PIB Headquarters
ہندوستان میں زراعتی تعلیم اور تربیت
Posted On:
04 NOV 2025 10:14AM by PIB Delhi
زراعت ہندوستان کی تقریباً نصف آبادی کے لیے بنیادی روزی روٹی کا ذریعہ ہے اور جی ڈی پی میں اس کا حصہ تقریباً 18 فیصد ہے ۔ پیداواری صلاحیت بڑھانے، اخراجات کو کم کرنے اور قومی اہداف کے حصول کے لیے اعلیٰ تعلیم ، تحقیق اور عملی تربیت کے ذریعے انسانی صلاحیت سازی بہت ضروری ہے ۔ زراعتی تعلیم ، تحقیق اور اس کی توسیع کو اس شعبے کے کلیدی ستونوں کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے، جس سے ہدف بند 5 فیصد زراعتی ترقی کی شرح کو برقرار رکھنے اور ’’وکست کرشی اور سمردھ کسان‘‘ (ترقی یافتہ زراعت اور خوشحال کسان) کے قومی وژن کو حاصل کرنے کے لیے ادارہ جاتی اور سائنسی بنیاد کی تشکیل ہوتی ہے ، جو ’’ وکست بھارت ‘‘ کا بنیادی فلسفہ ہے۔ اس وژن کو حاصل کرنے کے لیے ، ان تینوں ستونوں کو ’’ایک ملک-ایک زراعت-ایک ٹیم‘‘ کے رہنما اصول کے تحت ہم آہنگی سے کام کرنا چاہیے ۔
انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ(آئی سی اے آر)
- زراعتی تحقیق اور تعلیم کا اعلیٰ ترین ادارہ: 1929 میں قائم ہونے والی انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ (آئی سی اے آر) (محکمہ زراعتی تحقیق اور تعلیم ، وزارت زراعت اور کسانوں کی بہبود کے تحت) زراعتی تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کو مربوط کرنے کے لیے ہندوستان کی سب سے اہم تنظیم ہے ۔ یہ زراعت ، باغبانی ، ماہی پروری اور علوم حیوانات میں تحقیقی اداروں اور یونیورسٹیوں کی رہنمائی کے لیے ذمہ دار ہے ۔
- ملک گیر نیٹ ورک: آئی سی اے آر ایک وسیع نظام کی نگرانی کرتی ہے ،جس میں 113 قومی تحقیقی ادارے (تفصیلی فہرست یہاں حاصل کی جا سکتی ہے https://icar.org.in/institute) اور ہندوستان بھر میں 74 زراعتی یونیورسٹیاں شامل ہیں، جو اسے دنیا کے سب سے بڑے زراعتی تحقیقی نیٹ ورک میں سے ایک بناتی ہیں ۔ اس نے سبز انقلاب کی قیادت کی اور آب و ہوا کے لحاظ سے لچکدار ، اعلیٰ پیداوار والی اقسام اور کاشتکاری کی ٹیکنالوجیز کی ترقی میں قیادت جاری رکھی ۔
- توسیع اور معیار: اپنے ڈویژنوں کے ذریعے، آئی سی اے آرکسانوں کو ٹیکنالوجی منتقل کرنے کے لیے731 کرشی وگیان کیندروں (کے وی کے) کا انتظام کرتی ہے ۔ یہ تعلیمی معیارات بھی طے کرتی ہے ، ’آئی سی اے آر ماڈل ایکٹ (ترمیم شدہ 2023)‘ اور ’زراعتی کالجوں کے قیام کے لیے کم از کم لوازمات‘ جاری کرتی ہے اور نیشنل ایگریکلچرل ایجوکیشن ایکریڈیشن بورڈ کے ذریعے اداروں کو منظوری دیتی ہے ۔
سرکاری اور پرائیویٹ ادارے
سرکاری یونیورسٹیاں اور ادارے: ہندوستان میں63 ریاستی زراعتی یونیورسٹیاں (ایس اے یو)، 3 مرکزی زراعتی یونیورسٹیاں (سی اے یو) (پوسا ، امپھال ، جھانسی)، 4 ’’ڈیمڈ‘‘ یونیورسٹیاں (آئی اے آر آئی-دہلی ، این ڈی آر آئی-کرنال ، آئی وی آر آئی-عزت نگر ، سی آئی ایف ای-ممبئی) اور زراعتی فیکلٹی والی4 مرکزی یونیورسٹیاں ہیں۔ آئی سی اے آر نیٹ ورک میں11 اے ٹی اے آر آئی (زراعتی ٹیکنالوجی ایپلی کیشن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ) مراکز بھی شامل ہیں ۔
نجی شعبہ: زراعتی تعلیم ریاستی حکومتوں کے دائرہ کار میں آتی ہے، جن کی نجی اداروں کے قیام اور فروغ کے لیے اپنی پالیسیاں ہوتی ہیں ۔ آئی سی اے آر کا کردار درخواست پر منظوری دینے تک محدود ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں ، آئی سی اے آر سے منظور شدہ نجی زراعتی کالجوں کی تعداد 21-2020 میں5 سے بڑھ کر 25-2024 میں 22 تک پہنچ گئی ہے ۔

مرکزی زراعتی یونیورسٹیاں
فی الحال ہندوستان میں تین مرکزی زراعتی یونیورسٹیاں (سی اے یو) کام کر رہی ہیں ۔ ہر ایک یونیورسٹی کو علاقائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پارلیمنٹ کے ایکٹ کے ذریعے بنایا گیا تھا:
- ڈاکٹر راجندر پرساد سی اے یو ، پوسا (بہار): 1970 میں قائم ہونے والی سابقہ راجندر زراعتی یونیورسٹی (ایس ٹی ڈی) کو اکتوبر 2016 میں سی اے یو میں تبدیل کیاگیا جس کےتحت 8 کالج ہیں۔
- ترہوٹ کالج آف ایگریکلچر
- پوسٹ گریجویٹ کالج آف ایگریکلچر
- کالج آف ایگریکلچرل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی
- کالج آف کمیونٹی سائنس
- کالج آف بیسک سائنس اینڈ ہیومینٹیز
- کالج آف فشریز
- پنڈت دین دیال اپادھیائے کالج آف ہارٹیکلچر اینڈ فاریسٹری
- اسکول آف ایگری بزنس اینڈ رورل مینجمنٹ
آر پی سی اے یو 8 مضامین (زراعت، باغبانی، زرعی انجینئرنگ، کمیونٹی سائنس، ماہی گیری، بائیو ٹیکنالوجی، جنگلات اور فوڈ ٹیکنالوجی) میں انڈرگریجویٹ پروگرام پیش کرتی ہے۔ مزید برآں ، یونیورسٹی ماسٹر اور پی ایچ ڈی کے پروگراموں کی ایک وسیع رینج پیش کرتی ہے ، یہ یونیورسٹی ضلع سمستی پور کے پوسا ، ضلع مظفر پور کے دھولی اور بہار کے ضلع مشرقی چمپارن کے پیپرکوٹھی میں متعدد کیمپس کے ذریعے کام کرتی ہے اور بہار کے کسانوں کو تحقیق سے جوڑنے کے لیے 18 کے وی کے کا نظم کرتی ہے۔ قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق، یونیورسٹی نے کئی قلیل مدتی سرٹیفکیٹ اور ڈپلومہ پروگرام شروع کیے ہیں، جن کا مقصد نچلی سطح اور درمیانی انتظامی سطحوں پر صنعت کے لیے تیار ٹیلنٹ کو فروغ دینا ہے ۔
- مرکزی زراعتی یونیورسٹی ، امپھال (منی پور): سینٹرل ایگریکلچرل یونیورسٹی ایکٹ-1992 کے تحت جنوری 1993 میں قائم ہونے والی یہ یونیورسٹی شمال مشرق کی سات پہاڑی ریاستوں ، اروناچل پردیش ، منی پور ، میگھالیہ ، میزورم ، سکم ، ناگالینڈ اور تریپورہ میں کام کرتی ہے ۔ سی اے یو ، امپھال سات پہاڑی ریاستوں میں واقع اپنے 13 کالجوں (مکمل فہرست https://cau.ac.in/about-cau-imphal/پر دستیاب ہے) میں تدریس ،تحقیق اورتکنیکی توسیع کو مربوط کرنے کے جامع نقطہ نظر پر عمل پیرا ہے۔ فی الحال یہ یونیورسٹی زراعت اور متعلقہ مضامین میں 10 انڈرگریجویٹ، 48 ماسٹرز اور 34 پی ایچ ڈی پروگرام پیش کرتی ہے، جن میں تعلیمی سال 25-2024 کے دوران طلبہ کا مجموعی داخلہ 2982 درج کیا گیا ہے۔
- رانی لکشمی بائی سی اے یو، جھانسی (اتر پردیش): یہ یونیورسٹی پارلیمنٹ کے ایکٹ (2014 کا ایکٹ نمبر10) کے ذریعے محکمہ زراعتی تحقیق و تعلیم (ڈی اے آر ای) کے تحت قومی اہمیت کے ایک ادارے کے طور پر قائم کی گئی ہے۔ یہ یونیورسٹی زراعتی علوم میں ایک بہترین مرکز کے طور پر کام کرتی ہے ، جو ہندوستان میں زراعتی تعلیم ، تحقیق اور توسیعی خدمات کو آگے بڑھانے کے لیے وقف ہے۔ آر ایل بی سی اے یو کا نصاب انڈرگریجویٹ ، ماسٹر اور پی ایچ ڈی کے طلبہ کو زراعتی سائنس، باغبانی، ویٹرنری سائنس اور زراعتی انجینئرنگ وغیرہ کے مختلف شعبوں میں تازہ ترین علم اور مہارت سے آراستہ کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ اس کے کالجوں میں کالج آف ایگریکلچر اور کالج آف ہارٹیکلچر اینڈ فاریسٹری جھانسی (یوپی) اور کالج آف فشریز اور کالج آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنس، دتیا (مدھیہ پردیش) شامل ہیں۔
زراعت میں انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی ) اور مصنوعی ذہانت (اے آئی)
- ٹیکنالوجی کو اپنانے کی پہل: حکومت کاشتکاری کو جدید بنانے کے لیے انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو فعال طور پر فروغ دے رہی ہے ۔ تکنیکی ایپلی کیشنز میں درست کاشتکاری (سینسر سے چلنے والی آبپاشی، خودکار مشینری)، امیجنگ اور اسپرے کے لیے ڈرون، مویشیوں کی نگرانی ، آب و ہوا کے لحاظ سے اسمارٹ گرین ہاؤس، اے آئی پرمبنی کیڑوں/فصلوں کی نگرانی اور ریموٹ سینسنگ شامل ہیں ۔
- اختراعی مرکز :ڈی ایس ٹی کے نیشنل مشن آن انٹر ڈسپلنری سائبر فزیکل سسٹم (این ایم-آئی سی پی ایس) کے تحت دسمبر 2022 تک ملک بھر میں25 ٹیکنالوجی انوویشن ہب (ٹی آئی ایچ) قائم کیے گئے ؛ جن میں سے تین زراعت میں آئی او ٹی اور اے آئی کے اطلاق پر مرکوز ہیں ۔ مثال کے طور پر ، آئی آئی ٹی روپڑ کا ایگری/واٹر ٹی آئی ایچ ، زعفران کی پیداوار اور پورے ہندوستان میں اس کی سپلائی کے لیے آئی او ٹی سینسرز پر کام کر رہی ہے۔ آئی آئی ٹی بمبئی ’’انٹرنیٹ آف ایوری تھنگ‘‘ پر ایک ٹی آئی ایچ کی میزبانی کرتی ہے ، اور آئی آئی ٹی کھڑگ پور اے آئی/ایم ایل حل (فصلوں کی صحت کی پیشن گوئی ، پیداوار کی پیش گوئی) کے لیے اے آئی 4 آئی سی پی ایس مرکز چلاتی ہے ۔
- ڈیجیٹل انفراسٹرکچر: الیکٹرانکس کی وزارت نے بنگلور، گروگرام، گاندھی نگر اور وشاکھاپٹنم جیسے شہروں میں آئی او ٹی سے متعلق سینٹر آف ایکسی لینس قائم کیے ہیں ۔ مثال کے طور پر وشاکھاپٹنم آئی او ٹی سینٹر آف ایکسی لینس (سی او ای) زراعتی ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کرتا ہے اور اختراعات کو عام کرنےکے لیے اسٹارٹ اپس ، صنعت ، سرمایہ کاروں اور تعلیمی اداروں کو جوڑتا ہے ۔ زراعت کے قومی ای-گورننس پلان کے تحت ریاستوں کو اے آئی/ایم ایل ، آئی او ٹی ، بلاک چین وغیرہ کا استعمال کرکے ڈیجیٹل زراعتی منصوبوں کو نافذ کرنے کے لیے مالی اعانت فراہم کی جاتی ہے ۔
اسٹارٹ اپ کا ایکوسسٹم: 19-2018سے راشٹریہ کرشی وکاس یوجنا (آر کے وی وائی) کے تحت ’’انوویشن اینڈ ایگری انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ‘‘ پروگرام کے ذریعہ مالی مدد فراہم کرکے اور زراعتی نکیوبیشن ایکوسسٹم کو مضبوط بنا کر اختراعات ور زراعتی کارو بار کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ یہ پہل زراعت اور اس سے وابستہ شعبوں میں اسٹارٹ اپس کی حمایت کرتی ہے ، جس کا دوہرا مقصد نئے مواقع کے ذریعے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرنا اور دیہی نوجوانوں کے لیے روزگار پیدا کرنا ہے۔ پروگرام کے تحت مالی امدادیافتہ اسٹارٹ اپس زراعت اور اس سے منسلکہ شعبوں کے متنوع میدانوں میں مصروف عمل ہیں، جن میں زراعتی پروسیسنگ ،فوڈ ٹیکنالوجی اور ویلیو ایڈیشن ، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) ، اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی(آئی سی ٹی)، درست کاشتکاری ، ڈیجیٹل زراعت ، بلاک چین ٹیکنالوجی شامل ہیں ۔
کسانوں کی ہنرسازی اور تربیت
کسانوں کی ہنرسازی اور تربیت کو ہندوستان کےراعتی کایا پلٹ میں مرکز ی حیثیت حاصل ہے ۔ کاشتکاری کی جدید ضروریات کو تسلیم کرتے ہوئے حکومت نے صلاحیت سازی کو ترجیح دی ہے تاکہ کسانوں کو تکنیکی اختراعات ، آب و ہوا اور بازار کی تبدیلیوں کے مطابق ڈھالنے میں مدد ملے۔ دیہی نوجوانوں کی ہنر سازی کی تربیت (ایس ٹی آر وائی)، زراعتی میکانائزیشن پر ذیلی مشن (ایس ایم اے ایم)، پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا (پی ایم کے وی وائی) اور کرشی وگیان کیندروں (کے وی کے) اور زراعتی ٹیکنالوجی مینجمنٹ ایجنسی (اے ٹی ایم اے) کے ذریعے کئے جانے والے اقدامات جیسے پروگرام کسانوں کو پائیدار زراعتی طریقوں کے لیے عملی معلومات اور پیشہ ورانہ مہارت سے آراستہ کر رہے ہیں ۔

- کرشی وگیان کیندر (کے وی کے): آئی سی اے آر کے زیر انتظام چلنے والے یہ مراکز کسانوں کی تربیت کے لیے صف اول کے ادارے ہیں۔ 22-2021 اور 24-2023 کے درمیان ، کے وی کے نے 58.02 لاکھ کسانوں کو تربیت دی جن کی تعداد میں ہر سال مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔ مالی سال25-2024 کے پہلے دس مہینوں میں مزید 18.56 لاکھ کسانوں کو پہلے ہی تربیت دی جا چکی ہے۔ کے وی کے کے ذریعہ پیش کئے جانے والے کورسز میں بہتر زراعتی سائنس ، مویشیوں کی دیکھ بھال ، مٹی کی صحت ، فصل کے بعد کی ٹیکنالوجی وغیرہ شامل ہیں ، جو مقامی حالات کے مطابق ہیں ۔
- اے ٹی ایم اے (توسیعی اصلاحات کی اسکیم): ایگری کلچر ٹیکنالوجی مینجمنٹ ایجنسی (اے ٹی ایم اے) کی اسکیم زراعتی توسیع کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے ۔ اس پہل کے تحت 22-2021 میں32.38 لاکھ کسانوں کو تربیت دی گئی ہے، اس کے بعد 23-2022 میں 40.11 لاکھ اور 24-2023 میں 36.60 لاکھ کسانوں کو تربیت دی گئی ہے۔ جنوری 2025 تک تقریباً 18.30 لاکھ کسانوں کو تربیت دی جا چکی ہے۔ مجموعی طور پر، 25-2021 کے دوران تقریباً 1.27 کروڑ کسانوں کو اے ٹی ایم اے کے ذریعے تربیت دی گئی ہے ۔
- دیہی نوجوانوں کی ہنر کی تربیت (ایس ٹی آر وائی): ایس ٹی آر وائی زراعتی/متعلقہ تجارتوں (باغبانی، دودھ، ماہی پروری وغیرہ) میں قلیل مدتی پیشہ ورانہ کورسز (تقریباً سات دن) فراہم کرتا ہے۔ اس نے 22-2021 میں10,456 دیہی نوجوانوں ، 23-2022 میں11,634 دیہی نوجوانوں اور 24-2023 میں20,940 دیہی نوجوانوں کو تربیت دی ہے۔ 2021 سے لے کردسمبر 2024 تک 51,000 سے زیادہ دیہی نوجوانوں کو تربیت دی گئی ہے ۔ اس پروگرام کا مقصد ذاتی روزگار کو فروغ دینا اور دیہاتوں میں ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنا ہے ۔
