بھاری صنعتوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھارت نے ’’پی ایم ای-ڈرائیو‘‘ کے تحت قومی الیکٹرک وہیکل (ای وی) چارجنگ گرڈ کی رفتار تیز کی


پورے بھارت میں 72,000 ای وی پبلک چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے 2,000 کروڑ روپے مختص

چارجنگ انفراسٹرکچر اہم شہروں، شاہراہوں، ہوائی اڈوں اور صنعتی راہداریوں پر قائم کیا جائے گا

بی ایچ ای ایل (بھیل) کومجموعی مانگ اور مربوط ای وی سپر ایپ کی تیاری کے لیے نوڈل ایجنسی کے طور پر زیر غور لایا جا رہا ہے

مرکزی  وزیر ایچ ڈی کمارا سوامی نے منصوبے کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے بین وزارتی اجلاس کی صدارت کی

Posted On: 21 MAY 2025 3:42PM by PIB Delhi

بھاری صنعتوں کےمرکزی وزیرجناب ایچ ڈی کماراسوامی نے آج وزارت پٹرولیم و قدرتی گیس، وزارت سڑک و ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں،وزارت بھاری صنعتوں کے سینئر افسران کے ساتھ’’پی ایم ای-ڈرائیو‘‘ اسکیم کے تحت الیکٹرک وہیکل (ای وی) چارجنگ انفراسٹرکچر کے نفاذ کا جائزہ لینے اور اس عمل کو تیز کرنے کے لیے بین وزارتی رابطہ اجلاس کی صدارت کی۔

WhatsApp Image 2025-05-21 at 15.07.11.jpeg

یہ اسکیم وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں شروع کی گئی ہے، جس کا مقصد پورے ملک میں ایک ایسا الیکٹرک وہیکل (ای وی) دوستانہ نظام قائم کرنا ہے جو صاف ستھری ٹرانسپورٹ کو فروغ دے اور بھارت کے حیاتیاتی ایندھن  پر انحصار کو کم کرے۔

’’پی ایم ای-ڈرائیو‘‘ اسکیم کے تحت 2,000 کروڑ روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی ہے، جس کی مدد سے پورے ملک میں تقریباً 72,000 عوامی ای وی چارجنگ اسٹیشنز نصب کیے جائیں گے۔ یہ چارجنگ اسٹیشنز 50 قومی شاہراہ کاریڈورز پر اور زیادہ ٹریفک والے مقامات جیسے میٹرو شہروں، ٹول پلازوں، ریلوے اسٹیشنوں، ہوائی اڈوں، فیول آؤٹ لیٹس اور ریاستی شاہراہوں پر ایک حکمتِ عملی کے تحت نصب کیے جائیں گے۔

مرکزی وزیر جناب ایچ ڈی کماراسوامی نے کہا: ’’وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں بھارت پائیدار ٹرانسپورٹ کے ایک عالمی ماڈل بننے کی راہ پر گامزن ہے۔ ’پی ایم ای-ڈرائیو‘ اسکیم ایک انقلابی اقدام ہے جس کا مقصد ہمارے شہریوں کو صاف، کفایتی اور آسان نقل و حمل کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ ہم صرف انفراسٹرکچر نہیں بنا رہے، بلکہ ہم توانائی کے تحفظ اور سبز معیشت کی ترقی کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔‘‘

WhatsApp Image 2025-05-21 at 15.07.11 (2).jpeg

وزیر موصوف نے اس منصوبے کی تکمیل میں مختلف فریقین کے مربوط کردار کو بھی سراہا۔ بی ایچ ای ایل (بھارت ہیوی الیکٹریکلز لمیٹڈ) کو مجموعی مانگ اور ایک مربوط ڈیجیٹل سپر ایپ کی تیاری کے لیے نوڈل ایجنسی کے طور پر زیر غور لایا جا رہا ہے، جو پورے بھارت میں ای وی صارفین کے لیے ایک واحد پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔

اس ایپ میں حقیقی وقت میں سلاٹ بُکنگ، ادائیگی کا مربوط نظام، چارجر کی دستیابی کی حیثیت اور ایک جدید ڈیش بورڈ جیسی خصوصیات ہوں گی، جس کے ذریعے ’پی ایم ای-ڈرائیو‘ اسکیم کے تحت قومی سطح پر تنصیب کے عمل کی پہچان کی جا سکے گی۔  بی ایچ ای ایل ریاستی حکومتوں اور مختلف وزارتوں کے ساتھ بھی تعاون کرے گا، تاکہ چارجنگ اسٹیشنز کی تنصیب کے لیے تجاویز یکجا کی جاسکیں اور ان کا جائزہ لیا جا سکے۔

وزیر جناب کماراسوامی نے اشتراکی وفاقیت اور مختلف مشنز کے امتزاج کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا: ’’صاف توانائی کی منتقلی الگ تھلگ کوششوں سے کامیاب نہیں ہو سکتی۔ یہ اجلاس اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم ایک حکومت کے طور پر مل کر کام کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔ مختلف وزارتیں، عوامی شعبے کےادارے اور ریاستیں سب ایک ساتھ مل کر زمینی سطح پر نتائج دینے کے لیے ہم آہنگ ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ’پی ایم ای-ڈرائیو‘ نئی صنعتوں کو فروغ دے گا، سبز روزگار پیدا کرے گا اور ہر بھارتی شہری کو بلا رکاوٹ الیکٹرک موبیلیٹی فراہم کرے گا۔‘‘

اس منصوبے کی کامیابی سے بھارت کی ٹرانسپورٹ سے متعلق کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی متوقع ہے، ای وی انفراسٹرکچر کے شعبے میں’’میک اِن انڈیا‘‘ مینوفیکچرنگ کو فروغ ملے گا اور نیٹ زیرو موبیلیٹی مستقبل کے لیے ایک مضبوط بنیاد رکھی جائے گی۔

*********

ش ح۔م ش ۔ش ہ ب

Urdu No-799


(Release ID: 2130265)