صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
بھارت کی صدر جمہوریہ نے چھتر پور (مدھیہ پردیش)میں اجتماعی شادی کی تقریب میں شرکت کی
Posted On:
26 FEB 2025 2:40PM by PIB Delhi
بھارت کی صدرجمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے آج (26فروری 2025) کو مدھیہ پردیش کے گڈھا، چھتر پور میں شری باگیشور جن سیوا سمیتی کے زیر اہتمام منعقدہ اجتماعی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج جب ہمارا ملک خواتین کی ترقی سے خواتین کی قیادت میں ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے، تو ہمیں اپنی بیٹیوں اور بہنوں کو مضبوط اور قابل بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ خواتین کی تعلیم، صحت اور تحفظ پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری چھوٹی چھوٹی کوششیں خواتین کو بااختیار بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ صدر جمہوریہ نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تعلیم اور خود انحصاری کے لیے مسلسل جدوجہد کریں۔
صدر مرمو نے کہا کہ ہماری روایت میں سنتوں نے صدیوں سے عوام کو صحیح راستہ دکھایا ہے۔ انہوں نے معاشرے میں پھیلی سماجی برائیوں کے خلاف آواز اٹھائی اور ذات پات، صنفی امتیاز سمیت دیگر تفریق کے خلاف بھی احتجاج کیا۔ چاہے وہ گرو نانک، سنت روی داس، سنت کبیر داس، میرا بائی، یا سنت تُکارام ہوں، سبھی نے اپنی تعلیمات کے ذریعے لوگوں کو سچائی اور نیکی کے راستے پر چلنے کی ترغیب دی۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارتی معاشرے میں ان کا تعاون اتنا عظیم ہے کہ انہیں ہمیشہ عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور کے روحانی رہنما خود انحصار، ہم آہنگ، اور ماحول دوست بھارت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7585
(Release ID: 2106422)
Visitor Counter : 56