وزیراعظم کا دفتر
جمہوریہ سیشلز کے صدر ڈاکٹر پیٹرک ہرمائنی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے خطاب کا متن
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 FEB 2026 2:15PM by PIB Delhi
عزت مآب ، ڈاکٹر پیٹرک ہرمائنی،
دونوں ممالک کے مندوبین ،
میڈیا کے ساتھیو ،
نمسکار ،
صدر ہرمائنی اور ان کے وفد کا ، بھارت میں خیرمقدم کرتے ہوئے مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔
سیشلز کے صدر کے طور پر منتخب ہونے پر میں انہیں 140 کروڑ بھارتیوں کی طرف سے دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
صدر کے طور پر یہ ان کا بھارت کا پہلا دورہ ہے۔ یہ دورہ ایسے خوشگوار سال میں ہو رہا ہے ، جب سیشلز کا 50 واں یومِ آزادی اور ہمارے سفارتی تعلقات کی 50 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ سنگ میل ہمیں مسلسل نئی بلندیوں حاصل کرنے کے تئیں تحریک دیتے رہیں گے۔
ساتھیو ،
بھارت اور سیشلز کے تعلقات صرف سفارتی رابطوں تک محدود نہیں ہیں۔ بحرِ ہند کی لہریں صدیوں سے ہمارے لوگوں کو جوڑتی آئی ہیں۔ ان کے ساحلوں پر دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوا ، ثقافتیں ملیں اور اعتماد کی روایتیں مضبوط ہوئیں۔
بھارت اور سیشلز صرف جغرافیائی اعتبار سے ہی نہیں جڑے، بلکہ تاریخ، اعتماد اور مستقبل کے لیے مشترکہ ویژن سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔
ہمارا تعلق ماضی، حال اور مستقبل کا ہے۔ ایک بحری ہمسایہ اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر سیشلز، بھارت کے مہا ساگر ویژن کا لازمی جزو ہے۔ ہمارا تعاون سمندر ، زمین اور ہوا سب کو مربوط کرتا ہے۔
آج کی بات چیت میں ، ہم نے اس شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کا راستہ ہموار کیا۔ ہم اپنے اقتصادی تعاون کو اور مضبوط بنانے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے پر متفق ہیں۔
مقامی کرنسیوں میں تجارت بڑھانے کے ساتھ ساتھ ہم فِن ٹیک اور ڈیجیٹل حل کے میدان میں بھی آگے بڑھیں گے۔
ترقیاتی شراکت داری بھارت–سیشلز تعلقات کی مضبوط بنیاد رہی ہے۔ ہمارے تمام اقدامات سیشلز کی ترجیحات اور ضروریات پر مبنی رہے ہیں۔ اس سمت میں آگے بڑھتے ہوئے آج ہم 175 ملین ڈالر کے خصوصی اقتصادی پیکیج کا اعلان کر رہے ہیں۔ یہ پیکیج سوشل ہاؤسنگ، ای-موبیلیٹی، پیشہ ورانہ تربیت، صحت، دفاع اور سمندری سکیورٹی جیسے شعبوں میں عملی منصوبوں کو تعاون فراہم کرے گا۔ ان اقدامات سے سیشلز کے لوگوں، خاص طور پر نوجوانوں کے لیے ملازمت اور مہارت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
سیشلز کی صلاحیت سازی میں ، بھارت کے آئی ٹی ای سی پروگرام کا اہم کردار رہا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ آج سول سروسز کے اہلکاروں کی بھارت میں تربیت کے لیے مفاہمت نامہ کیا جا رہا ہے۔
ٹیکنالوجی کے شعبے میں ، قریبی تعاون سے ہم اپنے تعاون کو مستقبل پر مبنی سمت دے رہے ہیں۔ آج ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پر مفاہمت نامہ ہو رہا ہے۔ اس کے تحت ، ہم بھارت کے کامیاب تجربے کا سیشلز کے ساتھ اشتراک کریں گے۔
صحت کے شعبے میں ، بھارت سیشلز کے لیے ایک مستحکم اور قابل اعتماد شراکت دار رہا ہے۔ معقول قیمت اور معیاری دوائیں، میڈیکل ٹورزم اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ہم سیشلز کے ساتھ مل کر آگے بڑھیں گے۔
توانائی اور ماحولیاتی شعبے میں ہمارا تعاون پائیدار ترقی کے مشترکہ عزم سے تحریک یافتہ ہے۔ ہم قابل تجدید توانائی، استحکام اور آب و ہوا سے متعلق ساز گار حل پر اپنے تعاون کو مزید توسیع دیں گے۔
ساتھیو ،
بحری ہمسایہ کے طور پر سمندری معیشت ہمارے لیے فطری تعاون کا شعبہ ہے۔ ہم بحری تحقیق ، صلاحیت سازی ، ڈیٹا شیئرنگ جیسے شعبوں میں بھارت کی مہارت کا سیشلز کے ساتھ اشتراک کریں گے۔
دفاعی تعاون اور سمندری سکیورٹی ہماری شراکت داری کے اہم ستون ہیں۔ کولمبو سکیورٹی کانکلیو میں مکمل رکن کے طور پر ہم سیشلز کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اس سے ہماری باہمی ہم آہنگی مستحکم ہوگی اور بحرِ ہند میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کی کوششوں کو تقویت حاصل ہو گی۔
ہم مل کر نہ صرف دو طرفہ تعاون کو بلکہ بحرِ ہند کے لیے مشترکہ مستقبل کو بھی تشکیل دیں گے۔
ساتھیو ،
بھارت–سیشلز تعلقات کی سب سے بڑی طاقت ہمارے عوام سے عوام کے درمیان رابطے ہیں۔ سیشلز میں مقیم بھارتی برادری نے سیشلز کی سماجی اور اقتصادی زندگی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ساتھ ہی ، انہوں نے ہماری دوستی کو نسل در نسل مضبوط بھی کیا ہے۔
آج ہم نے سیاحت، تعلیم، ثقافت اور کھیل کے ذریعے ، ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ ہم دونوں ممالک کے نوجوانوں کے درمیان تبادلہ اور روابط بڑھانے پر خاص زور دیں گے۔
ساتھیو ،
آج کی میٹنگ سے یہ واضح ہے کہ بھارت اور سیشلز کی شراکت داری ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ تمام شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے آج ہم بھارت – سیشلز مشترکہ ویژن جاری کرنے جا رہے ہیں۔ یہ ویژن آنے والے برسوں میں ہمارے تعاون کا روڈ میپ بنے گا۔
عزت مآب صدر ،
میں ایک بار پھر آپ کی بھارت آمد اور بھارت کے لیے آپ کی پائیدار دوستی اور وابستگی کے لیے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
بہت بہت شکریہ۔
.............
) ش ح – م ع - ع ا )
U.No. 1944
(ریلیز آئی ڈی: 2225409)
وزیٹر کاؤنٹر : 8