وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

آیوش کی وزارت نے وزیر اعظم کے یوگا ایوارڈس 2025  کے لیے نامزدگیوں کے آغاز کا اعلان کیا

Posted On: 16 FEB 2025 6:04PM by PIB Delhi

آیوش کی وزارت نے بین الاقوامی یوم یوگ (آئی ڈی وائی 2025) کے 2025 کے ایڈیشن کے لیے وزیر اعظم کے مقتدر یوگا ایوارڈس  کے سلسلے میں نامزدگیوں کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ یہ ایوارڈس ان افراد اور تنظیموں کو تفویض کیے جاتے ہیں جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر یوگا کے فروغ اور ترقی کے لیے غیر معمولی اور ہمہ گیر تعاون فراہم کیا  ہے۔

معاشرے پر یوگا کے غیر معمولی اثرات کو اعزاز بخشنے کے مقصد سے شروع کیے گئے وزیر اعظم یوگا ایوارڈس کا مقصد اس میدان میں دیے گئے مثالی تعاون کو یاد کرنا، امراض سے بچاؤ میں یوگا کے کردار کو مضبوط بنانا، صحت کو فروغ دینا، اور طرزحیات سے متعلق عوارض کی انتظام کاری  ہے۔ یہ ایوارڈ جسے ذاتی طور پر وزیر عظم کی حمایت حاصل ہے ،  یوگا کی نمو اور فروغ  کے لیے بیش قیمتی تعاون  کے اعتراف اور اسے یاد کرنے کے سلسلے میں حکومت کی عہد بندگی کا ثبوت  ہے۔

ایوارڈس ملک کے افراد، ملک کی تنظیم، غیر ملکی افراد، اور غیر ملکی تنظیم  جیسے زمروں میں دیا جائے گا، اور فاتح کو ایک ٹرافی، سند، اور 25 لاکھ روپے کا نقد انعام دیا جائے گا۔

درخواست کنندہ کی عمر 40 سال یا اس سے زائد ہونی چاہئے، اور  اس نے یوگا کے فروغ میں کم سے کم 20 برسوں تک کلی طور پر وقف خدمت  انجام دی ہو۔  درخواستیں اور نامزدگیاں 31 مارچ 2025 کو یا اس سے قبل  مائی گو پلیٹ فارم (https://innovateindia.mygov.in/pm-yoga-awards-2025/) کے توسط سے داخل کی جا سکتی ہیں۔ یہ لنک وزارت آیوش کی ویب سائٹ  اور اس کی ماتحت اداروں کی ویب سائٹوں پر بھی دستیاب ہوگا۔ تنظیمیں راست طور پر درخواست گزار سکتی ہیں یا انہیں کسی ممتاز یوگا تنظیم کے ذریعہ نامزد کیا جا سکتا ہے۔ ہر ایک درخواست کنندہ/ امیدوار سالانہ صرف ایک زمرے  (قومی یا بین الاقوامی) کے لیے درخواست گزار سکتا ہے۔

وزارت آیوش کے ذریعہ تشکیل کردہ اسکریننگ کمیٹی تمام تر درخواستوں کا جائزہ لے گی اور  تجزیہ نگار جیوری  کو فی ایوارڈ زمرہ زائد از 50 ناموں کی سفارش پیش کرے گی۔ مختلف شعبوں کی ممتاز شخصیات پر مشتمل جیوری کو اعلیٰ  فیصلہ ساز انجمن کی حیثیت حاصل ہوگی۔

وزارت آیوش آیوروید، یوگا اور فطری طریقہ علاج ، یونانی، سدھ، سووا-رگپا اور ہومیو پیتھی سمیت ادویہ اور صحت و تندرستی کے ہمارے روایتی نظام  کی ترقی اور فروغ کے لیے پابند عہد ہے۔ وزارت ان نظاموں کو حفظانِ صحت کے منظرنامے سے مربوط کرنے، لوگوں اور مجموعی طور پر معاشرے کی  صحت و تندروستی کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

******

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:7207


(Release ID: 2103840) Visitor Counter : 40