وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر  اعظم 17 اور 18 جنوری کو مغربی بنگال کا دورہ کریں گے


وزیر اعظم 17 جنوری کو مالدہ میں 3,250 کروڑ روپے سے زائد لاگت کے مختلف ریل اور سڑک منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور سنگِ بنیاد رکھیں گے

وزیر  اعظم ہاوڑہ اور گوہاٹی (کاماکھیا) کے درمیان بھارت کی پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے

مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ وندے بھارت سلیپر ٹرین طویل فاصلے کے سفر کے لیے جدید، آرام دہ اور کم خرچ سہولت فراہم کرے گی

وزیر  اعظم ہگلی ضلع کے سنگور میں 830 کروڑ روپے سے زائد لاگت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے، سنگِ بنیاد رکھیں گے اور ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائیں گے

وزیر اعظم بالاگڑھ میں ایکسٹینڈڈ پورٹ گیٹ سسٹم کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، جس سے اندرونی آبی نقل و حمل اور علاقائی رابطے کو فروغ ملے گا

وزیر اعظم 7 امرت بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائیں گے، جس سے مغربی بنگال کا دیگر ریاستوں کے ساتھ ریل رابطہ مزید مضبوط ہوگا

प्रविष्टि तिथि: 16 JAN 2026 1:55PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی 17 اور 18 جنوری، 2026 کو مغربی بنگال کا دورہ کریں گے۔

17 جنوری کو تقریباً دوپہر 12:45 بجے وزیرِ اعظم مالدہ جائیں گے اور مالدہ ٹاؤن ریلوے اسٹیشن پر ہاوڑہ اور گوہاٹی (کاماکھیا) کے درمیان بھارت کی پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ اس کے بعد تقریباً 1:45 بجے وزیرِ اعظم عوامی تقریب میں 3,250 کروڑ روپے سے زائد لاگت کے متعدد ریل اور سڑک کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو قوم کے نام وقف کریں گے اور ان کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔

18 جنوری کو تقریباً سہ پہر 3 بجے وزیرِ اعظم ہگلی ضلع کے سنگور میں تقریباً 830 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے، سنگِ بنیاد رکھیں گے اور انہیں ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔

وزیرِ اعظم مالدہ میں

وزیرِ اعظم مالدہ جائیں گے اور 3,250 کروڑ روپے سے زائد لاگت کے متعدد ریل اور سڑک کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو قوم کے نام وقف کریں گے اور ان کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، جن کا مقصد مغربی بنگال اور شمال مشرقی خطے میں رابطے کو مضبوط بنانا اور ترقی کو تیز کرنا ہے۔

وزیرِ اعظم مالدہ ٹاؤن ریلوے اسٹیشن کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ ہاوڑہ اور گوہاٹی (کاماکھیا) کے درمیان بھارت کی پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ وہ گوہاٹی (کاماکھیا)-ہاوڑہ وندے بھارت سلیپر ٹرین کو ورچوئلی بھی ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ جدید بھارت کی بڑھتی ہوئی نقل و حمل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی یہ مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ وندے بھارت سلیپر ٹرین مسافروں کو ہوائی جہاز جیسے آرام دہ سفر کی سہولت کم خرچ نرخ پر فراہم کرے گی۔ یہ طویل فاصلے کے سفر کو تیز، محفوظ اور زیادہ آسان بنائے گی۔ ہاوڑہ–گوہاٹی (کاماکھیا) راستے پر تقریباً 2.5 گھنٹے کے سفر کے وقت کی کمی کے ذریعے یہ ٹرین مذہبی سفر اور سیاحت کو بھی فروغ دے گی۔

وزیرِ اعظم مغربی بنگال میں چار بڑے ریل منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، جن میں بالورگھاٹ اور ہیلی کے درمیان نئی ریل لائن، نیو جلپائی گڑی میں جدید فریٹ مینٹیننس سہولیات، سیلیگڑی لوکو شیڈ کی اپ گریڈیشن، اور جلپائی گڑی ضلع میں وندے بھارت ٹرین مینٹیننس سہولیات کی جدید کاری شامل ہے۔ یہ منصوبے مسافروں اور مال برداری آپریشنز کو مضبوط کریں گے، شمالی بنگال میں لاجسٹک کی کارکردگی بہتر کریں گے اور علاقے میں روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔

وزیرِ اعظم نیو کوچ بہار-بامن ہاٹ اور نیو کوچ بہار-بوکسیرہاٹ کے درمیان ریل لائنوں کی برق کاری کے منصوبے کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے، جس سے ٹرین آپریشنز تیز، صاف ستھرا اور توانائی کے لحاظ سے مؤثر ہوں گے۔

وزیرِ اعظم مزید چار نئی امرت بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو ورچوئلی ہری جھنڈی دکھائیں گے- جلپائی گڑی  ناگرکوئل امرت بھارت ایکسپریس؛ نیو جلپائی گڑی -تیروچیراپلی امرت بھارت ایکسپریس؛ علی پور دوار - ایس ایم وی ٹی بنگلورو  امرت بھارت ایکسپریس؛ علی پور دوار -ممبئی (پنویل) امرت بھارت ایکسپریس۔یہ ٹرینیں طویل فاصلے کی سستی اور قابل اعتماد ریل رابطے کو فروغ دیں گی۔ یہ خدمات عام شہریوں، طلبہ، مزدوروں اور تاجروں کی نقل و حمل کی ضروریات کو پورا کریں گی اور ریاستوں کے درمیان اقتصادی و سماجی روابط کو مضبوط بنائیں گی۔

