وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

ماریشس کے وزیر اعظم کی طرف سے دیے گئے ضیافت میں وزیر اعظم کا خطاب

Posted On: 12 MAR 2025 6:15AM by PIB Delhi

عزت مآب وزیر اعظم ڈاکٹر نوین چندر رام غلام جی،

محترمہ وینا رام غلام جی،

نائب وزیر اعظم پال بیرانجے جی،

ماریشس کے تمام معزز وزراء،

معزز خواتین و حضرات،

آپ سب کو نمسکار، بونجور!

سب سے پہلے، میں وزیر اعظم کے جذباتی اور متاثر کن خیالات کے لیے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ماریشس میں ملے شاندار استقبال اور مہمان نوازی کے لیے میں وزیر اعظم، ماریشس کی حکومت اور یہاں کے عوام کا شکرگزار ہوں۔ کسی بھی ہندوستانی وزیر اعظم کے لیے ماریشس کا دورہ ہمیشہ خاص ہوتا ہے۔ یہ صرف سفارتی دورہ نہیں ہے بلکہ اپنے خاندان سے ملاقات کا ایک موقع ہوتا ہے۔ اسی اپنائیت کا احساس مجھے اس لمحے سے محسوس ہورہا ہے، جب سے آج میں نے ماریشس کی سرزمین پر قدم رکھاہے۔ ہرجگہ ایک اپنا پن ہے۔ کہیں پروٹوکول کی پابندیاں نہیں ہیں۔ میرے لیے یہ بڑی خوش قسمتی کی بات ہے کہ میں ایک بار پھر ماریشس کے قومی دن کے موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کر رہا ہوں۔ اس موقع پر، 140 کروڑ ہندوستانیوں کی طرف سے، میں آپ سب کو دلی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔

جناب وزیراعظم،

ماریشس کے عوام نے آپ کو چوتھی بار ملک کا وزیر اعظم منتخب کیا ہے۔ گزشتہ برس ہندوستان کے لوگوں نے مجھے مسلسل تیسری بار خدمت کرنے کا موقع دیا ہے۔ اور، میں اسے ایک خوش آئند اتفاق سمجھتا ہوں کہ اس مدت کار میں مجھے آپ جیسے سینئر اور تجربہ کار لیڈر کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ ہمیں ہندوستان اور ماریشس کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا موقع ملا ہے۔ہندوستان اور ماریشس کی شراکت داری صرف ہمارے تاریخی رشتوں تک محدود نہیں ہے۔ یہ مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور روشن مستقبل کے مشترکہ وژن پر مبنی ہے۔ آپ نے ہمیشہ ہمارے تعلقات کو قیادت فراہم کی ہے۔ اور، اسی قیادت کی بدولت، ہماری شراکت داری ہر شعبے میں مسلسل مضبوط ہو رہی ہے۔ ہندوستان کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ ماریشس کا بھروسہ مند شرادوست ہے، اور اس کے ترقیاتی سفر میں ایک اٹوٹ شراکت دار ہے۔ ہم مل کر، اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، جو ماریشس کے گوشے گوشے  میں ترقی کے انمٹ نقوش چھوڑ رہے ہیں۔ صلاحیت سازی اور انسانی وسائل کی ترقی میں باہمی تعاون کے نتائج سرکاری اور نجی شعبوں میں دیکھے جا رہے ہیں۔ ہر مشکل وقت میں، خواہ قدرتی آفت ہو یا کووِڈ کی وبا، ہم ایک خاندان کے طور پر ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ آج ہمارے تاریخی اور ثقافتی رشتوں نے ایک جامع شراکت داری کی شکل اختیار کر لی ہے۔

دوستو،

ماریشس ہمارا قریبی سمندری پڑوسی ہے، اور بحر ہند کے علاقے میں ایک اہم شراکت دار ہے۔ پچھلی بار، ماریشس کے اپنے دورے کے دوران، میں نے وژن ساگر پیش کیا تھا۔ اس کے مرکز میں علاقائی ترقی، سلامتی اور خوشحالی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ گلوبل ساؤتھ کے ممالک کو متحد ہو کر آواز بلند کرنی چاہیے۔ اسی نقطۂ نظر کے ساتھ،  ہم نے اپنی جی ٹوئنٹی کی  صدارت میں گلوبل ساؤتھ کی ترجیحات کو مرکز میں رکھا۔ اور، ہم نے ماریشس کو اپنے خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کیا۔

دوستو،

جیسا میں نے پہلے بھی کہا ہے، اگر دنیا میں کوئی ایک ملک ہے جس کا ہندوستان پر مکمل حق ہے تو اس، ملک کا نام ہے ماریشس۔ ہمارے تعلقات کی کوئی حد نہیں ہے۔ ہمارے رشتوں کے حوالے سے ہماری امیدوں اور امنگوں کی کوئی حد نہیں ہے۔ آنے والے وقتوں میں ہم اپنے لوگوں کی ترقی اور پورے خطے کے امن و سلامتی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ اس یقین کے ساتھ، آئیے،ہم سب مل کر وزیر اعظم ڈاکٹر نوین چندر رام غلام اور محترمہ وینا جی کی اچھی صحت، ماریشس کے لوگوں کی مسلسل ترقی اور خوشحالی اور ہندوستان اور ماریشس کے درمیان قریبی دوستی کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کریں۔

جے ہند! ویو ماریس!

***********

 

UR-8169

(ش ح۔م ش۔ش ہ ب)


(Release ID: 2110646) Visitor Counter : 22