وزیراعظم کا دفتر
مغربی بنگال کے علی پوردوار میں سٹی گیس ڈسٹری بیوشن پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر وزیر اعظم کی تقریر کا متن
Posted On:
29 MAY 2025 2:51PM by PIB Delhi
مرکزی کابینہ میں میرے ساتھی ، سوکانتا مجومدار جی ، مغربی بنگال اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ، سوویندو ادھیکاری جی ، علی پوردوار کے مقبول ایم پی ، بھائی منوج ٹگا جی ، دیگرممبران پارلیمنٹ ،ممبران اسمبلی ، اور بنگال کے میرے بھائیو اور بہنو!
علی پوردوار کی اس تاریخی سرزمین سے بنگال کے تمام لوگوں کو میرانمسکار!
علی پوردوار کی یہ سرزمین نہ صرف سرحدوں بلکہ ثقافتوں سے بھی جڑی ہوئی ہے ۔ ایک طرف بھوٹان کی سرحد ہے ، دوسری طرف آسام کا استقبال ہے ۔ ایک طرف جلپائی گڑی کی خوبصورتی ہے ، دوسری طرف کوچ بہار کا فخر ہے ۔ آج مجھے اس خوشحال علاقے میں آپ سب سے ملنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے ۔
ساتھیوں ،
آج جب ہندوستان ایک ترقی یافتہ ملک کی طرف گامزن ہے تو بنگال کی شرکت متوقع ہونے کے ساتھ ساتھ لازمی بھی ہے ۔ اسی ارادے سے مرکزی حکومت یہاں بنیادی ڈھانچے ، اختراع اور سرمایہ کاری کو مسلسل نئی رفتار دے رہی ہے ۔ بنگال کی ترقی ہندوستان کے مستقبل کی بنیاد ہے ۔ اور آج اسی بنیاد پر ایک اور مضبوط اینٹ جوڑنے کا دن ہے ۔ تھوڑی دیر پہلے ہم نے اسی پلیٹ فارم سے علی پوردوار اور کوچ بہار میں سٹی گیس ڈسٹری بیوشن پروجیکٹ افتتاح کیا ہے ۔ اس پروجیکٹ سے پائپ لائن کے ذریعے 2.5 لاکھ سے زیادہ گھرانوں تک صاف ، محفوظ اور سستی گیس پہنچائی جائے گی ۔ اس سے نہ صرف باورچی خانے کے لیے سلنڈر خریدنے کی پریشانی ختم ہوگی بلکہ خاندانوں کو محفوظ گیس کی سپلائی بھی مل سکے گی ۔ اس کے ساتھ ہی سی این جی اسٹیشنوں کی تعمیر سے گرین فیول کی سہولیات میں بھی توسیع ہوگی ۔ اس سے وقت ، پیسہ اور ماحولیات کی بھی بچت ہوگی ۔ میں علی پوردوار اور کوچ بہار کے شہریوں کو اس نئی شروعات کے لیے مبارکباد دیتا ہوں ۔ سٹی گیس ڈسٹری بیوشن کا یہ پروجیکٹ صرف ایک پائپ لائن پروجیکٹ نہیں ہے بلکہ یہ سرکاری اسکیموں کی گھر گھر ڈیلیوری کی بھی ایک مثال ہے ۔
ساتھیوں ،
گزشتہ کچھ برسوں میں توانائی کے شعبے میں ہندوستان نے جو پیش رفت کی ہے وہ بے مثال ہے ۔ آج ہمارا ملک تیزی سے گیس پر مبنی معیشت کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ 2014 سے پہلے ملک کے 66 اضلاع میں سٹی گیس کی سہولت موجود تھی ۔ آج سٹی گیس ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک 550 سے زیادہ اضلاع تک پہنچ چکا ہے ۔ یہ نیٹ ورک اب ہمارے گاؤں اور چھوٹے شہروں تک پہنچ رہا ہے ۔ لاکھوں گھروں کو پائپ سے گیس مل رہی ہے ۔ سی این جی کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی تبدیلی آئی ہے ۔ اس سے آلودگی میں کمی آرہی ہے ۔ یعنی ہم وطنوں کی صحت بھی بہتر ہو رہی ہے اور جیب پر بوجھ بھی کم ہو رہا ہے ۔
ساتھیوں،
