ریلوے کی وزارت
بھارتی ریلوے نے حفاظتی نظام کوَچ 4.0 کی توسیع تیزکی، تین سیکشن میں 472 کلومیٹر روٹ پرشروعات
ایک ہی دن میں کوَچ کی اب تک کی سب سے زیادہ کمیشننگ کا ریکارڈ قائم
وڈودرا–ویرار (344 کلومیٹر)، تُغلق آباد جنکشن کیبن–پلوَل (35 کلومیٹر) اور مانپور–سرماٹانڑ (93.3 کلومیٹر) سیکشنز پر کوَچ 4.0 کی شروعات ہوئی
کوَچ 4.0 اب بھارتی ریلوے کے پانچ زونز میں 1,300 سے زائد روٹ کلومیٹرکا احاطہ کر رہا ہے
प्रविष्टि तिथि:
30 JAN 2026 8:06PM by PIB Delhi
بھارتی ریلویز نے آج اپنے نیٹ ورک کے تین سیکشن میں 472.3 روٹ کلومیٹر پر مشتمل 'کوَچ ' ورژن 4.0 (ٹرینوں کا خودکار حفاظتی نظام) شروع کیا ہے، جو ریل کی حفاظت کو مضبوط بنانے میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔ نئے شروع کیے گئے سیکشن میں مغربی ریلوے پر وڈودرا–ویرار (344 کلومیٹر)، شمالی ریلوے پر تغلق آباد جنکشن کیبن–پلول (35 کلومیٹر)، اور ایسٹ سنٹرل ریلوے پر مان پور–سرماٹانڑ (93.3 کلومیٹر) شامل ہیں۔
اس آغاز کے ساتھ، ہندوستان کی ریلوے نے زیادہ ٹریفک والے راستوں پر ٹرینوں کے تحفظ، آپریشنل حفاظت اور بھروسہ مندی کو بڑھانے کے لیے دیسی 'کوَچ ' سسٹم کی تنصیب کو تیز کرنا جاری رکھا ہوا ہے۔

یہ کمیشننگ ایک ہی دن اور ایک ہی مہینے میں کوَچ کے سب سے زیادہ روٹ کلومیٹر شروع کرنے کا ریکارڈ ہے، جس میں 472.3 روٹ کلومیٹر کو کوَچ ورژن 4.0 کے تحت لایا گیا ہے۔ اس سے قبل سب سے زیادہ کمیشننگ ویسٹ سنٹرل ریلوے کے کوٹا–متھرا سیکشن پر 324 روٹ کلومیٹر تھی۔ اس تازہ ترین اضافے کے ساتھ، کوَچ ورژن 4.0 اب بھارتی ریلویز کے پانچ زونوں میں شروع کیا جا چکا ہے۔
آج کی کمیشننگ کے بعد، بھارتی ریلویز میں کل 1,306.3 روٹ کلومیٹر پر کوَچ ورژن 4.0 شروع کیا جا چکا ہے۔ اس سے پہلے، کوَچ ورژن 4.0 کو 834 روٹ کلومیٹر پر شروع کیا گیا تھا۔ اس میں دہلی–ممبئی روٹ کا پلول–متھرا–ناگدہ سیکشن (633 روٹ کلومیٹر) اور دہلی–ہاوڑہ روٹ کا ہاوڑہ–بردھمان سیکشن (105 روٹ کلومیٹر) شامل تھا۔ اس کے علاوہ گجرات کے پہلے باجوہ (وڈودرا)–احمد آباد سیکشن پر 96 روٹ کلومیٹرکی شروعات ہوئی تھی ۔

شمالی ریلوے پر کوَچ 4.0 کے نفاذ کی پیش رفت
بھارتی ریلویز نے دہلی–ممبئی چار لائنوں والے روٹ کے 35 کلومیٹر طویل تغلق آباد جنکشن کیبن–پلول سیکشن پر کوَچ 4.0 کو کامیابی کے ساتھ شروع کر دیا ہے، جو کہ مین لائن کے 152 ٹریک کلومیٹر پر محیط ہے۔ اس راہداری کے ایک مکمل حصے میں کوَچ نصب کیا گیا ہے جس میں بڑے اسٹیشن یارڈز، خودکار سگنلنگ سسٹم والی دو مین لائنیں اور 'ایبسولیوٹ بلاک سگنلنگ' والی دو لائنیں شامل ہیں۔
