وزارتِ تعلیم
azadi ka amrit mahotsav

جناب دھرمیندر پردھان  نے گلوبل ینگ سائنٹسٹس کانفرنس اور گلوبل ینگ اکیڈمی کی سالانہ جنرل میٹنگ کی صدارت کی


ہندوستان ایسی سائنس پر یقین رکھتا ہے، جو ہمدرد، اخلاقیات اور مساوی  مواقع پر مبنی ہو –جناب دھرمیندر پردھان

سائنس دانوں کو  ایک  بامقصد  اور  ہمدردی کے جذبے  کے ساتھ  باہمی تعاون اور  اشتراکی عمل  سے  کام کرنا چاہئے، تاکہ  وکست بھارت کے ویژن کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے اور  انسان دوستی  پر مرکوز ترقی کو فروغ دیا جاسکے ۔جناب دھرمیندر پردھان

Posted On: 10 JUN 2025 2:38PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان نے آج آئی آئی ٹی حیدرآباد میں گلوبل ینگ سائنٹسٹس کانفرنس اور گلوبل ینگ اکیڈمی کی سالانہ جنرل میٹنگ کی صدارت کی۔ ڈائریکٹر، آئی آئی ٹی، حیدرآباد، پروفیسر بی ایس مورتی; صدر، انڈین نیشنل سائنس اکیڈمی، پروفیسر آشوتوش شرما؛ چیئرمین بورڈ آف گورنرز، آئی آئی ٹی حیدرآباد، جناب بی وی آر موہن ریڈی؛ اور دیگر معززین  نے بھی اس تقریب میں شرکت کی ۔

 جناب  دھرمیندر پردھان نے اپنے خطاب میں کانفرنس میں شرکت کرنے والے دنیا بھر سے نوجوان سائنسدانوں کا خیرمقدم کیا۔ جناب پردھان نے  جی وائی اے کے 30 نئے ممبران کو مبارکباد دی، جنہیں اس تقریب کے دوران شامل کیا گیا۔ انہوں نے اس تقریب کی میزبانی کے لیے ہندوستان اور آئی آئی ٹی حیدرآباد کو منتخب کرنے پر گلوبل ینگ اکیڈمی کی تعریف کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ کانفرنس سائنس دانوں کے ایک اجتماع اور امید، مقصد اور مشترکہ  اہداف  کی نمائندگی کرنے والے فورم سے زیادہ  رہی۔

 جناب  پردھان نے کہا کہ ہندوستان کے لیے وسودھیو کٹم بکم —  ایک کرہ ارض ، ایک خاندان، ایک مستقبل —  صرف ایک نعرہ نہیں رہا ہے ،بلکہ یہ ایک طرز زندگی رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک ایسی سائنس پر یقین رکھتا ہے ،جو ہمدردی، اخلاقیات اور مساوی مواقع  پر  مبنی ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سائنس کا اشتراک ہونا چاہیے اور شراکت داری ہونی  چاہئے نہ کہ پیٹنٹ اور اسی  سے مستقبل کو تشکیل دیا جانا چاہیے۔

وزیر موصوف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہندوستان کی عالمی مصروفیات کی جڑیں ان اقدار میں پیوست ہیں،  انہوں نے بین الاقوامی شمسی اتحاد، آفات سے بچنے والے بنیادی ڈھانچے کے لیے اتحاد، مشن لائف اور انڈیا سائنس اینڈ ریسرچ فیلوشپ جیسے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے  کہا کہ یہ  ہندوستان  وشو بندھتوا کے وژن کی عکاسی کرتے ہیں- جو سائنس کے ذریعے عالمی دوستی پر مبنی ہے۔

انہوں نے یہ بھی  کہا کہ موجودہ لمحہ سائنس دانوں، اختراع کاروں اور پالیسی سازوں کے لیے سب سے سازگار موقع ہے ،کہ وہ متحد ہو کر  کے ایسے ماحولیاتی نظام کی تعمیر کریں اور حل تیار کریں، جو سب سے زیادہ کمزور لوگوں کو بااختیار بنائے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ کانفرنس علم کو دوسروں کی خدمت میں پہنچانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔  جناب پردھان نے سائنس دانوں پر بھی زور دیا کہ وہ بامقصد اور ہمدردی کے جذبے کے ساتھ تعاون کریں اور اشتراکی عمل  کے ذریعہ  وکست بھارت کے ویژن کو  شرمندہ تعبیر  کریں اور انسان دوستی پر مرکوز  ترقی کو فروغ دیں ۔

 جناب پردھان نے دیگر معززین کے ساتھ ایک پیڑ  ماں  کے نام پہل کے تحت آئی آئی ٹی حیدرآباد کیمپس میں پود ہ لگایا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک درخت اپنی ماں کی اعزاز میں لگانا ایک چھوٹا سا عمل ہے، جس کا پیغام وسیع  ہے اور اثر بڑا ہے۔ انہوں نے ہر کسی کو، خاص طور پر کیمپس کے طلباء کو اس سبز تحریک کی قیادت کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ پائیدار مستقبل کے لیے فطرت کے تحفظ، حفاظت اور دیکھ بھال جیسی  سرگرمیوں میں مشغول ہوں۔

انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی حیدرآباد (آئی آئی ٹی ایچ)، ​​گلوبل ینگ اکیڈمی (جی وائی اے )، انڈین نیشنل ینگ اکیڈمی آف سائنس (آئی این وائی اے ایس) اور انڈین نیشنل سائنس اکیڈمی (آئی این ایس اے) کے اشتراک سے، 8 سے 14 جون 2025 تک– دور اندیش  افراد کا  اجتماع : عالمی تبدیلی کے لئے سائنس کو  بااختیار بنانا- کے موضوع پر نوجوان سائنسدانوں کی بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے۔  ہفتے بھر چلنے والی اس تقریب کا انعقاد  ہندوستان میں  پہلی بار کیا جا رہا ہے، جو  گلوبل چیلنجز کے لئے  سائنس پر مبنی  حل  پر  تعاون  کے واسطے  عالمی سائنسی  رہنماوں کی اگلی  نسل کو  ایک ساتھ لانے میں  سنگ میل ثابت ہو رہی ہے۔ اس تقریب میں 65 قومی مندوبین کے ساتھ 60 ممالک کی نمائندگی کرنے والے 135 بین الاقوامی مندوبین کی میزبانی کی گئی ہے، اس طرح واقعی ایک متنوع اور جامع فورم قائم ہوتا ہے۔ اس میں گلوبل ینگ اکیڈمی (جی وائی اے) کی سالانہ جنرل میٹنگ بھی شامل ہے، جو عالمی سائنسی کمیونٹی میں ابھرتے ہوئے رہنماؤں کے درمیان گہرائی سے بات چیت اور اسٹریٹجک مصروفیت کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

کانفرنس میں متحرک مباحثے اور موضوعاتی اجلاس شامل ہیں:

  • ماحولیاتی، سماجی، اور حکمرانی  (ای ایس جی) ؛
  • عالمی تندرستی کے لیے صحت اور غذائیت؛
  • صنعت 5.0: انسانی مشین انٹرفیس کی صلاحیت  کو بڑھانا؛ اور
  • اختراع اور صنعت کاری: عالمی منظر نامہ ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(ش ح ۔م ش۔ ق ر)

U. No.1626


(Release ID: 2135376)