وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم ہند کی ارجنٹینا کے صدر جاویئر میلی سے ملاقات

Posted On: 06 JUL 2025 1:48AM by PIB Delhi

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج ارجنٹینا کے صدر محترم جاویئر میلی سے ملاقات کی۔ جب وزیراعظم کاسا روزاڈا پہنچے تو صدر میلی نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ کل بیونس آئرس پہنچنے پر وزیراعظم کو شاندار استقبالیہ دیا گیا۔ یہ دورہ اس لحاظ سے بڑی اہمیت رکھتا ہے کہ یہ ارجنٹینا کا کسی بھارتی وزیراعظم کا 57 سال بعد پہلا دو طرفہ دورہ ہے۔ اس سال بھارت اور ارجنٹینا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے یہ سال دو طرفہ تعلقات میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے صدر میلی کا، اُن اور ان کے وفد کے ساتھ حسنِ سلوک اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان محدود اور وفدی سطح پر ملاقاتیں ہوئیں۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیل سے جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، جن میں اہم معدنیات، تیل و گیس، دفاع، ایٹمی توانائی، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، زرعی مقاصد کے لیے ڈرونز کا استعمال، ماہی گیری اور بجلی کی ترسیل کی نگرانی، اطلاعاتی اور مواصلاتی ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) ، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر، یو پی آئی، خلائی تحقیق، ریلوے، دواسازی، کھیل اور عوامی روابط شامل ہیں۔ رہنماؤں نے جاریہ اقتصادی تعاون کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ دو طرفہ تجارت مستحکم راہ پر ہے، تاہم دونوں فریقین کو تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور نئی جہت تلاش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ باہمی تجارت کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ اس ضمن میں، انہوں نے بھارت-مریکیسور ترجیحی تجارتی معاہدے کی توسیع پر بھی گفتگو کی۔

وزیراعظم نے پہلگام میں ہوئے بربریت آمیز دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرنے پر صدر میلی کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف بھارت کے موقف کی حمایت پر ارجنٹینا کی یکجہتی کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشت گردی انسانیت کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے اور عالمی سطح پر اس کے خلاف لڑائی کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

رہنماؤں نے اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قریبی اشتراک جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور عالمی خطۂ جنوب کے مسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے اپنے دورے کے اختتام پر بیونس آئرس میں مہاتما گاندھی اور رابندر ناتھ ٹیگور کے مجسموں پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر میلی نے ارجنٹینا کے اس تاریخی دورے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے صدر میلی کو مناسب وقت پر بھارت کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno- 2494


(Release ID: 2142660)