یہ شروعات بھارتی ریلویز کی مصروف ترین اور زیادہ گنجانیت والی راہداریوں میں سے ایک پر حفاظت کی ایک اہم اپ گریڈ ہے، جو دہلی کے مضافاتی اور طویل فاصلے کے ریل نیٹ ورک کا احاطہ کرتی ہے۔ یہ سیکشن مسافر، مضافاتی اور مال بردار ٹرینوں کی آمد و رفت کے لیے ایک انتہائی مصروف راستہ ہے۔ اس سیکشن پر کوَچ کا آغاز آپریشنل حفاظت، بھروسہ مندی اور مسافروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ کرتا ہے۔
ایسٹ سنٹرل ریلوے پر کوَچ 4.0 کے نفاذ کی پیش رفت
بھارتی ریلویز نے ڈی ڈی یو جی جے–پنڈت دین دیال اپادھیائے ڈویژن کے 93.3 کلومیٹر طویل مان پور–سرماٹانڑ سیکشن پر بھی کوَچ 4.0 کے ساتھ ٹرین آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔ کوَچ سے لیس پہلی سروس، ٹرین نمبر 13305 سہسرام انٹرسٹی ایکسپریس، اس سیکشن پر کامیابی سے چلائی گئی، جو سون نگر سے 07:42 بجے روانہ ہوئی اور 09:35 بجے مان پور پہنچی۔ اس سفر کے دوران، آمنے سامنے کے تصادم کا تجربہ کیا گیا، جس میں ٹرین خود بخود رک گئی، جس سے سسٹم کے موثرہونے کی تصدیق ہوئی۔
کوَچ کو ایسٹ سنٹرل ریلوے کے 4,235 روٹ کلومیٹر پر نصب کیا جا رہا ہے، جس میں پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن–مان پور سیکشن کے 417 روٹ کلومیٹر شامل ہیں، جو اتر پردیش، بہار اور جھارکھنڈ سے گزرنے والے دہلی–ہاوڑہ ٹرنک روٹ کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس سیکشن پر مخلوط ٹریفک چلتی ہے اور فی الحال اسے 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے لیے کلیئر کیا گیا ہے، جبکہ 'مشن رفتار' کے تحت رفتار کی صلاحیت کو 160 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھانے کے لیے کام جاری ہے۔
مغربی ریلوے پر کوَچ 4.0 کے نفاذ کی پیش رفت
دہلی-ممبئی روٹ پر وڈودرا–سورت–ویرار سیکشن پر کام جنوری 2023 میں شروع ہوا تھا، اور 30 جنوری 2026 کو، کوَچ اس 344 کلومیٹر طویل سیکشن پر کامیابی کے ساتھ شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ تاریخی سنگ میل ٹرین نمبر 20907، دادرا–بُھج سیاجی نگری ایکسپریس کے ساتھ حاصل کیا گیا، جو ممبئی سے چلنے والی پہلی کوَچ سے لیس ٹرین بن گئی۔

وڈودرا–ناگدہ سیکشن پر کام تیز رفتار سے جاری ہے اور توقع ہے کہ یہ مارچ 2026 تک شروع ہو جائے گا، جبکہ ویرار–ممبئی سینٹرل سیکشن پر بھی کام اچھی طرح آگے بڑھ رہا ہے اور ستمبر 2026 تک اس کی تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، انجنوں پر کوَچ کی تنصیب کا کام مستقل طور پر جاری ہے، اور اب تک مغربی ریلوے کے 364 انجن کوَچ سے لیس کیے جا چکے ہیں۔ مزید برآں، مغربی ریلوے کے کئی دوسرے سیکشن پر کام کی منظوری دی گئی ہے، جو کل 2,667 روٹ کلومیٹر پر محیط ہے، اور تمام منظور شدہ سیکشن پر کام جاری ہے۔
