صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

ماریشس کے وزیر اعظم  نے صدر جمہوریہ ہند سے ملاقات کی

Posted On: 16 SEP 2025 3:28PM by PIB Delhi

جمہوریہ ماریشس کے وزیر اعظم  عزت مآب ڈاکٹر نوین چندر رام غلام نے آج (16 ستمبر 2025) کو راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔  اس میٹنگ کے ساتھ ہی  وزیر اعظم رام غلام کا  9 سے 16 ستمبر تک ہندوستان کا  سرکاری دورہ اختتام پذیر ہوگیا  ، اس دورے کے دوران انہوں نے ممبئی ، وارانسی ، ایودھیا اور تروپتی کا دورہ کیا۔

راشٹرپتی بھون میں وزیر اعظم رام غلام اور ان کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ماریشس ہندوستان کی ’پڑوسی پہلے‘کی پالیسی، ’مہاساگر ویژن‘اور عالمی جنوب کے لیے ہماری وابستگی میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔

صدر جمہوریہ کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ہندوستان اور ماریشس کے درمیان شراکت داری اور تعاون ہر شعبے میں مسلسل پیش رفت کررہا ہے۔  انہوں نے کہا کہ اس ترقی کی عکاسی تعلقات  کی  ’بہتر کلیدی شراکت داری ‘میں حالیہ پیش رفت سے ہوتی ہے۔

صدر جمہوریہ نے یہ جان کر خوشی کا اظہار کیا کہ بھارت ،حکومت ماریشس کی ترقیاتی ترجیحات کی حمایت کر رہا ہے اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نیا خصوصی اقتصادی پیکیج ماریشس کی حکومت اور عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل ہوگا۔   انہوں نے کہا کہ اسپتالوں، سڑکوں ، بندرگاہوں کی ترقی، دفاعی خریداری اور مشترکہ نگرانی سمیت ان پروجیکٹوں سے بنیادی ڈھانچے میں اضافہ ہوگا اور آنے والے سالوں میں لوگوں کی زندگیوں پر اس کا مثبت اثر پڑے گا۔  انہوں نے مزید کہا کہ اب ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور خلائی شعبے سمیت نئے شعبوں میں بھی دو طرفہ تعاون بڑھ رہا ہے ۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات منفرد ہیں ، جن کی جڑیں ہماری مشترکہ تاریخ ، زبان ، ثقافت اور اقدار پر مبنی ہیں۔  صدر جمہوریہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم رام غلام کی قیادت کے وسیع تجربے کے ساتھ ہندوستان اور ماریشس کے دیرینہ دو طرفہ تعلقات آنے والے وقت میں مزید مضبوط ہوں گے۔

*********

ش ح ۔م م ع۔  ت ا

U. No.6080


(Release ID: 2167270) Visitor Counter : 2