اقلیتی امور کی وزارتت
azadi ka amrit mahotsav

اقلیتی امور کی وزارت کے سیکرٹری نے اُمید پورٹل کے نفاذ اور مہاراشٹر میں حج2025 کے انتظامات کا جائزہ لیا


ریاست میں پردھان منتری جن وکاس کاریہ کرم کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا

Posted On: 22 JUN 2025 12:53PM by PIB Delhi

یونائیٹڈ وقف مینجمنٹ، ایمپاورمنٹ، ایفیشنسی اینڈ ڈیولپمنٹ ایکٹ 1995 (یعنی امید) کے مرکزی پورٹل کے 6 جون 2025 کو آغاز کے بعد، اقلیتی امور کی وزارت ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ اس قانونی پلیٹ فارم کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔ امید پورٹل کی ہدایت کے مطابق، ملک بھر کی تمام اندراج شدہ وقف جائیدادوں کی تفصیلات چھ ماہ کے اندر اندر لازمی طور پر اپ لوڈ کی جانی ہیں۔

اسی سلسلے میں، وزارتِ اقلیتی امور کے سیکرٹری ڈاکٹر چندرشیکھر کمار نے 21 جون 2025 کو ممبئی کا دورہ کیا اور ریاستی سیکرٹری، سینئر افسران اور مہاراشٹر ریاستی وقف بورڈ کے سی ای او کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی۔ یہ ان کا دوسرا دورہ تھا؛ اس سے قبل وہ گزشتہ ہفتے بہار میں اسی نوعیت کی میٹنگ کر چکے ہیں۔

میٹنگ کے دوران، ڈاکٹر کمار نے حکام کو جلد ہی جاری کیے جانے والے ان قواعد سے آگاہ کیا جو پورٹل کے قانونی تقاضوں کی تائید کریں گے۔ انہوں نے ریاستی حکام کو فعال شرکت کی ترغیب دی اور نفاذ کے عمل کو ہموار بنانے کے لیے تجاویز کی دعوت دی۔ وقف بورڈ کے سی ای او نے وقف جائیدادوں سے متعلق بعض لیزنگ دفعات پر نظرِ ثانی اور نرمی کی درخواست کی، جس پر ڈاکٹر کمار نے ہمدردی سے غور کرنے کا یقین دلایا اور وقف بورڈوں کو بااختیار بنانے اور وقف جائیداد کے بہتر انتظام کے مرکزی عزم کو دہرایا۔

امید پورٹل پر جائزہ کے علاوہ، سیکرٹری نے مہاراشٹر میں پردھان منتری جن وکاس کاریہ کرم (پی ایم جے وی کے) کے تحت جاری منصوبوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ریاستی حکام کو ہدایت دی کہ تمام زیر التوا تجاویز ایک ہفتے کے اندر وزارت کو پیش کی جائیں تاکہ ان پر فوری کارروائی کی جا سکے۔

ڈاکٹر کمار نے ممبئی میں بھارتی حج کمیٹی کے افسران سے بھی ملاقات کی اور حج 2025 کے پُرامن اور کامیاب انعقاد پر انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ اس سال ہندوستانی حجاج میں اموات اور صحت سے متعلق واقعات کی شرح سب سے کم رہی۔ انہوں نے اس کامیابی کو وزارت، بھارتی حج کمیٹی، تعینات افسران، سعودی حکام اور مقامی معاون نظام کے درمیان بہتر ہم آہنگی کا نتیجہ قرار دیا۔ سیکرٹری نے خاص طور پر ’’حج سہولت ایپ‘‘ کی افادیت کو سراہا جس نے حجاج کے تجربات کو بہتر بنانے اور زمینی سطح پر چیلنجز کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس سال کے تجربات کی روشنی میں حج 2026 کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

وزارتِ اقلیتی امور وقف جائیدادوں کے مؤثر انتظام اور حجاج کرام کے لیے مقدس زیارت کے تجربے کو یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹل بااختیاری اور جوابدہ حکمرانی کے اپنے عزم پر قائم ہے۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno- 2013


(Release ID: 2138664)
Read this release in: English , Hindi , Marathi , Tamil