نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
اسرو کے خلا بازوں کے ساتھ حوصلہ افزا ملاقات سے وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ 2026 کے تیسرے دن کا آغاز
آپ کی مسلسل کوششیں ہمیں وکست بھارت کی راہ پر آگے بڑھائیں گی،
مرکزی وزیر ڈاکٹر منڈاویہ کا نوجوان قائدین سے خطاب
وکست بھارت کی تعمیر کے لیے نشہ سے پاک نوجوان ناگزیر ہیں: ڈاکٹر منڈاویہ
آسمان کبھی حد نہیں تھا — نہ میرے لیے، نہ آپ کے لیے، اور نہ ہی بھارت کے لیے: گروپ کیپٹن شوبھانشو شکلا
ہمیشہ طالبِ علم رہیں، سیکھنے کا عمل کبھی مت روکیں: گروپ کیپٹن پرشانت نائر کا نوجوان قائدین کو پیغام
مرکزی وزرا اور اراکینِ پارلیمان کی جانب سے نوجوان قائدین کے اعزاز میں غیر رسمی رہنمائی اور قوم سازی پر مکالمہ
تیسرے دن کا اختتام بھارت کی ثقافتی تنوع کے رنگا رنگ مظاہرے کے ساتھ
وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ 2026 کا اختتام قومی یومِ نوجوان پر وزیر اعظم کی نوجوان قائدین سے ملاقات کے ساتھ ہوگا
प्रविष्टि तिथि:
11 JAN 2026 7:04PM by PIB Delhi
وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ 2026 کے تیسرے دن کا آغاز بھارت منڈپم میں غیر معمولی جوش و خروش کے ساتھ ہوا۔ اس روز مختلف النوع سرگرمیاں منعقد ہوئیں، جن میں امورِ نوجوانان و کھیل اور محنت و روزگار کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ کا ولولہ انگیز خطاب، اسرو کے خلا بازوں کے ساتھ دلچسپ اور متاثر کن مکالمہ، اور بھارت کے بھرپور ثقافتی تنوع کی عکاسی کرنے والا رنگا رنگ ثقافتی پروگرام شامل تھا۔
نوجوان شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے انہیں پورے ملک کے تقریباً پچاس لاکھ نوجوانوں میں سے منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور بتایا کہ انہیں ان کی متعلقہ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور گورنروں کی جانب سے روانہ کیا گیا ہے، جو ریاستوں اور قوم کی جانب سے ان پر کیے گئے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ کے ذریعے نوجوانوں کو براہِ راست حکومتِ ہند سے جوڑا گیا ہے اور وہ جلد ہی وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے سامنے اپنے خیالات پیش کریں گے۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یہ مکالمہ صرف اس تقریب تک محدود نہیں، انہوں نے کہا کہ وکست بھارت کے ویژن کو حقیقت میں بدلنے کا سفر اب شروع ہوتا ہے۔
مرکزی وزیر نے نوجوان قائدین پر زور دیا کہ وہ اپنی ریاستوں کو واپس جانے کے بعد نوجوان بھارت کے پلیٹ فارم کے ذریعے سرگرم رہیں اور ضلع نوجوان افسران کے ساتھ مسلسل رابطہ قائم رکھیں۔ انہوں نے وکست بھارت کے لیے نشہ سے پاک نوجوان جیسے اہم قومی اقدامات کی قیادت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ منشیات اور نشہ آور اشیاء کا استعمال ایک سنگین چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے یونیورسٹیوں اور اسکولوں میں نوجوان رابطہ جیسے پروگراموں کے ذریعے مسلسل بیداری اور رسائی نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ نوجوانوں کی شمولیت کو منظم کریں، وکست بھارت سے متعلق پیشکشیں تعلیمی اداروں تک لے جائیں اور ایک کروڑ نوجوانوں کو نوجوان بھارت کے پلیٹ فارم سے جوڑنے کے ہدف کی سمت کام کریں۔ نوجوانوں پر اپنے اعتماد کا اعادہ کرتے ہوئے ڈاکٹر منڈاویہ نے کہا کہ وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ نوجوان قائدین کو اپنے خیالات اور صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے نظم و ضبط اور وابستگی کو کامیابی کی بنیاد قرار دیا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے وکست بھارت 2047 کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے گا۔
مرکزی وزیر نے نوجوان مندوبین کی توجہ وندے ماترم کے ڈیڑھ سو سال مکمل ہونے کی جانب مبذول کراتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اس موضوع پر پارلیمان میں ہونے والی بحثوں سے خود کو واقف کریں، تاکہ وہ زیادہ آگاہی کے ساتھ اس مکالمے میں حصہ لے سکیں۔
دن کا آغاز اسرو کے خلا بازوں اور نوجوان بھارت کے رضاکاروں کے ساتھ ایک حوصلہ افزا گفتگو سے ہوا، جس کے دوران ممتاز منتخب خلا باز، گروپ کیپٹن شوبھانشو شکلا اور گروپ کیپٹن پرشانت نائر نے ملک بھر سے آئے ہوئے نوجوان قائدین سے تبادلۂ خیال کیا۔ دونوں افسران بھارتی فضائیہ کے ماہر پائلٹ ہیں اور بھارت کے اہم انسانی خلائی مشن گگن یان کے لیے منتخب کیے گئے ہیں۔ اس نشست نے شرکاء کو بھارت کے خلائی شعبے کے پیش رو رہنماؤں سے براہِ راست رابطے کا نادر موقع فراہم کیا، جس سے انہیں ان کے سفر، پیشہ ورانہ وقار اور قوم کے مستقبل کے لیے ویژن سے تحریک حاصل ہوئی۔
