صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدرِ جمہوریہ ہند نے بی آئی ٹی میسرا کی پلاٹینم جوبلی تقریبات کو اپنی موجودگی سے شرف بخشا

Posted On: 15 FEB 2025 1:17PM by PIB Delhi

ہندوستان کی صدرجمہوریہ، محترمہ دروپدی مرمو نے آج (15 فروری 2025 کو) جھارکھنڈ کے رانچی میں بی آئی ٹی میسرا کی پلاٹینم جوبلی تقریبات کو شرف بخشا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، صدر نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی نئی پیش رفت نے ہماری زندگی گزارنے کے طریقے کو بدل دیا ہے۔ جو کل تک ناقابلِ تصور تھا، وہ آج حقیقت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے سال مزید غیر معمولی ہوں گے، خاص طور پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور مشین لرننگ کے میدان میں دوررس ترقی متوقع ہے۔ چونکہ اے آئی  تیزی سے معیشتوں کو تبدیل کر رہی ہے، اس لیے حکومتِ ہند نے ابھرتے ہوئے منظرنامے کا فوری نوٹس لیا ہے۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں  اے آئی  کے انضمام کے لیے کئی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

صدر نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے باعث معاشروں میں بڑی تبدیلیاں آ رہی ہیں، اور ہمیں پسماندہ طبقات پر پڑنے والے اس کے اثرات کے بارے میں بھی فکرمند رہنا چاہیے۔ جو عظیم مواقع پیدا ہو رہے ہیں، ان تک سب کی رسائی ہونی چاہیے؛ جو بڑی تبدیلیاں آ رہی ہیں، ان کے فوائد سب کو ملنے چاہئیں۔

صدر مرمو نے کہا کہ اکثر، ہمارے ارد گرد موجود مسائل کے حل کے لیے کسی بڑی تکنیکی مداخلت کی ضرورت نہیں ہوتی۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ چھوٹے پیمانے پر روایتی حل کی اہمیت کو نہ بھولیں۔ انہوں نے کہا کہ جدت طرازوں اور کاروباری افراد  کو روایتی کمیونٹیز کے علمی سرمائے کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

صدر نے کہا کہ پلاٹینم جوبلی کا یہ موقع بی آئی ٹی میسرا کی تعلیم، تحقیق اور اختراعات میں خدمات کو منانے اور سراہنے کے لیے موزوں ہے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ یہ ادارہ کئی شعبوں میں پیش رو رہا ہے۔ ملک میں خلائی انجینئرنگ اور راکٹری کا پہلا ڈیپارٹمنٹ 1964 میں یہیں قائم کیا گیا تھا۔ اسی طرح، انجینئرنگ انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے لیے ملک کے ابتدائی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انٹرپرینیورشپ پارکس (ایس ٹی ای پیز) میں سے ایک 1975 میں یہاں قائم کیا گیا تھا۔

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بی آئی ٹی میسرا سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہندوستان کی مسلسل ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتا رہے گا۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7101


(Release ID: 2103519) Visitor Counter : 28