صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدر جمہوریہ نے 15 ویں رائے دہندگان کے قومی دن کی تقریبات میں شرکت کی

Posted On: 25 JAN 2025 2:46PM by PIB Delhi

 صدر جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے نئی دہلی میں آج (25 جنوری، 2025) 15 ویں قومی رائے دہندگان کے دن کی تقریبات سے خطاب کیا ۔ صدر جمہوریہ نے اس موقع پر انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریاستی اور ضلعی عہدیداروں کو بہترین انتخابی طور طریقوں کے ایوارڈ سے نوازا۔ انھوں نے چیف الیکشن کمشنر جناب راجیو کمار سے کتاب ’’انڈیا ووٹس 2024: اے ساگا آف ڈیموکریسی‘‘ کی پہلی کاپی بھی حاصل کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے فخر کی بات ہے کہ ہماری جمہوریت نہ صرف دنیا کی قدیم ترین جمہوریت ہے بلکہ دنیا کی سب سے بڑی ، متنوع ، جوان ، شمولی اور حساس جمہوریت بھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کی جمہوریت جدید دنیا کے لیے ایک انوکھی مثال ہے۔ دنیا کے بہت سے ممالک ہمارے انتخابی نظام اور انتظام سے سیکھ رہے ہیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہماری شمولی جمہوریت کی متاثر کن جھلک انتخابات میں نظر آتی ہے۔ انتخابات میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت ہمارے معاشرے اور ملک کی مجموعی ترقی کی ایک اہم علامت ہے۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 85 سال سے زائد عمر کے بزرگ ووٹروں، معذور ووٹروں اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے قبائلی ووٹروں کے لیے ووٹنگ کے عمل کو آسان بنانے کے لیے خصوصی کوششیں کی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح الیکشن کمیشن نے شمولی اور حساس انتخابی انتظام کی ایک اچھی مثال قائم کی ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ووٹنگ سے جڑے نظریات اور ذمہ داریاں ہماری جمہوریت کی اہم جہتیں ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ذریعے جاری کردہ ووٹرز کا حلف نامہ تمام شہریوں کی رہنمائی کرسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جمہوریت پر مکمل اعتماد کے ساتھ ساتھ رائے دہندگان کو یہ پختہ عزم بھی ہونا چاہیے کہ وہ ہر قسم کی تنگ نظری، امتیازی سلوک اور لالچ سے بالاتر ہو کر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ روشن خیال رائے دہندگان ہماری جمہوریت کو مضبوط کرتے ہیں۔

سال 2011 سے ہر سال 25 جنوری کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کے یوم تاسیس کے موقع پر قومی رائے دہندگان کا دن منایا جاتا ہے۔ اس تقریب کا مقصد رائے دہندگان کی اہمیت کو اجاگر کرنا ، شہریوں میں انتخابی بیداری کو بڑھانا اور جمہوری عمل میں ان کی فعال شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں -

***

(ش ح – ع ا)

U. No. 5628


(Release ID: 2096149) Visitor Counter : 31