کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے نوجوانوں سے 2047 تک وِکست بھارت کے معمار بننے کی اپیل کی


میں آپ کو آنے والے کل کے بھارت کو بدلنے، آگے بڑھانے اور نئی سمت دینے والا بننے کی دعوت دیتا ہوں: جناب پیوش گوئل

وکست بھارت کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کا 'پنچ پران' ایک رہنما وژن ہے: جناب پیوش گوئل

Posted On: 18 JUL 2025 1:16PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر برائے تجارت و صنعت، جناب پیوش گوئل نے آج نوئیڈا میں انڈیا کی انٹرنیشنل موومنٹ ٹو یونائیٹڈ نیشنز (آئی آئی ایم یو این)  کانفرنس 2025 کا افتتاح کیا۔طلباء اور نوجوان قائدین کے ایک پُرجوش اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے امرت کال کے لیے پیش کیے گئے وژن ’پنچ پران‘ (پانچ عہد) کے تحت 2047 تک "وکست بھارت" (ترقی یافتہ بھارت) کی تعمیر میں بھرپور کردار ادا کریں۔

جناب گوئل نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان ایک بڑی تبدیلی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ 15 اگست 2022 کو وزیر اعظم کے قوم سے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2047 میں آزادی کے سو برس مکمل ہونے تک امرت کال کے یہ 25 سال ملک کے لیے ایک فیصلہ کن دور ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ 2047 تک بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کا عہد کریں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ’پنچ پران‘ میں سب سے پہلا عہد یہی ہے کہ بھارت کو ایک ترقی یافتہ قوم بنایا جائے۔ نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ دہائیوں میں وہی اس عظیم تبدیلی کے اصل محرک ہوں گے۔ انہوں نے کہا، "یہ عزم اُسی وقت پورا ہو سکتا ہے جب ہم باقی چار عہدوں کو بھی یکساں سنجیدگی سے اپنائیں۔"

جناب گوئل نے کہا کہ دوسرا عہد نوآبادیاتی ذہنیت کو ترک کرنا ہے۔ انہوں نے ہندوستان کی ایک عالمی معاشی قوت کے طور پر شاندار تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدیوں کی غیر ملکی حکمرانی نے ہمارے اعتماد کو کمزور کیا اور ہماری صلاحیتوں پر قدغن لگائی۔ انہوں نے کہا :"ہمیں ماضی کی زنجیروں میں جکڑے نہیں رہنا چاہیے بلکہ عالمی معیار پر پورا اترنے اور بلند و بالا اہداف کے حصول کے لیے کوشاں رہنا چاہیے۔"

تیسرے عہد کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ یہ عہد بھارت کی وراثت پر فخر کرنے سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی تاریخ، ثقافت، روایات اور اقدار کا نظام انتہائی اہمیت کا حامل ہے، خصوصاً جب ہم ایک ترقی یافتہ قوم بننے کی سمت بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا: "وکاس بھی، وراثت بھی — ہمیں ترقی کے ساتھ ساتھ اپنی وراثت کی حفاظت کرنی ہے۔ ہمارا تنوع ہماری طاقت ہے، اور ہمیں اپنی روایات کو ترقی کے اجتماعی سفر میں شامل کرنا ہوگا۔"

چوتھے عہد کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ قوم کی یکجہتی اور سالمیت کو ہمیشہ اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے  آئی آئی ایم یو این کی جانب سے ملک اور بیرونِ ملک کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ:
"
یہ اتحاد بھارت کی سب سے بڑی طاقت ہے، جسے ہر سطح پر فروغ دینا اوربرقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ یہی اجتماعی جذبہ بھارت کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے سفر میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

پانچویں اور آخری عہد کے بارے میں جناب گوئل نے کہا کہ یہ 1.4 ارب بھارتیوں کا اجتماعی عزم ہے کہ وہ قوم کی تعمیر میں اپنا بھرپور حصہ لیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت اسی وقت ترقی یافتہ ملک بن سکتا ہے جب تمام شہری ایک خاندان کی طرح، مشترکہ ذمہ داری اور باہمی ہمدردی کے جذبے کے ساتھ مل کر کام کریں۔
انہوں نے کہا:"ہمیں پسماندہ طبقات کا خیال رکھنا ہوگا، کمزوروں کی مدد کرنی ہوگی، اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہماری ترقی ہمہ گیر اور پائیدار ہو۔"

وزیر موصوف نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قومی تعمیر کو اپنا فریضہ اور اعزاز سمجھیں، اور ہر کام کو مکمل عزم اور دیانت داری کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو دوسروں کے لیے ہمدردی اور احساس کے جذبات کو فروغ دینا چاہیے اور جو بھی ذمہ داری سنبھالیں، اسے پوری لگن سے نبھائیں۔

اساتذہ اور رہنماؤں کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے، جناب گوئل نے کہا کہ اگرچہ اسکول اور کالج کے زمانے میں ان کی خدمات کو اکثر نظرانداز کر دیا جاتا ہے، لیکن وہ فرد اور قوم کے مستقبل کو سنوارنے میں ایک کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے استاد اور شاگرد کے رشتے کو زندگی کے سب سے قیمتی اور دیرپا رشتوں میں سے ایک قرار دیا۔

جناب گوئل نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سرکاری خدمات اور عوامی زندگی میں فعال کردار ادا کرنے پر بھی غور کریں۔ انہوں نے یومِ آزادی 2024 کے موقع پر وزیر اعظم کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے ایک لاکھ نوجوان مرد و خواتین کو سیاست اور عوامی خدمات میں شامل ہونے کی دعوت دی تاکہ وہ تبدیلی کے علمبردار بن سکیں۔
انہوں نے کہا:"ہمیں ایسی باصلاحیت اور پُرعزم شخصیات کی ضرورت ہے جو خدمت، ہمدردی اور اخلاص کے جذبے کے ساتھ پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کر سکیں۔"

جناب گوئل نے نوجوانوں کو بھارت کے مستقبل کی قیادت سنبھالنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا:
"
آنے والے کل کے بھارت کو بدلنے والے، آگے بڑھانے والے اور سمت دینے والے آپ ہی ہوں گے۔ اجتماعی عزم کے ساتھ ہم ہر چیلنج پر قابو پا سکتے ہیں اور اپنے وطن کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔"

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح –اس ک۔ ش ب ن)

U. No.2876


(Release ID: 2145760) Visitor Counter : 10