امور داخلہ کی وزارت
داخلہ و امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے آج احمد آباد میں ڈائل 112 کے تحت جنرکشک پروجیکٹس کا افتتاح کیا
وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ 11 برسوں میں دہشت گردی کے خلاف ’زیرو ٹالرنس‘ کی پالیسی کو حقیقت میں نافذ کرنے کے لیے انتھک محنت کی ہے
ڈائل 112، داخلی سلامتی، شہری حقوق کے تحفظ، قانون و انتظام اور فوری سہولیات کے لیے وزیر اعظم مودی کی دور اندیش پہل ہے
وزیراعظم مودی نے گجرات کے وزیراعلیٰ کے طور پر ریاست کی سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنایا
پہلے متعدد ٹول فری نمبروں نے عوام کو الجھا رکھا تھا، اب صرف 112 ڈائل کرکے تمام حفاظتی خدمات فوری طور پر دستیاب ہوں گی
عوامی خدمت کے لیے ڈائل 112 جنرکشک پی سی آر وین کا بیڑا گجرات میں تعینات کیا جائے گا
گجرات نے سرحد اور داخلی سلامتی کو مستحکم بنا کر دہشت گردی، منشیات اور سائبر جرائم پر مؤثر طور پرقابو پایا ہے
گجرات پولیس ہاؤسنگ بورڈ نے پولیس، ہوم گارڈ اور جیل ملازمین کے کام اور رہائش کے لیے 217 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف منصوبے مکمل کیے ہیں
میرے لیے یہ باعث مسرت ہے کہ مانسا پولیس اسٹیشن کو بی آئی یس سرٹیفکیٹ حاصل ہوا ہے
آپریشن سندور کے ذریعے بھارت نے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ اپنے شہریوں اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے وہ پوری طرح پرعزم ہے
چاہے شمال مشرق ہو، نکسل متاثرہ علاقے ہوں یا کشمیر، مودی حکومت نے دہشت گردوں اور مسلح گروپوں کو سبق سکھایا ہے
مودی حکومت کا عزم ہے کہ 31 مارچ 2026 تک ملک سے نکسل ازم کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا
Posted On:
31 AUG 2025 10:25PM by PIB Delhi
داخلہ و امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے آج گجرات کے احمد آباد میں ڈائل 112 کے تحت جنرکشک پروجیکٹس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گجرات کے وزیراعلیٰ جناب بھوپیندر پٹیل اور ریاستی وزیر داخلہ جناب ہرش سنگھوی سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کہا کہ ریاستی حکومت کے داخلہ محکمے نے ’112 جنرکشک‘ پروجیکٹ کے ذریعے گجرات کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’112 جنرکشک‘ پروجیکٹ کے افتتاح کے ساتھ ہی گجرات پولیس ہاؤسنگ کارپوریشن کی جانب سے 217 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ نئے مکانات اور دفاتر کے ساتھ ساتھ کل 1000 پولیس گاڑیوں کا بھی افتتاح کیا گیا ہے۔جناب امت شاہ نے مزید کہا کہ مانسا پولیس اسٹیشن کو بی آئی ایس سرٹیفکیٹ ملنا ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پیدائش اور پرورش مانسا میں ہوئی اور وہیں سے انہوں نے گجرات اور ملک کی سیاست میں خدمات انجام دینے کی صلاحیت حاصل کی، اس لیے ان کے لیے یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ مانسا پولیس اسٹیشن کو بی آئی ایس سرٹیفکیٹ ملا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کہا کہ ’112‘ پروجیکٹ ملک کی داخلی سلامتی کو یقینی بنانے، شہریوں کے حقوق کے تحفظ، قانون و انتظام قائم رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی ایک دور اندیش پہل ہے۔جناب شاہ نے خوشی کا اظہار کیا کہ آج گجرات ’ڈائل 112 جنرکشک‘ کے نقشے میں اپنا مقام درج کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک پولیس کے لیے 100، ایمبولینس کے لیے 108، فائر سروس کے لیے 101، خواتین ہیلپ لائن کے لیے 181، چائلڈ ہیلپ لائن کے لیے 1098، اور آفات کے لیے 1070 اور 1077 جیسے مختلف ٹول فری نمبروں کی الجھن عوام کو پریشان کرتی تھی۔