وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیرِ اعظم نے لوک نائک جے پرکاش نارائن کو اُن کی سالگرہ پر خراجِ عقیدت پیش کیا


وزیرِ اعظم نے پورے بھارت میں سماجی و سیاسی بیداری کو تحریک دینے میں لوک نائک جے پرکاش کے کردار کی یاد دہانی کرائی

وزیرِ اعظم نے ایمرجنسی کے دوران لکھی گئی لوک نائک جے پرکاش کی ’جیل ڈائری‘ کے نایاب اوراق بھی شیئر کیے

Posted On: 11 OCT 2025 9:29AM by PIB Delhi

وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی نے لوک نائک جے پرکاش نارائن کو اُن کی سالگرہ پر یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے انہیں بھارت کی سب سے بے باک اور باضمیر آوازوں میں سے ایک اور جمہوریت و سماجی انصاف کے نہ تھکنے والے علمبردار کے طور پر بیان کیا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ لوک نائک جے پی نے اپنی پوری زندگی عام شہریوں کو بااختیار بنانے اور آئینی اقدار کو مضبوط کرنے کے لیے وقف کر دی تھی۔ اُن کی سمپورن کرانتی‘ (مکمل انقلاب) کی للکار نے ایک ایسی سماجی تحریک کو جنم دیا، جس نے مساوات، اخلاقیات اور بہتر طرزِ حکمرانی پر مبنی ایک مثالی قوم کے خواب کو جِلا بخشی۔

ان کے دیرپا ورثے کو یاد کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ لوک نائک جے پرکاش نارائن نے بہار اور گجرات سمیت پورے بھارت میں متعدد عوامی تحریکوں کو متاثر کیا، جنہوں نے سماجی و سیاسی بیداری کی ایک نئی لہر پیدا کی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اِن تحریکوں نے اُس وقت کی کانگریس حکومت کو مرکز میں جھنجھوڑ کر رکھ دیا، جس کے نتیجے میں ایمرجنسی نافذ کی گئی اور آئین کو پامال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے آرکائیوز سے لوک نائک جے پی کی کتاب ’جیل ڈائری‘ کے کچھ نایاب اوراق بھی شیئر کئے  جو ایمرجنسی کے دوران لکھی گئی تھی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ کتاب جے پی کے درد، تکلیف اور اُن کے جمہوریت پر غیر متزلزل یقین کو ظاہر کرتی ہے، جب وہ تنہائی میں قید تھے۔ وزیرِ اعظم نے لوک نائک جے پرکاش نارائن کے یہ دردناک الفاظ نقل کیے:
’’بھارتی جمہوریت کے تابوت میں ٹھوکی جانے والی ہر کیل، میرے دل میں پیوست ایک کیل کے مترادف ہے۔‘‘

ایکس پر اپنی پوسٹس کے سلسلے میں وزیرِ اعظم نے کہا:

’’ان کی سالگرہ کے موقع پر لوک نائک جے پی کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں، جو بھارت کی باضمیر، نڈر آوازوں میں سے ایک اور جمہوریت و سماجی انصاف کے نہ تھکنے والے علمبردار تھے۔‘‘

’’لوک نائک جے پی نے اپنی زندگی عام شہریوں کو بااختیار بنانے اور آئینی اقدار کو مضبوط کرنے کے لیے وقف کر دی۔ اُن کی سمپورن کرانتی کی پکار نے ایک ایسی تحریک کو جنم دیا جس نے مساوات، اخلاقیات اور بہتر حکمرانی پر مبنی بھارت کا خواب پیش کیا۔ انہوں نے بہار اور گجرات سمیت کئی ریاستوں میں عوامی تحریکوں کو جنم دیا، جنہوں نے پورے ملک میں سماجی و سیاسی بیداری پیدا کی۔ اِن تحریکوں نے اُس وقت کی کانگریس حکومت کو ہلا کر رکھ دیا، جس نے ایمرجنسی نافذ کی اور ہمارے آئین کو روند ڈالا۔‘‘

’’لوک نائک جے پی کی سالگرہ پر، آرکائیوز سے ایک نایاب جھلک‘‘...

یہ ہیں اُن کی کتاب ’’جیل ڈائری‘‘ کے صفحات، جو ایمرجنسی کے دوران لکھی گئی تھی۔

ایمرجنسی کے دوران، لوک نائک جے پی نے کئی دن تنہائی کی قید میں گزارے۔ اُن کی جیل ڈائری اُن کے درد و کرب اور جمہوریت پر اُن کے غیر متزلزل عقیدے کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے لکھا تھا:

’’بھارتی جمہوریت کے تابوت میں ٹھوکی جانے والی ہر کیل، میرے دل میں پیوست ایک کیل کے مترادف ہے۔‘‘

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7415


(Release ID: 2177706) Visitor Counter : 11