ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
ببرشیروں کا عالمی دن کل: گجرات میں پروگرام کا اہتمام
مرکزی وزیر جناب بھوپندر یادو اور گجرات کے وزیر اعلیٰ جناب بھوپندر پٹیل، گجرات کے بارڈا وائلڈ لائف سینکچری میں ببر شیروں کے عالمی دن کی تقریبات میں شریک ہوں گے
جنگلی حیات کے تحفظ کی 180 کروڑ روپے کی پہل کا آغاز کیا جائے گا
گیارہ اضلاع کے لاکھوں طلبہ ورلڈ لائن ڈے 2025 کی تقریبات میں آن لائن شامل ہوں گے
Posted On:
09 AUG 2025 11:02AM by PIB Delhi
وزارت ماحولیات، جنگلات و تبدیلیٔ آب و ہوا، حکومتِ گجرات کے محکمہ جنگلات و ماحولیات کے اشتراک سے ببر شیروں کے عالمی دن 2025 کوکل 10 اگست گجرات کے ضلع دیوبھومی دوارکا میں واقع بارڈا وائلڈ لائف سینکچری میں منائے گی۔
اس تقریب کی رونق گجرات کے وزیر اعلیٰ جناب بھوپندر پٹیل، وفاقی وزیر برائے ماحولیات، جنگلات و تبدیلیٔ آب و ہوا جناب بھوپندر یادو، گجرات کے وزیر جنگلات جناب مُلُو بھائی بیرا، اراکینِ پارلیمنٹ، ریاستی ارکانِ اسمبلی اور دیگر عوامی نمائندے بڑھائیں گے۔
ورلڈ لائن ڈے، جو ہر سال 10 اگست کو منایا جاتا ہے، کا مقصد دنیا بھر میں شیروں کے تحفظ اور بقا کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ گجرات میں ایشیائی شیر ایک منفرد ماحولیاتی اور ثقافتی خزانہ ہے جو صرف سوراشٹر کے علاقے میں پایا جاتا ہے۔ وزارت اور ریاست کی جانب سے پروجیکٹ لائن کے تحت اور حکومتِ گجرات کی قیادت میں کی جانے والی مسلسل کوششوں نے اس علامتی جانور کی بقا اور افزائش میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔
’ورلڈ لائن ڈے‘ کی شاندار تقریبات 10 اگست کو گجرات کے سوراشٹر کے 11 اضلاع میں منعقد کی جائیں گی تاکہ ’’جنگل کے بادشاہ‘‘ یعنی ایشیائی شیر کے تحفظ اور بقا کے بارے میں شعور اجاگر کیا جا سکے۔ یہ شاندار جانور تقریباً 35,000 مربع کلومیٹر کے قدرتی مسکن میں سوراشٹر کے 11 اضلاع میں آزادانہ گھومتے ہیں۔ گجرات میں شیروں کی آبادی 2020 سے اب تک 32 فیصد بڑھ چکی ہے، جو 2020 میں 674 تھی اور مئی 2025 کی آبادی کے تخمینے کے مطابق بڑھ کر 891 ہو گئی ہے۔
بارڈا وائلڈ لائف سینکچری، جو ضلع پور بندر اور دیوبھومی دوارکا میں 192.31 مربع کلومیٹر پر پھیلی ہوئی ہے، ایشیائی شیروں کے لیے دوسرا گھر بنتی جا رہی ہے۔ 2023 میں اس علاقے میں شیروں کی قدرتی ہجرت کے بعد یہاں آبادی بڑھ کر 17 ہو گئی ہے، جن میں 6 بالغ اور 11 بچے شامل ہیں۔ یہ سینکچری حیاتیاتی تنوع کا ایک اہم مرکز ہے اور ایشیائی شیروں کے تحفظ کا کلیدی علاقہ ہے۔ دوارکا-پور بندر-سومناتھ سیاحتی سرکٹ کے قریب واقع ہونے کے سبب بارڈا کا علاقہ نمایاں سیاحتی امکانات رکھتا ہے۔ تقریباً 248 ہیکٹیئر رقبے پر ایک سفاری پارک قائم کرنے کا منصوبہ ہے جس کے لیے ریاستی حکومت نے زمین مختص کر دی ہے۔ اس موقع پر تقریباً 180 کروڑ روپے مالیت کے جنگلی حیات کے تحفظ کے منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔
اس تقریب میں گریٹر گیر لائن لینڈ اسکیپ کے 11 اضلاع کے اسکولوں اور کالجوں کے لاکھوں طلبہ بھی سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے ذریعے شامل ہوں گے۔ سال 2024 میں ورلڈ لائن ڈے کے موقع پر 18.63 لاکھ طلبہ نے اس تقریب میں شرکت کی تھی۔
*****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno- 4436
(Release ID: 2154604)