کو َچ کے بارے میں
کوَچ ورژن 4.0، ہندوستان کے دیسی خودکار ٹرین حفاظتی نظام کا تازہ ترین اور جدید ترین ورژن ہے، جسے آپریشنل فیڈ بیک اور آزادانہ حفاظتی جائزوں کی بنیاد پر مسلسل تکنیکی اپ گریڈ کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔ 'ریسرچ ڈیزائنز اینڈ اسٹینڈرڈز آرگنائزیشن' سے منظور شدہ، کوَچ 4.0 ریلوے کی حفاظت میں ایک بڑی پیش رفت کی نمائندگی کرتا ہے۔
یہ خاص طور پر ہندوستان کے متنوع، زیادہ مصروف اور کثیر لائن ریل نیٹ ورک کی آپریشنل ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جو بہتر بھروسہ مندی، تیز رفتار ردعمل، اور موجودہ سگنلنگ اور انٹرلاکنگ سسٹمز کے ساتھ ہم آہنگی فراہم کرتا ہے۔ عالمی حفاظتی معیارات پر پورا اترنے کے لیے ایک آزاد سیفٹی اسیسر سے تصدیق شدہ، کوَچ 4.0 بھارتی ریلویز میں بڑے پیمانے پر تنصیب کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
کوَچ مائیکرو پروسیسرز، گلوبل پوزیشننگ سسٹم اور ریڈیو کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کا استعمال کرتا ہے تاکہ ٹرین کے محفوظ آپریشن کو یقینی بنایا جا سکے۔ جب اسی ٹریک پر ایک پہلے سے طے شدہ فاصلے کے اندر دوسری ٹرین کا پتہ چلتا ہے، تو یہ نظام لوکوموٹیو پائلٹ کو الرٹ کرتا ہے اور ضرورت پڑنے پر آن بورڈ آلات کے ذریعے خود بخود بریک لگا دیتا ہے۔
کوَچ 'سگنل پاسنگ ایٹ ڈینجر' کے خلاف خودکار تحفظ فراہم کرتا ہے اور پہلو، آمنے سامنے اور پیچھے سے ہونے والے تصادم کو مؤثر طریقے سے روکتا ہے۔ یہ زیادہ رفتار کی بھی مسلسل نگرانی اور کنٹرول کرتا ہے، جس سے کم بصارت اور خراب موسمی حالات میں بھی محفوظ آپریشن یقینی ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ، یہ نظام غلط سمت اور ریورس نقل و حرکت کے دوران الرٹ کرتا ہے اور لیول کراسنگ گیٹس کے بارے میں خودکار معلومات فراہم کرتا ہے۔
کوَچ 'ایس آئی ایل-4' حفاظتی معیارات کی تعمیل کرتا ہے، جو عالمی سطح پر حفاظتی سالمیت کا اعلیٰ ترین درجہ ہے۔ مقامی طور پر ڈیزائن کیا گیا اور کم لاگت والا نظام ہونے کی وجہ سے، یہ درآمد شدہ ٹیکنالوجیز پر انحصار کم کرتا ہے اور ہندوستان کی سگنلنگ انڈسٹری کو فروغ دیتا ہے۔
بھارتی ریلویز بتدریج کوَچ کے دائرہ کار کو بڑھا رہی ہے، جو لاکھوں مسافروں کے لیے محفوظ اور قابل بھروسہ ریل سفر کے عزم کو تقویت دیتی ہے۔ یہ کمیشننگ ایک محفوظ، بہتر اور خود کفیل بھارتی ریلویز کی جانب ایک اور قدم ہے۔
************
ش ح ۔ ف ا ۔ م ص
(U : 1337 )
(रिलीज़ आईडी: 2221109)
आगंतुक पटल : 5