صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے ماحولیات سے متعلق قومی کانفرنس 2025کا افتتاح کیا
صدر دروپدی مرمو نے آنے والی نسلوں کے لئے صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کو ’ہماری اخلاقی ذمہ داری ‘ قرار دیا
Posted On:
29 MAR 2025 1:07PM by PIB Delhi
بھارت کی صدرجمہوریہ، محترمہ دروپدی مرمو نے آج (29 مارچ 2025) کو نئی دہلی میں 2025 کی ماحولیات سے متعلق دو روزہ قومی کانفرنس کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، صدر جمہوریہ نے کہا کہ ماحولیات سے متعلق تمام دن ہمیں یہ پیغام دیتے ہیں کہ ہمیں ان کے مقاصد اور پروگراموں کو ہر روز ذہن نشین رکھنا چاہیے اور جہاں تک ممکن ہو، انہیں اپنی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔ ماحولیاتی تحفظ اور فروغ صرف بیداری، مسلسل سرگرمی، اور سب کی شمولیت کے ذریعے ہی ممکن ہو سکتا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمارے بچوں اور نوجوان نسل کو وسیع پیمانے پر ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا کرنا پڑے گا اور اس میں اپنا کردار بھی ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہر خاندان میں بزرگ اس بات کی فکر کرتے ہیں کہ ان کے بچے کس اسکول یا کالج میں تعلیم حاصل کریں گے اور وہ کون سا کیریئر اپنائیں گے۔ یہ فکر بجا ہے، لیکن ہمیں اس پر بھی غور کرنا ہوگا کہ ہمارے بچے کس طرح کی ہوا میں سانس لیں گے، انہیں پینے کے لیے کیسا پانی ملے گا، آیا وہ پرندوں کی مدھر آوازیں سن سکیں گے یا نہیں، اور کیا وہ ہرے بھرے جنگلات کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہو سکیں گے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان موضوعات کے اقتصادی، سماجی اور سائنسی پہلو ضرور ہیں، لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان تمام چیلنجز کا ایک اخلاقی پہلو بھی ہے۔ آنے والی نسلوں کو ایک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے لیے، ہمیں ایک ماحول دوست اور حساس طرز زندگی اپنانا ہوگا تاکہ نہ صرف ماحول کا تحفظ ہو بلکہ اس میں مزید بہتری بھی آئے اور فطرت مزید سرسبز و شاداب بنے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صاف ستھرے ماحول اور جدید ترقی کے درمیان توازن قائم کرنا ہمارے لیے ایک موقع بھی ہے اور ایک چیلنج بھی۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہم یہ یقین رکھتے ہیں کہ فطرت، ایک ماں کی طرح، ہماری پرورش کرتی ہے، اور ہمیں اس کا احترام اور تحفظ کرنا چاہیے۔ بھارتی ورثے میں ترقی کی بنیاد استحصال نہیں بلکہ پرورش ہے، خاتمہ نہیں بلکہ تحفظ ہے۔ اسی روایت پر عمل کرتے ہوئے، ہم ایک ترقی یافتہ بھارت کی جانب آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ گزشتہ دہائی میں بھارت نے بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق اپنے قومی طور پر متعین کردہ اہداف کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے کی کئی مثالیں قائم کی ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ نیشنل گرین ٹریبیونل (این جی ٹی) نے ہمارے ملک میں ماحولیاتی حکمرانی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس نے ماحولیاتی انصاف اور موسمیاتی انصاف کے میدان میں فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔ این جی ٹی کے تاریخی فیصلے ہماری زندگی، صحت اور زمین کے مستقبل پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ انہوں نے ماحولیاتی نظم و نسق سے جڑے اداروں اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ ماحول کے تحفظ اور فروغ کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔
صدر مرمو نے کہا کہ ہمارے ملک اور پوری عالمی برادری کو ایک ایسا راستہ اختیار کرنا ہوگا جو ماحول دوست ہو، تبھی انسانیت حقیقی ترقی کر سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنے سبز اقدامات کے ذریعے عالمی برادری کے لیے کئی مثالی نمونے پیش کیے ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ تمام متعلقہ فریقین کی شمولیت سے بھارت عالمی سطح پر سبز قیادت کا کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سال 2047 تک بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا ہے، جہاں کی ہوا، پانی، ہریالی و شادابی اور خوشحالی پوری دنیا کو اپنی طرف متوجہ کرے۔
قومی ماحولیاتی کانفرنس 2025 جو این جی ٹی کے زیر اہتمام منعقد ہو رہی ہے، کا مقصد اہم شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے تاکہ وہ ماحولیاتی چیلنجز پر تبادلہ خیال کریں، بہترین طریقوں کا اشتراک کریں، اور پائیدار ماحولیاتی نظم و نسق کے لیے مستقبل کے عملی منصوبوں پر تعاون کریں۔
صدر جمہوریہ کا پیغام دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-9168
(Release ID: 2116587)
Visitor Counter : 56