پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان نےآئرلینڈ اور کناڈا کے ساتھ مل کرایئر انڈیا کنشک بم دھماکے کی40 ویں برسی پر متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا  


مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے دہشت گردی کے خلاف عالمی اتحاد  پر زور دیا

Posted On: 23 JUN 2025 3:45PM by PIB Delhi

آئرلینڈ کے کارک کے آہکسٹا میں ایئر انڈیا کی فلائٹ 182 (کنشک) بم دھماکے کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے پٹرولیم اور قدرتی گیس کے مرکزی وزیر جناب ہردیپ سنگھ پوری نے بین الاقوامی برادری سے دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا‘‘دنیا کو نہ صرف گہرے  رنج وغم کے الگ الگ واقعات میں بلکہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اجتماعی، فعال کوششوں میں متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔’’

2.jpg

23 جون 1985 کے سانحہ کو یاد کرتے ہوئے، جب ایئر انڈیا کی فلائٹ 182 کوکناڈا میں دہشت گردوں  نے بم دھماکہ کرکے فضا میں تباہ کر دیا گیا تھا۔اس دھماکہ میں جہاز میں سوار تمام 329 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جن میں80 سے زائد  بچے بھی شامل تھے۔جناب پوری نے کہا کہ یہ سانحہ کوئی حادثہ نہیں تھا بلکہ‘‘ ہندوستان کو تقسیم کرنے کی خواہش رکھنے والے انتہا پسند عناصر کی طرف سے ایک جان بوجھ کر کی گئی انتہائی گھناؤنی حرکت’’ تھی ۔

وزیر موصوف نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی ماضی کے مسائل نہیں بلکہ موجودہ دور کے خطرات ہیں جو پوری دنیا میں معصوم جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ‘‘ہندوستان کئی دہائیوں سے دہشت گردی کی لعنت کا شکار  بنتا آرہا ہے ۔جموں و کشمیر سے لے کر پنجاب  اور ممبئی تک ہندوستان کےلوگوں نے بار بار بم دھماکوں، قتل و غارت  گری اور مظالم کا سامنا کیا ہے۔’’انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک  دہشت گردی کے مسئلے سے دوچار ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ 2024 میں عالمی دہشت گردی سے متعلق اموات میں 22 فیصد اضافہ ہوا۔

کناڈا کی حکومت سے اس مشترکہ خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے  ہندوستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے جناب ہردیپ سنگھ پوری نے کہا:

‘‘کناڈا ہمارا ایک اہم شراکت دار اور دوست ہے اورہمارے درمیان مضبوط ثقافتی اور معاشی تعلقات قائم ہیں۔  ہندوستان اور کناڈا جمہوری روایات کے  پابند ہیں۔’’

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان انٹیلیجنس کے تبادلے، انتہاپسندی کے خلاف اقدامات، اور دہشت گردی کی مالی معاونت کو روکنے کے لیے مزید قریبی تعاون پر زور دیا۔

‘‘ ہندوستان اس ضمن میں مزید اقدامات کے لیے تیار ہے۔ ہماری سیکیورٹی ایجنسیاں، انٹیلیجنس نیٹ ورک اور سفارتی چینلز پوری طرح پرعزم ہیں کہ دنیا کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ ایسے  واقعات  دوبارہ پیش نہ آئیں۔’’

جناب پوری نے 1985 کے سانحے کے بعد آہکسٹا کے عوام اور آئرش حکومت کی ہمدردی و انسانیت کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا:

‘‘انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے لیے اپنے دل اور دروازے کھول دیے۔یہ انسانیت کا ایسا مظاہرہ تھا جو آج بھی دنیا کو متاثر کررہا ہے۔’’

انہوں نے مزید کہا کہ اس سانحے کے بعد  ہندوستان اور آئرلینڈ کے درمیان جو منفرد دوستی قائم ہوئی وہ آج مضبوط دوطرفہ تعلقات میں تبدیل ہو چکی ہےاور 2023 میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت تقریباً 16 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

اختتامی کلمات میں وزیر موصوف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ  ہندوستان متاثرین کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھے گا اور عالمی امن و سلامتی کے لیے کوشاں رہے گا۔

‘‘آج کی یادگاری تقریب  سے دنیا کویہ پیغام جائے کہ نفرت اور دہشت پھیلانے والے کبھی بھی انسانیت ، جمہوریت اور دوستی پر غالب نہیں آ پائیں گے ۔’’

یہ تقریب آئرش وزیرِ اعظم میشیل مارٹن، کینیڈین وزیر برائے عوامی تحفظ گیری اننداسنگاری، مقامی آئرش حکام، ابتدائی امدادی کارکنوں اور متاثرین کے خاندانوں کی موجودگی میں منعقد ہوئی، جہاں سب نے مل کر اس  غم ناک سانحے کویاد کیا۔

******

ش ح۔م ح ۔خ م

U-NO. 2050


(Release ID: 2138920)