وزارت دفاع
ڈی آر ڈی او نے جدید بغیر پائلٹ فضائی گاڑی سے داغے جانے والے وی-3 پریسیشن گائیڈڈ میزائل کے کامیاب فضائی تجربات کئے
Posted On:
25 JUL 2025 2:47PM by PIB Delhi
بھارت کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی ایک اہم پیش رفت کے طور پر، ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) نے بغیر پائلٹ فضائی گاڑی سے داغے جانے والے پریسیشن گائیڈڈ میزائل(یوایل پی جی ایم)-وی 3 کے کامیاب فضائی تجربات آندھرا پردیش کے کرنول میں واقع نیشنل اوپن ایریا رینج (این اواے آر) پر مکمل کر لیے ہیں۔ یہ میزائل یوایل پی جی ایم-وی2 کا جدید اور بہتر ورژن ہے، جسے اس سے قبل ڈی آر ڈی او نے تیار کر کے فراہم کیا تھا۔
یو ایل پی جی ایم وی-3 ایک جدید ہائی ڈیفینیشن ڈوئل چینل سیگر سے لیس ہے، جو مختلف اقسام کے اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسے میدانی علاقوں کے ساتھ ساتھ بلند و بالا مقامات پر بھی مؤثر طریقے سے داغا جا سکتا ہے۔ یہ میزائل دن اور رات کے وقت کام کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اور اس میں دو طرفہ ڈیٹا لنک موجود ہے جو فائرنگ کے بعد ہدف یا نشانے کی معلومات کو تازہ کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

یہ میزائل ڈی آر ڈی او کی مختلف تجربہ گاہوں کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، جن میں ریسرچ سینٹر امارت، ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ لیبارٹری، ٹرمینل بیلسٹکس ریسرچ لیبارٹری، ہائی انرجی میٹیریلز ریسرچ لیبارٹری، انٹیگریٹڈ ٹیسٹ رینج، اور ڈیفنس الیکٹرانکس ریسرچ لیبارٹری شامل ہیں۔ موجودہ تجربات اینٹی آرمَر (بکتربند گاڑیوں کو تباہ کرنے والے) وارہیڈ کی ترتیب کے لیے کیے گئے۔
یہ میزائل ایک بغیر پائلٹ فضائی گاڑی (یواے وی) سے داغا گیا، جو بھارت کی مقامی اسٹارٹ اپ کمپنی نیواسپیس ریسرچ ٹیکنالوجیز، بنگلورو نے تیار کی ہے۔ ڈی آر ڈی او اس وقت کئی دیگر بھارتی کمپنیوں کے تیار کردہ طویل فاصلے اور طویل پرواز کی صلاحیت رکھنے والے یو اے ویز کے ساتھ یوایل پی جی ایم ہتھیاروں کے انضمام پر سرگرمی سے کام کر رہا ہے۔اس منفرد منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں ڈیولپمنٹ کم پروڈکشن پارٹنرز (ڈی سی پی پی ایس) اڈانی ڈیفنس اور بھارت ڈائنامکس لمیٹڈ، حیدرآبادکے علاوہ تقریباً 30 مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز(ایم ایس ایم ایز) / اسٹارٹ اپس نے اہم کردار ادا کیا۔
وزیر دفاع جناب راجناتھ سنگھ نے ڈی آر ڈی او اور صنعت کے شراکت داروں، ڈیولپمنٹ کم پروڈکشن پارٹنرز (ڈی سی پی پی ایس)، انتہائی چھوٹی، چھوٹی اور درمیانہ درجے کی انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ایز) اور اسٹارٹ اپس کو یوایل پی جی ایم وی-3 سسٹم کی تیاری اور کامیاب تجرباتی پروازوں پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اس کامیابی کو اس بات کا ثبوت قرار دیا کہ بھارتی صنعت اب اہم دفاعی ٹیکنالوجیز کو اپنانے اور تیار کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
سیکریٹری، محکمہ دفاع تحقیق و ترقی اور چیئرمین ڈی آر ڈی او ڈاکٹر سمیر وی کامت نے ٹیموں، ڈی سی پی پی ایس اور اسٹارٹ اپس کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس قسم کے ہتھیار کی ترقی موجودہ دور کی سب سے اہم ضرورت ہے۔
************
ش ح ۔ ش ت ۔ م ا
Urdu Release No-3304
(Release ID: 2148350)