بھارتی چناؤ کمیشن
azadi ka amrit mahotsav

بھارتی انتخابی کمیشن (ای سی آئی) اور ریاستی الیکشن کمشنرز کی قومی گول میز کانفرنس منگل کو منعقد کی جائے گی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 22 FEB 2026 11:59AM by PIB Delhi
  1. بھارتی انتخابی کمیشن منگل، 24 فروری 2026 کو بھارت منڈپم، نئی دہلی میں الیکشن کمیشن آف انڈیا اور ریاستی الیکشن کمشنروں کی قومی مجلسِ مذاکرہ منعقد کرے گا۔ یہ مجلس 27 برس کے طویل وقفے کے بعد بلائی جا رہی ہے۔ اس نوعیت کی آخری مجلس 1999 میں منعقد ہوئی تھی۔
  2. اس مجلس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر جناب گیانیش کمار کریں گے، جبکہ الیکشن کمشنرز ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو اور ڈاکٹر وویک جوشی بھی شریک ہوں گے۔
  3. تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے ریاستی الیکشن کمشنر اپنے قانونی اور فنی ماہرین کے ساتھ اس مجلس میں حصہ لیں گے۔ مزید برآں، تمام 36 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے چیف انتخابی افسران بھی شرکت کریں گے۔
  4. اس مجلس کا بنیادی مقصد انتخابی عمل اور انتظامی اُمور کے سلسلے میں اپنے اپنے قانونی دائرۂ اختیار کے اندر الیکشن کمیشن آف انڈیا اور ریاستی الیکشن کمیشنوں کے درمیان باہمی ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔ توقع ہے کہ یہ مجلس تعمیری تبادلۂ خیال کا مؤثر موقع فراہم کرے گی اور انتخابی نظم و نسق میں اشتراکی وفاقیت کے جذبے کو تقویت دے گی۔
  5. دن بھر جاری رہنے والی اس مجلس میں فنی وسائل کے اشتراک، الیکٹرانک رائے دہی مشینوں اور انتخابی فہرستوں کے تبادلے کے ساتھ ساتھ انتخابی طریقِ کار کو مزید مستحکم بنانے پر گفتگو کی جائے گی۔
  6. کمیشن کے اعلیٰ حکام اہم فنی اور عملی اقدامات پر تفصیلی بیانات پیش کریں گے، جن میں حال ہی میں شروع کیا گیا ای سی آئی نیٹ ڈیجیٹل نظام بھی شامل ہے، جس کی مدد سے انتخابی خدمات کو زیادہ منظم اور مؤثر بنانے کی صلاحیت اجاگر کی جائے گی۔
  7. اسی طرح الیکٹرانک رائے دہی مشینوں کی مضبوطی، شفافیت اور حفاظتی انتظامات پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔
  8. ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے لحاظ سے ووٹروں کی اہلیت کا تقابلی جائزہ، عوامی نمائندگی قانون 1950 کے تناظر میں پیش کیا جائے گا، تاکہ انتخابی فہرستوں کی تیاری سے متعلق قانونی اُصولوں پر سنجیدہ اور بامعنی غور و خوض ممکن ہو سکے۔
  9. ریاستی الیکشن کمیشن متعلقہ ریاستی قوانین کے تحت، آئینِ ہند کی 73ویں اور 74ویں ترامیم کے اختیار بخش ضوابط کے مطابق قائم کیے گئے ہیں۔ آئین کی دفعہ 243K اور 243ZA کے تحت انہیں پنچایتوں اور بلدیاتی اداروں کے انتخابات کے لیے انتخابی فہرستوں کی تیاری اور تمام انتخابات کے انعقاد کی نگرانی، رہنمائی اور اختیار حاصل ہے۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-2868


(ریلیز آئی ڈی: 2231464) وزیٹر کاؤنٹر : 15