صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدرِ جمہوریہ نے راوین شاہ یونیورسٹی کی تقریب اسناد میں شرکت کی
راوین شاہ گرلز ہائی اسکول کی تین عمارتوں کی نئے سرے سے ترقی کا صدرِ جمہوریہ نے سنگِ بنیاد رکھا
Posted On:
15 JUL 2025 3:33PM by PIB Delhi
صدرِ جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے آج (15 جولائی 2025)کو اڈیشہ کے کٹک میں راوین شاہ یونیورسٹی کی تقریب اسناد میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ یہ تعلیمی ادارہ آزادی کی جدوجہد کا ایک فعال مرکز تھا اور ریاست اڈیشہ کے قیام کی تحریک سے جڑا ہوا ہے۔ یہ ادارہ مسلسل تعلیم کی ترقی اور خواتین کے حقوق کے لیے اہم خدمات انجام دیتا رہا ہے۔ اس کے متعدد سابقہ طلباء نے آزادی کے متوالوں، تعلیم دانوں، ادیبوں، فلسفیوں، سیاسی رہنماؤں، سماجی مصلحین، سائنسدانوں اور فنکاروں کے طور پربھارت کی عزت کو بڑھایا ہے۔

صدرِ جمہوریہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ راوین شاہ یونیورسٹی تحقیق، جدت اور شمولیت میں نمایاں پیش رفت کر رہی ہے۔ یونیورسٹی نے مشاورتی خدمات اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے متعدد صنعتوں کے شراکت داروں کو اپنی مہارت فراہم کی ہے۔ اس کا ’’سنٹر آف ڈیزائن،انوویشن اینڈانٹرپرینیورشپ‘‘ آئیڈیاز، ٹرانسلیشنل تحقیق اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دیتا ہے۔ صدرِ جمہوریہ نے یہ بھی کہا کہ یونیورسٹی قبائلی علاقوں، پسماندہ گروپوں اور معذور افراد کی تعلیم میں اضافہ کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ یہ سائنس اور ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ، 3ڈی پرنٹنگ اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ نے ہمارے سوچنے اور کام کرنے کے انداز میں وسیع تر تبدیلیاں لائی ہیں۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ یونیورسٹی ان ٹیکنالوجیز کا اچھا استعمال کر رہی ہے۔ تاہم، انہوں نے سبھی کوان جدید ٹیکنالوجیز کے غلط استعمال سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ہمارا ملک اس وقت ’’امرت کال‘‘ سے گزر رہا ہے۔سال2047 تک بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا ہمارا قومی مقصد ہے۔ ’’ملک مقدم‘‘ کا جذبہ ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ ہمارے فوجی، کسان، سائنسدان، انجینئرز، ڈاکٹرز اور مختلف شعبوں میں سرگرم افراد بھارت کی عزت بڑھانے کے جذبے سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے طلباء سے اپیل کی کہ وہ ان سے تحریک لیں اور اپنے علم، مہارت اور لگن سے ملک کی ترقی میں اپناتعاون کریں۔

اگلے پروگرام میں، صدرِ جمہوریہ نے کٹک میں راوین شاہ گرلز ہائی اسکول کی تین عمارتوں کی نئے سرے سے ترقی کا سنگِ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ تعلیم کا معیار اور اچھا بنیادی ڈھانچہ ایک بہتر تعلیمی ماحول تیار کرتے ہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ترقیاتی منصوبے کی تکمیل کے بعد اس اسکول کی سہولتیں مزید بہتر ہوں گی۔ صدرِ جمہوریہ نے لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق اس منصوبے کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی تعریف کی۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ مختلف تقسیم اسنادتقریبات کے دوران انہوں نے یہ محسوس کیا ہے کہ لڑکیاں جب برابر کی سہولتیں اور مواقع فراہم کیے جاتے ہیں تو وہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ انہوں نے یہ بات بھی اُجاگر کی کہ خواتین ہر شعبے میں فعال طور پر اپنا تعاون پیش کر رہی ہیں، چاہے وہ تعلیم اور ادب ہو یا سائنس، ٹیکنالوجی، صنعت اور تجارت ہو۔ صدرِ جمہوریہ نے لڑکیوں سے اپیل کی کہ وہ ان خواتین سے تحریک حاصل کریں جو مختلف شعبوں میں کامیابی کے نئے معیار قائم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیاں اپنے علم، خود اعتمادی، مہارت اور عزم کے ذریعے ناممکن کو بھی ممکن بنا سکتی ہیں۔
************
ش ح ۔ ض ر ۔ م ا
Urdu Release No-2769
(Release ID: 2144863)
Visitor Counter : 2