ریلوے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

جلد ہی آسام اور مغربی بنگال کو ملک کے طول و عرض سے جوڑنے والی نو امرت بھارت ایکسپریس ٹرینوں کا افتتاح کیا جائے گا


گوہاٹی سے روہتک، ڈبروگڑھ سے لکھنؤ، نیو جلپائی گڑی سے تروچراپلی اور ناگر کوئل تک چلنے والی یہ ٹرینیں مسافروں کو مناسب قیمت پر جدید اور آرام دہ سفرکی سہولت فراہم کریں گی

علی پور دوار سے بنگلورو اور ممبئی تک، اسی کے ساتھ کولکاتا سے تمبرم، بنارس اور آنند وہار تک امرت بھارت ٹرینیں عوام کے لیے ریل سفر کو ایک نئی جہت عطا کریں گی

प्रविष्टि तिथि: 13 JAN 2026 8:02PM by PIB Delhi

نیا سال ریل کے ذریعے سفر کے تجربے کے اعتبار سے ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہو رہا ہے۔ خواہ عام مسافر ہوں یا پریمیم درجے کے مسافر، بھارتی ریلوے پورے بھارت میں مسافروں کو مناسب قیمت پر آرام دہ سفر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

مغربی بنگال اور آسام سے ملک کے طول و عرض تک جلد ہی نو امرت بھارت ایکسپریس ٹرینیں متعارف کرائی جائیں گی، جو جدید اور کم خرچ ٹرینوں کے بڑھتے ہوئے بیڑے میں اضافہ کریں گی۔ یہ ٹرینیں ان دونوں ریاستوں سے طویل فاصلے کی کم خرچ ربط فراہم کریں گی اور راستے میں بہار اور اتر پردیش جیسی گنجان آبادی والی ریاستوں سے گزریں گی۔ اس کے علاوہ یہ تمل ناڈو، مہاراشٹر اور کرناٹک جیسی دور دراز ریاستوں تک بھی جائیں گی، جس سے ملک کے مختلف خطوں(علاقوں) کو آپس میں جوڑا جائے گا۔ یہ خدمات ریل کے سفر کی اضافی طلب کو کم کریں گی اور مسافروں کو آرام دہ سفری تجربہ فراہم کریں گی۔

بھارت میں پہلی ٹرین کے آغاز کو تقریباً دو صدیوں گزر جانے کے بعد، بھارتی ریلوے نے ان لاکھوں افراد کے لیے نقل و حرکت کو ازسرِ نو متعین کیا ہے جو روزمرہ ضرورت کے طور پر ٹرینوں پر انحصار کرتے ہیں۔ عام مسافر تک وہ آرام اور سہولت پہنچا کر جو کبھی صرف پرتعیش سفر سے وابستہ سمجھی جاتی تھی، بھارتی ریلوے نے مسلسل جدید اور مسافر دوست خدمات کو وسعت دی ہے، اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ قابلِ اعتماد، محفوظ اور بہتر آرام اب صرف پریمیم مسافروں تک محدود نہ رہے۔

اسی وژن کے تحت، امرت بھارت ایکسپریس روزمرہ مسافروں کے لیے ایک نعمت کے طور پر سامنے آئی ہے۔ امرت کال کی ایک خصوصی پیشکش کے طور پر تصور کی گئی یہ ٹرین تقریباً ایک ہزار کلومیٹر کے لیے لگ بھگ 500 روپے کے کرایے پر بغیر اے سی طویل فاصلے کی سلیپر کلاس کا ہموار سفری تجربہ فراہم کرتی ہے، جبکہ مختصر اور درمیانی فاصلے کے سفر کے کرائے اسی تناسب سے کم رکھے گئے ہیں۔ یہ ٹرینیں ان خطوں کو جوڑتی ہیں جو اکثر جغرافیہ اور مواقع کی بنا پر ایک دوسرے سے جدا رہتے ہیں۔ کرایے کا ڈھانچہ سادہ اور شفاف ہے، جس میں کوئی متغیر قیمت سازی نہیں، جس کے باعث یہ عام آدمی کی دسترس میں ہے۔

دسمبر 2023 میں آغاز کے بعد سے اب تک 30 امرت بھارت ایکسپریس ٹرینیں چل رہی ہیں، اور محض ایک ہفتے کے اندر نو نئی خدمات کا اضافہ کیا جائے گا۔ امرت بھارت ایکسپریس کی نئی خدمات مشرقی اور ذیلی ہمالیائی خطوں سے جنوبی، مغربی اور وسطی بھارت کے اہم مقامات تک ریل رابطے کو وسعت دیں گی۔

امرت بھارت ایکسپریس کی یہ نئی خدمات آسام، بہار اور مغربی بنگال سے گزرنے والے راستوں پر شروع کی جا رہی ہیں، جو بھارت کی مہاجر افرادی قوت اور طویل فاصلے کے ریل مسافروں کا ایک بڑا حصہ رکھتے ہیں۔ خاص طور پر تہواروں کے موسم اور ہجرت کے عروج کے ادوار میں بھاری مسافر بوجھ کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی یہ ٹرینیں، روزگار، تعلیم اور خاندانی ضروریات کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو قابلِ اعتماد، کم خرچ اور آرام دہ ربط فراہم کریں گی۔

بھارتی ریلوے کی جانب سے کم خرچ طویل فاصلے کے ربط کو وسعت دینے کی مسلسل کوششوں کے تحت، نو امرت بھارت ایکسپریس خدمات اہم کوریڈورز پر متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ ان کے راستے درج ذیل ہیں:

  1. گوہاٹی (کاماکھیا) – روہتک امرت بھارت ایکسپریس
  2. ڈبروگڑھ – لکھنؤ (گومتی نگر) امرت بھارت ایکسپریس
  3. نیو جلپائی گڑی – ناگر کوئل امرت بھارت ایکسپریس
  4. نیو جلپائی گڑی – تروچراپلی امرت بھارت ایکسپریس
  5. علی پور دوار – ایس ایم وی ٹی بنگلورو امرت بھارت ایکسپریس
  6. علی پور دوار – ممبئی (پنویل) امرت بھارت ایکسپریس
  7. کولکاتا (سانتراگاچی) – تمبرم امرت بھارت ایکسپریس
  8. کولکاتا (ہاوڑہ) – آنند وہار ٹرمینل امرت بھارت ایکسپریس
  9. کولکاتا (سیالدہ) – بنارس امرت بھارت ایکسپریس

نیو جلپائی گڑی سے یہ ٹرینیں شمالی بنگال کو براہِ راست ملک کے جنوبی سرے اور وسطی تمل ناڈو سے جوڑیں گی، جس سے متعدد لسانی، ثقافتی اور معاشی خطوں کے درمیان ہموار راہداریوں کی تشکیل ہوگی۔ توقع ہے کہ یہ راستے مہاجر مزدوروں، طلبہ، تاجروں اور خاندانوں کے لیے اہم شہ رگ ثابت ہوں گے، جو مشرقی بھارت اور جنوبی تعلیمی، صنعتی اور تجارتی مراکز کے درمیان باقاعدگی سے سفر کرتے ہیں۔

اسی طرح، علی پور دوار سے شروع ہونے والی نئی خدمات شمال مشرقی بھارت کے دوآرز خطے اور ملک کے جنوبی و مغربی حصوں کے بڑے شہری اور صنعتی مراکز کے درمیان رابطے کو مضبوط کریں گی۔ جغرافیائی طور پر دور مگر اسٹریٹجک اعتبار سے اہم خطوں کے لیے یہ ٹرینیں مضبوط معاشی اور سماجی رابطہ کار کے طور پر کام کریں گی، جس سے روزگار، تعلیم، صحت کی سہولیات اور منڈیوں تک رسائی بہتر ہوگی۔

بنگلورو اور چنئی جیسے جنوبی مراکز کی جانب جانے والی خدمات، مشرقی اور شمال مشرقی خطوں کو بڑے مینوفیکچرنگ، آئی ٹی اور تعلیمی مراکز سے جوڑ کر افرادی قوت کی نقل و حرکت اور طلبہ کے سفر کو سہارا دیں گی۔ ممبئی اور پنویل تک براہِ راست رابطہ مشرق–مغرب انضمام کو مضبوط کرے گا، اور کاروباری سفر کے ساتھ ساتھ اہم تجارتی اور لاجسٹک مراکز تک رسائی کو آسان بنائے گا۔

اوڈیشہ اور آندھرا پردیش سے گزرنے والے راستے مشرقی کوریڈور میں ہموار نقل و حرکت کو بہتر بنائیں گے، جس سے صنعتی، ساحلی اور زیارتی خطوں کو فائدہ پہنچے گا۔

مسافر جدید سہولیات کی ایک وسیع فہرست سے لطف اندوز ہو سکیں گے، جن میں فولڈیبل اسنیک ٹیبلز، موبائل اور بوتل رکھنے کی جگہ، ریڈیم فلور اسٹرپس، آرام دہ نشستیں اور برتھ، الیکٹرو-نیومیٹک فلشنگ کے ساتھ جدید بیت الخلاء، آگ بجھانے کے نظام، اور دیویانگجن مسافروں کے لیے خصوصی انتظامات شامل ہیں۔ فاسٹ چارجنگ پوائنٹس اور پینٹری کارز طویل فاصلے کے سفر میں مزید سہولت فراہم کرتے ہیں۔

عام مسافر کی ضروریات کو مرکز میں رکھتے ہوئے، امرت بھارت ایکسپریس اس بات کا ثبوت ہے کہ جدید ڈیزائن، قابلِ اعتماد خدمات اور بہتر سہولیات واقعی کم خرچ کرایوں پر فراہم کی جا سکتی ہیں۔ روزمرہ صارفین کے لیے بغیر اے سی طویل فاصلے کے سفر کی نئی تعریف قائم کرتے ہوئے، یہ جامع اور مسافر مرکز ریل جدید کاری کے لیے ایک نمونہ پیش کرتی ہے۔ امرت بھارت ٹرین ایک مستقبل سے ہم آہنگ ریلوے نظام کی عکاس ہے، جہاں سوچا سمجھا ڈیزائن، مقامی ٹیکنالوجی اور عملی برتری یکجا ہو کر آرام دہ، قابلِ اعتماد اور جامع ریل سفر کو ایک نیا قومی معیار بناتے ہیں۔

 

 

***

UR-550

(ش ح۔اس ک  )


(रिलीज़ आईडी: 2214322) आगंतुक पटल : 7
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Odia , Tamil , Kannada