کابینہ
کابینہ نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا
Posted On:
27 DEC 2024 1:27PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی کابینہ نے سابق وزیراعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ جی کی یاد میں ایک تعزیتی قرار داد پاس کی ہے۔کابینہ نے ڈاکٹر من موہن سنگھ کے انتقال پر اظہار تعزیت میں دو منٹ کی خاموشی کے ساتھ سوگ کا اظہار کیا۔
آج سے سات روز کے قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جو یکم جنوری2025 تک رہے گا۔
سوگ کے دوران ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
یکم جنوری 2025 تک بیرون ممالک میں تمام بھارتی مشنوں /ہائی کمیشنوں میں بھی قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
ڈاکٹر من موہن سنگھ کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ان کی آخری رسومات کے دن مرکزی حکومت کے تمام دفاتر اور سی پی ایس یوز میں نصف روز کی تعطیل کا اعلان کیا جائےگا۔
کابینہ کی جانب سے پاس کردہ اس قرارداد کا متن اس طرح ہے:-
‘‘کابینہ نے 26 دسمبر 2024 کو آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز-ایمس ، نئی دہلی میں ہندوستان کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے افسوسناک انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
26 ستمبر 1932 کو غیر منقسم ہندوستان کے صوبہ پنجاب کے مغربی پنجاب کے گاؤں گاہ میں پیدا ہوئے، ڈاکٹر سنگھ کا تعلیمی کیریئر شاندار تھا۔ انہوں نے 1954 میں پنجاب یونیورسٹی سے معاشیات میں ماسٹر ڈگری حاصل کی، اور 1957 میں فرسٹ کلاس آنرز کے ساتھ یونیورسٹی آف کیمبرج سے اکنامکس میں ٹرائیپوس حاصل کیا۔ انہیں 1962 میں آکسفورڈ یونیورسٹی نے ڈی فل کی ڈگری سے نوازا۔
ڈاکٹر من موہن سنگھ نے اپنے کیریئر کا آغاز پنجاب یونیورسٹی، چنڈی گڑھ میں ایک سینئر لیکچرر کے طور پر کیا اور اسی یونیورسٹی میں اکنامکس کے پروفیسر بن گئے۔ 1969 میں، وہ دہلی اسکول آف اکنامکس، دہلی یونیورسٹی میں بین الاقوامی تجارت کے پروفیسر بنے۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ 1971 میں اس وقت کی وزارت خارجہ میں اقتصادی مشیر بنے۔ وہ چیف اکنامک ایڈوائزر، وزارت خزانہ (1972-76)، سکریٹری، محکمہ اقتصادی امور (نومبر 1976 تا اپریل 1980)، ممبر سکریٹری، پلاننگ کمیشن (اپریل 1980 تا ستمبر 1982)، اور ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر ( ستمبر 1982 تا جنوری 1985)رہے۔
ڈاکٹرمن موہن سنگھ کو ان کے کیرئیر میں جتنے بھی اعزازات اور انعامات سے نوازا گیا ان میں سب سے نمایاں ہیں ہندوستان کا دوسرا سب سے بڑا شہری اعزاز پدم وبھوشن (1987)، ہندوستان کی سائنس کانگریس کا جواہر لعل نہرو برتھ سنٹری ایوارڈ (1995)، سال کے بہترین وزیر خزانہ کےلئے یورو منی ایوارڈ (1993)، کیمبرج یونیورسٹی کا ایڈم سمتھ پرائز (1956)۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ نے 1991 سے 1996 کے درمیان ہندوستان کے وزیر خزانہ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ڈاکٹر سنگھ 22 مئی 2004 کو ہندوستان کے وزیر اعظم بنے اور مئی 2009 تک وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ مئی 2009 سے 2014 تک دوسری مدت کے لیے وزیر اعظم بنے۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ہماری قومی زندگی پر اپنی انمٹ چھاپ چھوڑی ہے۔ ان کے انتقال سے ملک ایک نامور سیاستدان، معروف ماہر اقتصادیات اور ایک ممتاز رہنما سے محروم ہوگیا ہے۔
کابینہ سوگوار خاندان سے حکومت اور پوری قوم کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔’’
*******
(ش ح ۔ا م/ج
U.No. 4618
(Release ID: 2088364)
Visitor Counter : 51
Read this release in:
English
,
Hindi
,
Marathi
,
Bengali
,
Bengali-TR
,
Assamese
,
Manipuri
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam