تعاون کی وزارت
مرکزی وزیر داخلہ اور کوآپریٹیو کے وزیر جناب امت شاہ کی زیر صدارت نئی دہلی میں وزارت کوآپریٹیو کی پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کی پہلی میٹنگ
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ملک بھر کے کسانوں اور دیہی شعبے کے مفاد میں کوآپریٹیو کی وزارت تشکیل دے کر ‘سہکار سے سمردھی’ کا منتر دیا
جلد ہی پی اے سی ایس ایئر لائن ٹکٹ فروخت کرنے کے لیے بھی دستیاب ہو گا
تریبھوون سہکاری یونیورسٹی کے قیام کا بل جلد ہی پارلیمنٹ سے منظور ہوگا
یونیورسٹی کے قیام کے بعد کوآپریٹو سیکٹر میں آنے والے پیشہ ور افراد اکاؤنٹنگ اور نظمیات سے متعلق تکنیکی تعلیم ، معلومات اور تربیت حاصل کرسکیں گے
Posted On:
12 FEB 2025 4:25PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر داخلہ اور کوآپریٹیو کے وزیر جناب امت شاہ نے نئی دہلی میں کوآپریٹیو کی وزارت کی پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کی پہلی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں کوآپریٹیو کے مرکزی وزرائے مملکت جناب کرشن پال اور جناب مرلی دھر موہول، کمیٹی کے اراکین ، وزارت امداد باہمی کے سکریٹری اور وزارت کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ کمیٹی نے وزارت کوآپریٹیو کے قیام کے بعد سے کئے جانے والے اقدامات اور کوآپریٹو سوسائٹیوں کو بااختیار بنانے کے لیے کی جانے والی جاری کوششوں سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ اور کوآپریٹیو کے وزیر جناب امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ملک بھر کے کسانوں اور دیہی علاقوں کی فلاح و بہبود کے لیے علیحدہ وزارت امداد باہمی قائم کی اور ‘‘سہکار سے سمردھی’’ کا منتر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کا ماننا ہے کہ تعاون کے ذریعے دیہی علاقوں میں روزگار پیدا کرنا اور خوشحالی لانا دونوں ممکن ہیں۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ آزادی کے بعد کچھ سالوں تک ملک میں امداد باہمی کی تحریک مضبوط تھی ، لیکن بعد میں یہ بیشتر ریاستوں میں کمزور پڑ گئی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز میں امداد باہمی کی وزارت کے قیام کے بعد، پہلا کام ریاستوں کے تعاون سے پرائمری ایگریکلچرل کریڈٹ سوسائٹیوں(پی اے سی ایس) کا ڈیٹا بیس تیار کرنا اور دو لاکھ پی اے سی ایس کے اندراج کا عمل شروع کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قومی کوآپریٹو ڈیٹا بیس تیار کرنے کا کام تقریبا مکمل ہو چکا ہے اور اب ملک بھر میں کوآپریٹو سوسائٹیوں کے بارے میں معلومات ، جن کی درجہ بندی خطے کے لحاظ سے کی گئی ہے، ایک کلک پر دستیاب ہے۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ پی اے سی ایس کو کمپیوٹرائز کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے وقت میں ملک میں ایک بھی ایسی پنچایت نہیں ہوگی،جہاں پی اے سی ایس دستیاب نہ ہوں ۔