- فارم میکانائزیشن (ایس ایم اے ایم): زراعتی میکانائزیشن سے متعلق ذیلی مشن (ایس ایم اے ایم) میں فارم مشینری کے استعمال پر تربیت فراہم کی جاتی ہے ۔ 25-2021 کے دوران ایس ایم اے ایم کے تحت 57139 کسانوں کو نمائش اور آگاہی کے ذریعہ براہ راست میکانائزیشن کی تربیت دی گئی ہے۔
- سوائل ہیلتھ کارڈ اسکیم: اس پروگرام میں سوائل ہیلتھ کارڈ جاری کیا جاتا ہے اور کسانوں کو متوازن زر خیزی کے بارے میں آگاہ کیا جاتا ہے۔ جولائی2025 تک ملک بھر میں25.17 کروڑ سے زیادہ کارڈ تقسیم کیے گئے ہیں۔ متوازی کوششوں میں93,000 سے زیادہ مٹی کی صحت سے متعلق تربیت اورتغذیاتی انتظام کے طریقہ کار کو سکھانے کے لیے6.8 لاکھ کھیتوں میں نمائشیں شامل ہیں ۔
- فارمر پروڈیوسر آرگنائزیشنز (ایف پی او): مارکیٹ رخی صلاحیت پیدا کرنے کے لیے حکومت نے 10,000 سے زیادہ ایف پی او رجسٹر کیے ہیں۔ ڈیجیٹل ماڈیولز اور ویبینار کے ذریعے، ایف پی او میں کسان زراعتی کاروبار کے انتظام، ویلیو چین اور مارکیٹنگ کی تربیت حاصل کرتے ہیں ۔ (چھوٹےشراکت داروں کو اکٹھا کرکے، ایف پی او دیہی علاقوں میں ہدف بند ہنر سازی اور توسیعی خدمات فراہم کرنے میں مدد کرتے ہیں)
خاتمہ
ہندوستان کے موجودہ زراعتی تعلیم اور تربیتی نظام سے تعلیم ، تحقیق، ٹیکنالوجی اور فیلڈ سطح کی مہارت سازی کو مربوط کرنے والے جامع نقطہ نظر کی عکاسی ہوتی ہے ۔ ’’ون نیشن-ون ایگریکلچر-ون ٹیم‘‘ کے وژن سے رہنمائی پاکر، آئی سی اے آر، مرکزی اور ریاستی زراعتی یونیورسٹیوں اور کرشی وگیان کیندروں جیسے اداروں نے کاشتکاری کو زیادہ پیداواری ، پائیدار اور علم سے لیس کرنے کی مضبوط بنیاد بنائی ہے ۔ معیاری تعلیم، منظوری کی اصلاحات اور کسانوں پر مرکوز تربیت پرمسلسل زوردینے سے سائنسی تحقیق اور عملی اطلاق کے درمیان خلاء کو ختم کرنے میں مدد مل رہی ہے ۔
انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی)مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور پریسیزن فارمنگ ٹولز جیسی ٹیکنالوجیز کی شمولیت سے جدید اور ڈیٹا پر مبنی زراعت کی طرف منتقلی کی اہم تبدیلی کی نشاندہی ہوتی ہے ۔ اے ٹی ایم اے، ایس ٹی آر وائی اور ایس ایم اے ایم جیسے اقدامات کے ذریعے کسانوں اور دیہی نوجوانوں کو ضروری تکنیکی اور کاروباری مہارتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے، جس سے دیہاتوں میں روزگار اور خود کفالت کو فروغ مل رہا ہے۔ یہ کوششیں مل کر اعلیٰ پیداواری صلاحیت ، آمدنی میں اضافہ اور وسائل کے پائیدار استعمال میں بہتر کردار ادا کر رہی ہیں۔ چونکہ ہندوستان کا مقصد خوراک کی پیداوار میں خود کفالت اور مستحکم دیہی معیشت بناناہے، اس لیے تعلیم ، اختراعات اور ہنر سازی کے درمیان اس ہم آہنگی کو مضبوط کرنے کی کوشش کو ملک کی زراعتی پیش رفت میں مرکزی حیثیت حاصل رہے گا ۔
حوالہ جات:
پی آئی بی:
آئی سی اے آر :
سی اے یو
Click here to see pdf
************
ش ح۔ م ش ع۔ش ت
(U-733)
(Release ID: 2186200)
Visitor Counter : 8