نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے نئی دہلی میں ڈاکٹروں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کے ساتھ 'سنڈے آن سائیکل' کی قیادت کی اور ہندوستان کی فٹنس کے سفر میں رہنمائی کرنے میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کے کردار پر زور دیا
سنڈے آن سائیکل کا 44 واں ایڈیشن ہندوستان بھر میں 10,000 سے زائد مقامات پر منعقد ہوا
ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے تمغے جیتنے والے شیلیش کمار، پروین کمار، اور سونم رانا شہریوں کو فٹنس سرگرمیوں میں مشغول ہونے کی ترغیب دینے کے لیے 'سنڈے آن سائیکل' میں شامل ہوئے
Posted On:
12 OCT 2025 5:39PM by PIB Delhi
نوجوانوں کے امور، کھیل، اور محنت و روزگار کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے آج نئی دہلی میں 'سنڈے آن سائیکل (ایس او سی)' کے تازہ ترین ایڈیشن کی قیادت کی۔ یہ ایک ملک گیر مہم ہے جس کا مقصد عوام میں فٹنس اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا ہے۔اس ہفتے کی سرگرمی میں خصوصی طور پر ڈاکٹروں اور صحت کے پیشہ ور افراد نے شرکت کی، جنہوں نے احتیاطی صحت کی اہمیت اور موٹاپے جیسی طرزِ زندگی سے جُڑی بیماریوں سے نمٹنے میں جسمانی سرگرمی کے مؤثر کردار پر زور دیا۔

ملک کے لیے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے، ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے کہا:"بطور وزیر صحت، میں نے کووڈ کے دوران ڈاکٹروں اور صحت سے وابستہ کارکنوں کی لگن کو قریب سے دیکھا ہے۔ ملک کے لیے ان کی خدمات بے مثال ہیں۔ میں اس موقع پر آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ سنڈے آن سائیکل' جیسی مہم میں شامل ہو کر فٹنس کا پیغام عام کر رہے ہیں۔"میں آپ سے یہ بھی گزارش کرتا ہوں کہ شہریوں کی صحت مند طرزِ زندگی کی جانب رہنمائی کریں، کیونکہ جب کوئی ڈاکٹر صحت سے متعلق کچھ کہتا ہے تو لوگ اس پر عمل کرتے ہیں۔ چاہے وہ موٹاپے کے خلاف جدوجہد ہو، جو وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا وژن ہے، یا سائیکلنگ کے فوائد، جنہیں ہم ’سنڈے آن سائیکل‘ کے ذریعے فروغ دیتے ہیں ، آپ کا پیغام ہر بھارتی تک ضرور پہنچے گا۔"
ایونٹ میں ہر عمر کے افراد نے جوش و خروش سے شرکت کی، جن میں ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ(ڈبلیو پی اے سی)کے تمغہ یافتہ کھلاڑی پروین کمار، سومن رانا اور شیلیش کمار بھی شامل تھے، جنہوں نے عوام کو ایک متحرک اور صحت مند طرزِ زندگی اختیار کرنے کی ترغیب دی۔
یہ تقریب سائیکلنگ فیڈریشن آف انڈیا (سی ایف آئی)، یوگاسنا بھارت، اور ایم وائی بھارت کے اشتراک سے، راہگیری فاؤنڈیشن، فٹسپائر، اور ریڈ ایف ایم کی معاونت کے ساتھ دہلی میں منعقد ہوئی۔سائیکلنگ کے علاوہ اس ایونٹ میں زومبا، رسی چھلانگ، یوگاسنا، اور ڈاکٹر شیکھا گپتا کی قیادت میں ایک دلچسپ گیم زون بھی شامل تھا۔

اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ کس طرح 'سنڈے آن سائیکل' ہندوستان کی نمایاں فٹنس تحریکوں میں سے ایک بن چکا ہے، ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے مزید کہا،"آج ہندوستان بھر میں 10,000 سے زائد مقامات پر 'سنڈے آن سائیکل' کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں ڈاکٹر موٹاپے کے خلاف اس مہم میں شامل ہو رہے ہیں۔ایس او سی ہر اتوار ملک کے سب سے دور دراز علاقوں میں بھی منعقد کیا جاتا ہے تاکہ وزیر اعظم کے اس وژن کو فروغ دیا جا سکے کہ 2047 تک وِکست بھارت کی تعمیر کے لیے شہریوں کو پہلے صحت مند ہونا ہوگا۔ایک صحت مند جسم اور صحت مند ذہن ہی ایک مضبوط قوم کی بنیاد ہیں۔سائیکلنگ ورزش کی سب سے آسان شکل ہے اور ہر کوئی اسے اپنا سکتا ہے۔میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اپنے کھیلوں اور صحت و تندرستی کی سرگرمیوں کے لیے سودیشی مصنوعات کا انتخاب کریں۔"
وزیر کے جذبات کی تائید کرتے ہوئے، پروین کمار نے کہا:"ورزش توجہ برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے، جو زندگی میں کچھ بھی حاصل کرنے کی کنجی ہے۔سائیکلنگ، ورزش کی ایک بہترین شکل ہے، اور مجھے اس تقریب کا حصہ بننے پر خوشی ہے جو لوگوں کو اپنی صحت کی ذمہ داری خود سنبھالنے کی ترغیب دیتی ہے۔"
'ایس او سی'پہل کی تعریف کرتے ہوئے، شیلیش کمار نے مزید کہا:"شہریوں میں فٹنس کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی یہ کوشش قابلِ ستائش ہے۔ہر فرد کو چاہیے کہ وہ جسمانی اور ذہنی، دونوں طرح کی صحت کے لیے روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ فٹنس کے لیے وقف کرے۔
مجھے آج اس تقریب میں شرکت کر کے خوشی ہوئی۔ شرکاء کا جوش و خروش اس بات کا مظہر ہے کہ ہندوستانی عوام فٹنس کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔"
’سنڈے آن سائیکل‘ کی پہل کمیونٹیز کو ہر اتوار سائیکل چلانے، ورزش کرنے، اور کھلی فضا میں فٹنس کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے اکٹھا ہونے کی ترغیب دیتی ہے۔سائیکلنگ کے علاوہ، اس تقریب میں زومبا، رسی چھلانگ (روپ اسکیپنگ)، اور یوگاسن جیسی دیگر فٹنس سرگرمیاں بھی شامل ہوتی ہیں، جو مختلف عمر کے افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دی گئی ہیں۔ یہ سرگرمیاں ان سائیکل سواروں کے لیے بھی مخصوص ہوتی ہیں جو سواری سے پہلے جسم کو وارم اپ کرنے کے لیے ان میں حصہ لیتے ہیں۔آج کی تقریب میں طبی ماہرین اور صحت کے پیشہ ور افراد کی شمولیت اس پیغام کو مزید تقویت دیتی ہے کہ احتیاطی صحت کا آغاز روزمرہ کی زندگی سے ہوتا ہے، اور فٹنس ہی ایک صحت مند، مضبوط اور زیادہ لچکدار ہندوستان کے وژن کو حاصل کرنے کی سمت پہلا قدم ہے۔

اپنے 44 ایڈیشنوں کے دوران، ’فِٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل‘ مہم کو ملک بھر میں 1,00,000 سے زائد مقامات سے بھرپور عوامی شرکت حاصل ہوئی ہے، جس میں اب تک 12.5 لاکھ سے زیادہ افراد شریک ہو چکے ہیں۔آج بھی مختلف مقامات پر تقاریب کا انعقاد کیا گیا، جن میں ایس اے آئی این سی او ای گوہاٹی، چھتیس گڑھ میں ایس ٹی سی، ایس اے آئی ایس ٹی سی الیپی، ایس اے آئی این ایس آر سی کولکتہ، ایس اے آئی ایس ٹی سی دھرم شالہ اور دیگر مراکز شامل ہیں۔یہ تقریبات ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے دارالحکومتوں سے لے کر اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (ایس اے آئی)کے علاقائی مراکز، نیشنل سینٹرز آف ایکسی لینس (این سی او ای ز)، ایس اے آئی ٹریننگ سینٹرز (ایس ٹی سی ز)، کھیلو انڈیا اسٹیٹ سینٹرز آف ایکسی لینس(کے آئی ایس سی ای ز)اور کھیلو انڈیا سینٹرز (کے آئی سی ز)تک منظم طور پر منعقد کی جا رہی ہیں۔
*****
UR-7454
(ش ح۔اس ک )
(Release ID: 2178165)
Visitor Counter : 15