وزارت ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان اور مالدیپ نے ماہی گیری اور آبی زراعت میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت نامے پر دستخط کیے

Posted On: 26 JUL 2025 11:04AM by PIB Delhi

ہندوستان کی ماہی گیری، مویشی پروری اور ڈیری کی وزارت کے تحت محکمہ ماہی گیری اور مالدیپ کی ماہی گیری اور سمندری وسائل کی وزارت نے ماہی گیری اور آبی زراعت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔  یہ مفاہمت نامہ 25 جولائی 2025 کو وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے جزیرائی ملک کے سرکاری دورے کے دوران ہندوستان اور مالدیپ کے درمیان تبادلے کے 6 مفاہمت ناموں کا حصہ ہے۔

اس شراکت داری کا مقصد پائیدار ٹونا اور گہرے سمندر میں ماہی گیری کو فروغ دینا، آبی زراعت اور پائیدار وسائل کے انتظام کو مضبوط کرنا، ماہی گیری پر مبنی ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینا  اور دونوں ممالک میں اختراع اور سائنسی تحقیق کی حمایت کرنا ہے۔

مفاہمت نامے میں بیان کردہ تعاون کے کلیدی شعبوں میں ویلیو چین کی ترقی، سمندری زراعت کی ترقی ، تجارتی سہولت اور ماہی گیری کے شعبے میں صلاحیت سازی شامل ہیں۔  اس پہل کے ایک حصے کے طور پر، مالدیپ کولڈ اسٹوریج کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کرکے اور ماہی پروری کے شعبے کو ہیچری کی ترقی ، پیداوار کی بہتر کارکردگی  اور متنوع اقسام کے ذریعے مضبوط بنا کر اپنی مچھلی پروسیسنگ کی صلاحیتوں کو بڑھائے گا۔

یہ مفاہمت نامہ آبی حیات کی صحت، بائیو سکیورٹی اسکریننگ، آبی زراعت فارم مینجمنٹ  اور ریفریجریشن، مکینیکل انجینئرنگ  اور میرین انجینئرنگ جیسے خصوصی تکنیکی شعبوں میں صلاحیت سازی پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ، تربیت اور علم کے تبادلے کے پروگراموں کو بھی سہولت فراہم کرے گا۔

یہ تعاون ماہی گیری کی صنعت کے لیے زیادہ لچکدار، اختراعی اور پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لیے ہندوستان اور مالدیپ کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔

 

******

ش ح۔ ف ا۔ م ر

U-NO. 3376


(Release ID: 2148800)