لیکن اب لوگ صرف ایک ہی نمبر 112 ڈائل کرکے نہایت کم وقت میں آفات سے متعلق انتظام، چائلڈ ہیلپ لائن، خواتین ہیلپ لائن، فائر سروس، ایمبولینس اور پولیس مدد جیسی کسی بھی قسم کی سلامتی سے متعلق خدمات حاصل کر سکیں گے۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ تمام طرح کی خدمات کا ربط جدید ترین سافٹ ویئر سے چلنے والے نہایت اعلیٰ درجے کے کنٹرول روم کے ذریعے کیا جائے گا اور جی پی ایس سے لیس گاڑیاں ایک سائنٹفک نظام کے تحت کام کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ گاڑیاں، جن میں 108 ایمبولینسز کا بڑا بیڑا بھی شامل ہے، فون کرنے والے شخص کا مقام معلوم کریں گی اور قریب ترین پولیس، ایمبولینس یا فائر بریگیڈ کی گاڑی کو اطلاع بھیجنے کا انتظام کریں گی۔جناب شاہ نے کہا کہ یہ گجرات حکومت کی جانب سے نئے عہد کی اسمارٹ پولیسنگ سسٹم کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ یہ منصوبہ ریاستی ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کے ذریعے چلایا جائے گا، جو احمد آباد میں مرکزی کنٹرول کے تحت 24 گھنٹے فعال رہے گا۔ 150 نشستوں کی گنجائش والا یہ کال سینٹر ہر لمحہ چوکس رہے گا اور ایک مربوط نظام کے ذریعے ہر طرح کی خدمات سے منسلک ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ڈائل 112 جنرکشک پی سی آر وین کا بیڑا، جس میں کل 1000 گاڑیاں شامل ہیں، آج سے ہی عوامی خدمت میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ گجرات حکومت 112 پروجیکٹ کے انتظام کے لیے سالانہ 92 کروڑ روپے خرچ کرے گی۔ ان گاڑیوں میں لائٹ بار، پبلک ایڈریس سسٹم، ایم ڈی ٹی وائرلیس سیٹ، لوکیشن ٹریکر جیسی تمام جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ساتھ ہی تربیت یافتہ عملے کا بھی مؤثر انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ملک بھر کی پولیس کے لیے جس اسمارٹ پولیسنگ کا نعرہ دیا تھا، اسے جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرکے گجرات حکومت نے بہترین کام کیا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے مزید کہا کہ گجرات پولیس ہاؤسنگ بورڈ نے پولیس، ہوم گارڈ اور جیل اسٹاف کے کام اور رہائش کے لیے 217 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف منصوبے تعمیر کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ان عمارتوں میں دستیاب بہتر سہولیات کے ساتھ پولیس اہلکار، ہوم گارڈ جوان اور جیل اسٹاف گجرات کے عوام کی مزید مؤثر طریقے سے خدمت کر سکیں گے۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ گجرات ملک کی سب سے حساس سرحدی ریاستوں میں سے ایک ہے۔ ملک کی شمالی سرحد سے لے کر گجرات تک کا پورا سرحدی علاقہ کئی لحاظ سے حساس ہے۔ چاہے گجرات کا ساحلی علاقہ ہو، کَچھ کی سرحد ہو یا بناسکانٹھا کی سرحد — ان تمام علاقوں میں سلامتی کی خاص اہمیت ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے دورِ حکومت میں کئی ایسے واقعات پیش آئے تھے جنہوں نے ملک کی سلامتی پر سوال کھڑا کیا اور یہ سب گجرات کی سرحدوں کے راستے ہوئے تھے۔ لیکن جب سے ان کی جماعت اقتدار میں آئی اور خاص طور پر جب سے جناب نریندر مودی وزیراعلیٰ بنے، گجرات حکومت نے ریاست کی سرحدوں کو دشمنوں کے لیے ناقابلِ تسخیر بنانے کا کام کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر اچھی حکمرانی سے متاثر قیادت اقتدار سنبھالے تو کتنی بڑی تبدیلی ممکن ہے، اس کی بہترین مثال گجرات ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج گجرات نے نہ صرف سرحدی اور داخلی سلامتی کو مضبوط بنایا ہے بلکہ دہشت گردی، منشیات اور سائبر کرائم جیسے مختلف جرائم پر بھی مؤثر قابو پایا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ گجرات کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے وزیراعظم نریندر مودی نے جو راستہ ہموار کیا تھا، اسے موجودہ وزیراعلیٰ جناب بھوپیندر پٹیل اور ریاستی وزیر داخلہ جناب ہرش سنگھوی نے آگے بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومتوں نے گجرات کو ملک کی سب سے محفوظ ریاست بنانے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے 11 سالہ دور اقتدار میں نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا میں یہ ثابت ہو گیا ہے کہ ملک کی بیرونی اور اندرونی سلامتی کے معاملے میں بھارتی فوج اور سرحدوں کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب مخالف جماعتوں کے دور حکومت میں کئی برسوں تک ملک کے مختلف حصوں میں بم دھماکے ہوتے تھے اور مرکزی حکومت کی جانب سے کوئی سخت ردعمل سامنے نہیں آتا تھا۔ ریاستی حکومتوں کی جانب سے چند اقدامات کے علاوہ کچھ نہیں کیا جاتا تھا۔لیکن جب نریندر مودی وزیراعظم بنے تو پاکستان نے اڑی، پلوامہ اور پہلگام جیسے تین بڑے حملے کرنے کی غلطی کی اور مودی حکومت نے ہر بار پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار سرجیکل اسٹرائیک کیا گیا، دوسری بار فضائی حملہ ہوا، اور جب پھر بھی پاکستان باز نہ آیا تو تیسری بار ’آپریشن سندور‘ کے تحت صرف پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر ہی نہیں بلکہ پاکستان کی سرحد کے اندر 100 کلومیٹر اندر گھس کر دہشت گردوں کے بڑے اڈے تباہ کر دیے گئے۔ جناب شاہ نے کہا کہ بھارت نے دنیا کو یہ مضبوط پیغام دیا ہے کہ اپنے دفاع، اپنے شہریوں اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے وہ کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’آپریشن سندور‘ نے دہشت گردانہ واقعات کے ماسٹر مائنڈز کو سبق سکھایا اور پہلگام حملے میں ملوث تینوں پاکستانی دہشت گردوں کو ’آپریشن مہادیو‘ کے تحت ختم کر دیا گیا۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کے وزیراعظم اور گجرات کےقابل فخرفرزند جناب نریندر مودی نے گزشتہ 11 برسوں میں نہ صرف اصولی طور پر بلکہ عملی طور پر بھی ’دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس‘ کی پالیسی نافذ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے ملک کا شمال مشرقی خطہ ہو، نکسل سے متاثرہ علاقے ہوں یا کشمیر -مودی حکومت نے تینوں ہاٹ اسپاٹ میں دہشت گردوں اور مسلح گروہوں کو سبق سکھایا ہے۔ شمال مشرق میں 10 ہزار سے زائد دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔انہوں نے ایک بار پھر یقین دلایا کہ مودی حکومت 31 مارچ 2026 تک ملک سے نکسلزم کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ڈائل 112 کے تحت جنرکشک پروجیکٹس کے افتتاحی پروگرام سے قبل، مرکزی وزیر داخلہ نے احمد آباد میں مختلف تقریبات میں شرکت کی۔ انہوں نے گوٹا اور چاندلودیا وارڈ میں شہری صحت مرکز کا افتتاح کیا اور رانیپ، اسٹیڈیم اور گھاٹلودیا وارڈ میں شجر کاری کی۔ اس کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ نے احمد آباد شہر کے کُلدیوِی میں شری بھدرکالی ماتا جی کے قدیم مندر کی زیارت کی اور پوجا کی۔ ساتھ ہی انہوں نے ٹورینٹ گروپ-یواین ایم فاؤنڈیشن کے ذریعےازسرنو تجدیدکاری کےبعد ’سردار باغ‘ کا بھی افتتاح کیا۔
*****
ش ح – ع ح۔ م ش
UR No. 5510
(Release ID: 2162572)
Visitor Counter : 4