وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم 9 دسمبر کو راجستھان اور ہریانہ کا دورہ کریں گے


وزیر اعظم رائزنگ راجستھان عالمی سرمایہ کاری سربراہ اجلاس 2024 کا آغاز کریں گے

وزیر اعظم ایل آئی سی کی ’بیمہ سکھی یوجنا‘ لانچ کریں گے

وزیر اعظم مہارانا پرتاپ باغبانی یونیورسٹی ، کرنال کے مین کیمپس کا سنگ بنیاد رکھیں گے

Posted On: 08 DEC 2024 9:46AM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی 9 دسمبر کو راجستھان اور ہریانہ کا دورہ کریں گے۔ موصوف صبح تقریباً 10:30 بجے جےپور کے لیے سفر کریں گے۔ جے پور نمائش اور کنونشن سینٹر (جے ای سی سی) میں رائزنگ راجستھان عالمی سرمایہ کاری سربراہ اجلاس 2024 کا آغاز کریں گے۔ بعد ازاں، وزیر اعظم دوپہر تقریباً 2 بجے پانی پت کا سفر کریں گے، وہ ایل آئی سی کی بیمہ سکھی یوجنا کا آغاز کریں گے اور مہارانا پرتاپ باغبانی یونیورسٹی کے مین کیمپس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

وزیر اعظم راجستھان میں

وزیر اعظم جے پور نمائش اور کنونشن سینٹر (جے ای سی سی) میں رائزنگ راجستھان عالمی سرمایہ کاری سربراہ اجلاس 2024 اور راجستھان عالمی کاروباری نمائش کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر وہ اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔

اس سال 9 سے 11 دسمبر تک منعقد ہونے والے سرمایہ کاری سربراہ اجلاس کا موضوع ہے ’’ بھر پور، ذمہ دار، تیار‘‘۔ اس سربراہ اجلاس میں آبی تحفظ، پائیدار کانکنی، پائیدار مالیات، جامع سیاحت، زرعی کاروبار کی اختراعات اور خواتین کے زیر قیادت اسٹارٹ اپ کے موضوعات پر 12 شعبہ جاتی موضوعاتی سیشنوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ سربراہ اجلاس کے دوران حصہ لینے والے ممالک کے ساتھ آٹھ ملکی اجلاسات کا اہتمام بھی کیا جائے گا جن میں 'قابل رہائش شہروں کے لیے پانی کا انتظام'، 'صنعتوں کی استعداد کار- مینوفیکچرنگ اور اس سے آگے' اور 'تجارت اور سیاحت' جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔

پرواسی راجستھانی کانکلیو اور ایم ایس ایم ای کانکلیو بھی تین دنوں میں منعقد ہوں گے۔ راجستھان عالمی کاروباری نمائش میں موضوعاتی پویلین جیسے راجستھان پویلین، کنٹری پویلین، اسٹارٹ اپس پویلین وغیرہ شامل ہوں گے۔ اس سربراہ اجلاس میں 16 شراکت دار ممالک سمیت 32 سے زائد ممالک اور 20 بین الاقوامی تنظیمیں شرکت کریں گی۔

وزیر اعظم ہریانہ میں

خواتین کو بااختیار بنانے اور مالی شمولیت کے اپنے عزم کے عین مطابق، وزیر اعظم پانی پت میں ’بیمہ سکھی یوجنا‘ کا آغاز کریں گے۔ لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا (ایل آئی سی ) کی یہ پہل قدمی 18سے 70 برس کی عمر کی اُن خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے وضع کی گئی ہے ، جنہوں نے دسویں جماعت پاس کر رکھی ہے۔ انہیں مالی خواندگی اور بیمہ کی آگاہی کو فروغ دینے کے لیے پہلے تین برسوں کے لیے خصوصی تربیت اور وظیفہ ملے گا۔ تربیت کے بعد، وہ ایل آئی سی ایجنٹوں  کے طور پر کام کر سکتی ہیں ۔ اس کے علاوہ گریجویٹ بیمہ سکھیوں کو ایل آئی سی میں ڈیولپمنٹ آفیسر کے عہدوں پر فائز ہونے کے لیے اہل ہونے کا موقع ملے گا۔ وزیر اعظم متوقع بیمہ سکھیوں کے درمیان تقرری کی اسناد بھی تقسیم کریں گے۔

پروگرام کے دوران وزیر اعظم مہارانا پرتاپ باغبانی یونیورسٹی کرنال کے مین کیمپس کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ 495 ایکڑ پر محیط مرکزی کیمپس اور چھ علاقائی تحقیقی اسٹیشن 700 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے قائم کیے جائیں گے۔ یونیورسٹی میں گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ مطالعات کے لیے باغبانی کا ایک کالج اور باغبانی کے 10 مضامین پر مشتمل پانچ اسکول ہوں گے۔ یہ یونیورسٹی باغبانی تکنالوجی کی ترقی کے لیے فصلوں کے تنوع اور عالمی معیار کی تحقیق کے لیے کام کرے گی۔

******

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:3632


(Release ID: 2082085) Visitor Counter : 46