نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
وزیر اعظم نے من کی بات پروگرام میں شہریوں سے موٹاپے کے خلاف جنگ جاری رکھنے کو کہا
مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے دلّی میں فکی اور سی آئی آئی کے ساتھ فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل کی قیادت کی
فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل مہم ملک بھر میں 4,200 مقامات تک پہنچ گئی، یہ مہم تمام عمر کے شہریوں کو متاثر کر رہی ہے
ہندوستان کے کارپوریٹ گھرانوں نے موٹاپے کے خلاف ملک کی جدوجہد کی حمایت میں فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل میں شرکت کی
Posted On:
23 FEB 2025 3:41PM by PIB Delhi
نوجوانوں کے امور اور کھیل کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے آج قومی دارالحکومت میں فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل مہم کی قیادت کی۔ اس موقع پر سائیکلنگ کلبوں کے اراکین، اولمپک میں کشتی رانی کے کھلاڑی ارجن لال جاٹ، اور صنعت سے وابستہ تنظیموں، فکی اور سی آئی آئی کے خصوصی مہمانوں سمیت فٹنس برانڈ ڈیکیتھلون، یوگا بھارت اور مائی بھارت کے نمائندے بھی ان کے ساتھ شامل تھے۔

اب اپنے نویں ہفتے میں، فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل ایک ملک گیر فٹنس تحریک بن چکی ہے، جس میں ملک بھر کے 1,200 سے زائد مقامات پر سائیکلسٹ حصہ لے رہے ہیں۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی اس اپیل سے متاثر ہو کر کہ موٹاپے سے نمٹنے کے لیے تیل کے استعمال میں کمی، ورزش اور صحت بخش خوراک کو اپنانا ضروری ہے، ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے اس مہم کو ملک کی موٹاپے کے خلاف جدوجہد کے نام وقف کیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، مرکزی وزیر نے زور دے کر کہا: "موٹاپے کے خلاف ہماری اجتماعی جنگ، جس کا آغاز عزت مآب وزیر اعظم نے کیا، میں ہمیں اپنی روزمرہ زندگی میں فٹنس سرگرمیوں کو شامل کرنا ہوگا۔ سائیکلنگ سب سے آسان ورزش ہے، جو ذاتی صحت اور ماحول دونوں پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔ یہ کاربن فٹ پرنٹ کو کم کرتی ہے اور آلودگی کے مسئلے کا ایک مؤثر حل فراہم کرتی ہے۔"

فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل ہر ہفتے ایک خاص گروپ کو مدعو کرتا ہے، اور پچھلے ایڈیشنز میں فوجی اہلکاروں، ڈاکیوں اور فٹنس ماہرین کو مہمان شرکاء کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔ اس ہفتے، کارپوریٹ انڈیا نے اس مہم میں حصہ لے کر اپنی حمایت کا اظہار کیا۔اس اقدام کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے، ودوشپت سنگھانیا، خزانچی اسپورٹس کام، سی آئی آئی نے کہا: "میں معزز وزیر کھیل کو اس شاندار مہم کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ایک صحت مند بھارت، ایک کامیاب بھارت ہے، کیونکہ اچھی صحت براہ راست زیادہ پیداواری صلاحیت اور مضبوط جی ڈی پی میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ ایک صنعتی تنظیم کے طور پر، ہم مزید کارپوریٹس کو 'فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل' میں شامل ہونے اور اس اہم تحریک کی حمایت کرنے کی ترغیب دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔"

اولمپکس میں حصّہ لینے والے ارجن لال جاٹ نے کہا: "شرکاء کا جوش و خروش قابلِ دید ہے، اور ایک کھلاڑی کے طور پر، مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ اتنے زیادہ لوگ اتوار کی صبح گھر سے نکل کر اپنی فٹنس کے لیے وقت دے رہے ہیں۔ فٹ رہنا کوئی اختیاری چیز نہیں، بلکہ یہ سب کے لیے ضروری ہے، اور 'فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل' مہم لوگوں کو اپنی فٹنس کا سفر شروع کرنے کے لیے ایک بہترین تحریک فراہم کرتی ہے۔"گوہاٹی میں، انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) کے ڈاکٹروں نے سائی نیشنل سینٹر آف ایکسیلینس میں 'فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل' کی تقریبات میں شرکت کی۔ 300 سے زائد اراکین نے فٹنس کا پیغام پھیلانے کے لیے سائیکلنگ میں حصہ لیا۔

فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل گزشتہ چند ہفتوں کے دوران بھارت کے 4,200 مقامات پر منعقد کیا جا چکا ہے، جبکہ آج ہی 1,200 مقامات پر یہ پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس مہم میں شامل ہونے والے مقامات کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، کیونکہ تمام خطوں، عمر کے گروہوں اور سماجی پس منظر سے تعلق رکھنے والے شہری اس مہم میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔

************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U:7480 )
(Release ID: 2105648)
Visitor Counter : 14