پردھان منتری اجولا یوجنا نے اس تبدیلی کو مزید تقویت دی ہے ۔ ہماری حکومت نے یہ اسکیم سال 2016 میں شروع کی تھی ۔ اس اسکیم نے کروڑوں غریب بہنوں کی زندگی کو آسان بنا دیا ہے ۔ اس سے خواتین کو دھوئیں سے آزادی ملی ہے ، ان کی صحت بہتر ہوئی ہے ، اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ گھر کے باورچی خانے میں احترام کا ماحول پیدا ہوا ہے ۔ 2014 میں ہمارے ملک میں 14 کروڑ سے بھی کم ایل پی جی کنکشن تھے ۔ آج یہ تعداد 31 کروڑ سے زیادہ ہے ۔ یعنی ہر گھر تک گیس پہنچانے کا خواب اب پورا ہو رہا ہے ۔ اس کے لیے ہماری حکومت نے ملک کے کونے کونے میں گیس ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کو مضبوط کیا ہے ۔ اس لیے ملک بھر میں ایل پی جی تقسیم کرنے والوں کی تعداد بھی دوگنی سے زیادہ ہو گئی ہے ۔ 2014 سے پہلے ملک میں 14 ہزار سے بھی کم ایل پی جی تقسیم کار تھے ۔ اب ان کی تعداد بھی بڑھ کر 25 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے ۔گاؤں گاؤں میں اب آسانی سے گیس سلنڈرمل جاتے ہیں ۔
ساتھیوں،
آپ سب ارجا گنگا پروجیکٹ سے بھی واقف ہیں ۔ یہ منصوبہ گیس پر مبنی معیشت کی طرف ایک انقلابی قدم ہے ۔ اس اسکیم کے تحت گیس پائپ لائن کو مشرقی ہندوستان کی ریاستوں سے جوڑنے کا کام کیا جا رہا ہے ۔ اب مغربی بنگال سمیت مشرقی ہندوستان کی کئی ریاستوں تک گیس پائپوں کے ذریعے پہنچ رہی ہے ۔ حکومت ہند کی ان تمام کوششوں سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں ، چاہے وہ شہروں میں ہوں یا دیہاتوں میں ۔ پائپ لائن بچھانے سے لے کر گیس کی فراہمی تک ہر سطح پر روزگار میں اضافہ ہوا ہے ۔ گیس پر مبنی صنعتوں کو بھی اس سے تقویت ملی ہے ۔ اب ہم ایک ایسے ہندوستان کی طرف بڑھ رہے ہیں جہاں توانائی سستی ، صاف ستھری اور قابل رسائی ہو ۔
ساتھیوں،
مغربی بنگال ہندوستان کی ثقافت ، علم اور سائنس کا ایک بڑا مرکز رہا ہے ۔ ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب بنگال کی ترقی کے بغیر پورا نہیں ہو سکتا ۔ اور اسی بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے پچھلے 10 سالوں میں ہزاروں کروڑ کے ترقیاتی کام شروع کیے ہیں ۔ پوروا ایکسپریس وے ہو یا درگاپور ایکسپریس وے ، شیاما پرساد مکھرجی پورٹ کی جدید کاری ہو یا کولکتہ میٹرو کی توسیع ہو ، نیو جلپائی گڑی اسٹیشن کا احیا ہو یا دوارس روٹ پر نئی ٹرینوں کا آپریشن ہو ، مرکزی حکومت نے بنگال کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے ۔ آج جو پروجیکٹ شروع ہوا ہے ، وہ صرف پائپ لائن ہی نہیں ہے ، بلکہ ترقی کی لائف لائن بھی ہے ۔ آپ کی زندگی آسان ہو ، آپ کا مستقبل روشن ہو ، یہی ہماری کوشش ہے ۔ اس خواہش کے ساتھ کہ ہمارا بنگال ترقی کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھے ، میں ایک بار پھر ان تمام سہولیات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں ۔ اب 5 منٹ کے بعد ، میں یہاں سے ایک کھلے منچ پر جا رہا ہوں ، بہت سی چیزیں آپ مجھ سے سننا چاہیں گے ، وہ منچ زیادہ مناسب ہے ، لہذا باقی چیزیں میں آپ کو 5 منٹ کے بعدوہیں بتاؤں گا ۔ اس پروگرام میں بس اتنا ہی کافی ہے ، ترقی کے اس سفر کو جوش و خروش کے ساتھ آگے بڑھائیں ۔
بہت بہت نیک خواہشات اورآپ سب کا بہت بہت شکریہ !
************
ش ح۔ اک۔ف ر
(U: 1230)
(Release ID: 2132340)
Read this release in:
English
,
Hindi
,
Marathi
,
Manipuri
,
Assamese
,
Bengali
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada