر علاقوں میں بھی دہرایا جا سکے۔

پروگرام کا آغاز ڈاکٹر انکیتا چکرورتی، ڈپٹی سکریٹری، این جے جے ایم نے کیا، جنہوں نے تمام شرکاء کا خیرمقدم کیا اور سوجل گرام سمواد کے چوتھے ایڈیشن کے مقصد پر مختصر روشنی ڈالی۔ پروگرام کے کامیاب اختتام پر جناب وائی۔ کے۔ سنگھ، ڈائریکٹر، این جے جے ایم نے شکریہ ادا کیا۔
چوتھے ایڈیشن کی مکمل گفتگو یہاں دیکھی جا سکتی ہے:
وزارتِ جل شکتی – نیشنل انفارمیٹکس سینٹر، حکومتِ ہند کی ویب کاسٹ سروسز۔
***
UR-2980
(ش ح۔اس ک )
(ریلیز آئی ڈی: 2232386)
وزیٹر کاؤنٹر : 12