وزیر  اعظم دو نئی ٹرین خدمات کو  بھی ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے جو ایل ایچ بی کوچز سے لیس ہیں- رادھیکاپور - ایس ایم وی ٹی بنگلورو ایکسپریس ؛بالورگھاٹ - ایس ایم وی ٹی بنگلورو  ایکسپریس۔ یہ ٹرینیں علاقے کے نوجوانوں، طلبہ اور آئی ٹی پیشہ ور افراد کو براہِ راست، محفوظ اور آرام دہ سفر کی سہولت فراہم کریں گی، اور اہم آئی ٹی و ملازمت کے مراکز جیسے بنگلورو  تک رابطہ مضبوط کریں گی۔

وزیر  اعظم قومی شاہراہ-31ڈی کے دھوپگڑی-فلاکاٹا سیکشن کی بحالی اور چار لین کی بنیاد رکھیں گے، جو شمالی بنگال میں علاقائی سڑک رابطے کو بہتر کرے گا اور مسافروں اور سامان کی نقل و حمل کو آسان بنائے گا۔

یہ منصوبے جدید بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور بہتر رابطے میں اہم کردار ادا کریں گے، اور مشرقی اور شمال مشرقی خطوں کو ملک کی اہم ترقیاتی محرکات کے طور پر مضبوط کریں گے۔

وزیرِ اعظم  ہگلی میں

وزیرِ اعظم سنگور، ہگلی میں تقریباً 830 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے، سنگِ بنیاد رکھیں گے اور انہیں ہری جھنڈی دکھائیں گے۔

وزیرِ اعظم بالاگڑھ میں ایکسٹینڈڈ پورٹ گیٹ سسٹم کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، جس میں ایک اندرونی آبی نقل و حمل(آئی ڈبلیو ٹی) ٹرمینل اور روڈ اوور برج شامل ہے۔

تقریباً 900 ایکڑ رقبے پر پھیلا یہ بالاگڑھ منصوبہ جدید کارگو ہینڈلنگ ٹرمینل کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے، جس کی متوقع سالانہ صلاحیت تقریباً 2.7 ملین ٹن ہے۔ منصوبے میں دو مخصوص کارگو ہینڈلنگ جیٹیز کی تعمیر شامل ہے، ایک کنٹینرائزڈ کارگو کے لیے اور ایک خشک بلک کارگو کے لیے۔

بالاگڑھ منصوبے کا مقصد بھاری کارگو کی نقل و حمل کو رش والے شہری راستوں سے ہٹاتے ہوئے کارگو کی نکاسی کی کارکردگی کو نمایاں طور پر بہتر بنانا ہے۔ اس سے سڑک کی حفاظت میں اضافہ ہوگا، کولکتہ شہر میں گاڑیوں کے ہجوم اور آلودگی کم ہوگی، اور شہریوں کے معیارِ زندگی میں بہتری آئے گی۔ بہتر ملٹی ماڈل رابطہ اور لاجسٹک کی کارکردگی علاقائی صنعتوں، ایم ایس ایم ایز اور زرعی پیداوار کنندگان کے لیے کم لاگت مارکیٹ تک رسائی بھی فراہم کرے گی۔ اس منصوبے سے براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے مقامی کمیونٹی کو لاجسٹکس، ٹرمینل آپریشنز، ٹرانسپورٹ سروسز، مینٹیننس اور متعلقہ سرگرمیوں میں نوکریاں ملیں گی۔

وزیر  اعظم کولکتہ میں جدید ترین الیکٹرک کیٹامران کا بھی افتتاح کریں گے۔ یہ کوچن شپ یارڈ لمیٹڈ کی طرف سے اندرونی آبی نقل و حمل کے لیے مقامی طور پر تیار کی گئی 6 الیکٹرک کیٹامران میں سے ایک ہے۔ یہ 50 مسافروں کی ہائیبرڈ الیکٹرک ایلومینیم کیٹامران جدید الیکٹرک پروپلشن سسٹمز اور لیتھیم ٹائٹنیٹ بیٹری ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو مکمل برقی صفر-ایمیژن موڈ اور ہائیبرڈ موڈ میں طویل فاصلے کے لیے کام کر سکتی ہے۔ یہ کشتی شہری دریا کی نقل و حمل، ماحولیاتی سیاحت اور ہگلی دریا کے ساتھ آخری میل مسافروں کی کنیکٹیویٹی میں مدد فراہم کرے گی۔

وزیر  اعظم جیرامبتی-باروگوپیناتھ پور-مائنا پور نئی ریل لائن کا بھی افتتاح کریں گے۔ یہ لائن تارکیشور–بشنوپور نئی ریل لائن منصوبے کا اہم حصہ ہے۔ اس نئی ریل لائن کے ساتھ، مائنا پور اور جیرامبتی کے درمیان ایک نئی ٹرین سروس بھی ہری جھنڈی دکھا کر  شروع کی جائے گی، جس میں بارگوپیناتھ پور پر اسٹاپ شامل ہوگا۔ یہ بینکورہ ضلع کے رہائشیوں کے لیے براہِ راست ریل رابطہ فراہم کرے گی اور روزانہ کے مسافروں، طلبہ اور زائرین کے لیے سفر کو زیادہ سستا اور آسان بنائے گی۔

وزیر  اعظم تین امرت بھارت ایکسپریس ٹرینوں - کولکتہ (ہاوڑہ) - آنند وہار ٹرمینل امرت بھارت ایکسپریس؛کولکتہ (سیالدہ) - بنارس امرت بھارت ایکسپریس؛کولکتہ (سنتراگاچی) - ٹمبارم امرت بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔

******

ش ح۔ ش ت۔ رب

U. No. 670


(रिलीज़ आईडी: 2215315) आगंतुक पटल : 11
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: Assamese , English , हिन्दी , Manipuri , Bengali , Gujarati , Tamil , Kannada , Malayalam