نہایت ولولہ انگیز مکالمے کے دوران گروپ کیپٹن شوبھانشو شکلا نے خلائی پرواز کے اپنے تجربات بیان کیے اور بے وزنی کی اس حیرت انگیز کیفیت کا ذکر کیا جس میں سمت کے روایتی تصورات اپنی معنویت کھو دیتے ہیں۔ مدار سے بھارت کی دلکش تصاویر پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا سفر اس بات کا زندہ ثبوت ہے کہ خواب حقیقت بن سکتے ہیں۔
کامیابی کی کنجی کے طور پر ثابت قدمی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اصل منتر ناکامیوں کا سامنا کرنے، مضبوطی کے ساتھ دوبارہ اٹھ کھڑے ہونے اور خود اطمینانی میں مبتلا نہ ہونے میں مضمر ہے۔ بھارتی نوجوانوں کو بے خوف اور باعزم قرار دیتے ہوئے انہوں نے نوجوان قائدین سے اپیل کی کہ وہ عزم و استقلال کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔
لامحدود امنگوں پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’آسمان کبھی حد نہیں تھا — نہ میرے لیے، نہ آپ کے لیے، اور نہ ہی بھارت کے لیے‘‘ اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ جرأت مندانہ خواب دیکھیں اور قوم کے مستقبل میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے اعلیٰ معیارِ کارکردگی کے حصول کی جدوجہد کریں۔
نوجوان بھارت کے ایک رضاکار کی نظامت میں منعقد ہونے والی ایک مکالماتی نشست کے دوران گروپ کیپٹن پرشانت نائر نے بھارت کے خلائی سفر کی بڑھتی ہوئی عالمی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ دنیا تیزی سے بھارت کو خلائی تحقیق میں عالمی جنوبی خطے کی نمائندہ آواز کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے اپنی تحریک کا سہرا خاندان اور دوستوں کی غیر متزلزل حمایت اور بھگوت گیتا سے حاصل ہونے والی رہنمائی کو دیا۔ اپنے عالمی تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی اصل طاقت اس کی منفرد اقدار اور فطری صلاحیتوں میں مضمر ہے اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ زندگی بھر سیکھنے کا عمل جاری رکھیں اور ہمیشہ طالبِ علم کے مزاج میں رہیں۔
اس دن وکست بھارت کے رنگ کے عنوان سے ایک شاندار ثقافتی حصے کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوانوں کی تخلیقی اور فنکارانہ صلاحیتوں کا بھرپور جشن منایا گیا۔ اس پروگرام میں موسیقی، رقص اور شاعری کی بہترین پیشکشیں پیش کی گئیں۔
نمایاں کارکردگی اور قابلِ قدر خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے، نیز عمدگی اور نوجوانوں کی قیادت میں قوم سازی کے جذبے کو مزید مضبوط بناتے ہوئے، مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ اور مرکزی وزیرِ مملکت محترمہ رکشا نکھل کھڈسے نے کامیاب شرکاء کو اعزازات سے نوازا۔
شرکاء نے دن کا اختتام ریاستی ٹیموں کی شکل میں دوبارہ گروپ بندی کر کے کیا اور مرکزی وزرا اور اراکینِ پارلیمان کی رہائش گاہوں کا دورہ کیا، جہاں عشائیے کے دوران بامعنی گفتگو، رہنمائی اور غیر رسمی سرپرستی کا موقع فراہم ہوا۔ اس ماحول میں مشترکہ غور و فکر اور قومی خدمت کے عزم کو مزید تقویت ملی۔
وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ 2026 کا آخری دن، جو قومی یومِ نوجوان کے ساتھ منسلک ہے اور سوامی وویکانند کی یومِ پیدائش کی یاد میں منایا جاتا ہے، چار روزہ نوجوانوں کے جشن کا اختتام ہوگا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی موجودگی پروگرام کی قومی اہمیت اور نوجوان قیادت میں قوم سازی کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کرے گی۔
اس دن ایک شاندار کل رکنی اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں ٹاؤن ہال طرز کا مکالمہ بھی شامل ہوگا، تاکہ وزیرِ اعظم اور نوجوان قائدین کے درمیان براہِ راست رابطے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ نوجوان قائدین اس موقع پر قومی ترجیحی موضوعات سے ہم آہنگ دس اعلیٰ اثر والی تجاویز پیش کریں گے۔
اختتامی سرگرمیاں نوجوانوں کو بھارت کے وکست بھارت@2047 کے سفر میں فعال حصہ ڈالنے کی تحریک دیں گی اور قوم کے مستقبل کی تشکیل میں نوجوان قائدین کے مرکزی کردار کو مزید اجاگر کریں گی۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-425
(रिलीज़ आईडी: 2213498)
आगंतुक पटल : 12