امداد باہمی کے مرکزی وزیر نے کہا کہ پی اے سی ایس کو ‘قابل عمل’ بنانے کے لیے بنائے گئے مثالی ضمنی قوانین کو ملک کی تقریباً تمام ریاستوں نے اپنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی اے سی ایس کو 20 سے زیادہ کاموں سے جوڑا گیا ہے اور اب ان کے ذریعے کامن سروس سینٹرز ، جَن اَوشدھی کیندر اور دیگر خدمات کی فراہمی شروع کر دی ہیں ۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ امداد باہمی کی وزارت نے تریبھوون سہکاری یونیورسٹی کے قیام کے لیے بل پیش کیا ہے، اسے جلد ہی پارلیمنٹ سے منظور کر لیا جائے گا۔ اس یونیورسٹی کا قیام کوآپریٹو سیکٹر میں داخل ہونے والے پیشہ ور افراد کو تکنیکی تعلیم، اکاؤنٹنگ، انتظامی علم اور تربیت فراہم کرے گا۔ جناب امت شاہ نے مزید کہا کہ اس سے کوآپریٹو سیکٹر میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔
کوآپریٹیو کے مرکزی وزیر نے کہا کہ نیشنل کوآپریٹو ایکسپورٹس لمیٹڈ (این سی ای ایل)، نیشنل کوآپریٹو آرگینکس لمیٹڈ (این سی او ایل) اور بھارتیہ بیج سہکاری سمرتی لمیٹڈ (بی بی ایس ایس ایل)، جیسی قومی سطح کی کوآپریٹو تنظیمیں قائم کی گئی ہیں، جو کوآپریٹو سیکٹر میں برآمدات ، نامیاتی مصنوعات اور جدید بیجوں کو فروغ دینے میں مدد کریں گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات سے آنے والے سالوں میں امداد باہمی کے شعبے میں اہم تبدیلیاں آئیں گی ۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ کوآپریٹو سیکٹر کو بھی کارپوریٹ سیکٹر کی طرح ہی مواقع ملیں۔ انہوں نے کہا کہ امداد باہمی کی وزارت نے وزارت خزانہ، ریزرو بینک اور محکمہ انکم ٹیکس کے اشتراک سے کارپوریٹ اور کوآپریٹو شعبوں کے لیے ایک ٹیکس ڈھانچہ بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ کوآپریٹیو کے وزیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ملک کے امداد باہمی کے شعبے سے وابستہ کاروباری ادارے کارپوریٹ دنیا کے ساتھ مقابلے میں ترقی کریں گے اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ‘‘سہکار سے سمردھی’’ کے وژن کو پورا کریں گے۔
مرکزی وزیر داخلہ اور کوآپریٹیو کے وزیر نے مشاورتی کمیٹی کو بتایا کہ کرشک بھارتی کوآپریٹو لمیٹڈ(کے آر آئی بی ایچ سی او)، انڈین فارمرز فرٹیلائزر کوآپریٹو لمیٹڈ(افکو)، نیشنل ڈیری ڈیولپمنٹ بورڈ (این ڈی ڈی بی) اور دیگر فیڈریشنوں کے اشتراک سے امداد باہمی سے وابستہ قومی فیڈریشنوں کی تیزی سے ترقی کے لیے ایک روڈ میپ بنایا گیا ہے۔ انہوں نےبتا یا کہ فی الحال، پی اے سی ایس ریلوے ٹکٹوں کی بکنگ میں شامل ہیں اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وزارت کوآپریٹیو کے اقدامات کی وجہ سے پی اے سی ایس جلد ہی ایئر لائن ٹکٹ بھی فروخت کرسکیں گے۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ ملک میں کوآپریٹیو کی ترقی میں علاقائی عدم مساوات کے پیش نظر حکومت تمام ریاستوں میں یکساں متوازن ترقی لانے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔
اجلاس میں کمیٹی کے اراکین نے ملک میں کوآپریٹو سوسائٹیوں کو بااختیار بنانے سے متعلق امور پر اپنی تجاویز پیش کیں اور ملک میں کوآپریٹو تحریک کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کی طرف سے کئے جانے والے اہم اقدامات کی ستائش کی۔
********
ش ح۔م ش ع۔ن ع
U-6506
(Release ID: 2102424)
Visitor Counter : 31
Read this release in:
Khasi
,
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Nepali
,
Bengali-TR
,
Bengali
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Kannada
,
Malayalam