وزارت اطلاعات ونشریات
ہندوستان کا تخلیقی شعبہ ٹیکنالوجی کے انضمام اور تخلیق کاروں کے ایک مضبوط ماحولیاتی نظام کی ترقی کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا: آئی ایف ایف آئی کی افتتاحی تقریب میں ایک ویڈیو پیغام میں مرکزی وزیر اشونی ویشنو
آئیے ہم سب مل کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر ہندوستانی تخلیق کار ایک عالمی داستان گو بنے اور دنیا مستقبل کی شکل دینے والی کہانیوں کیلئے ہندوستان کی طرف دیکھے:مرکزی وزیر اشونی ویشنو
‘لامرکزیت والا تخلیقی انقلاب’- گوہاٹی، کوچی اور اندور جیسے شہر تخلیقی مراکز کے طور پر ابھر رہے ہیں: مرکزی وزیر اشونی ویشنو
اطلاعات ونشریات کے مرکزی وزیر جناب اشونی ویشنو نے آج گوا میں منعقد 55ویں آئی ایف ایف آئی کی شاندار افتتاحی تقریب کے دوران ایک ویڈیو پیغام میں کہا ‘ہندوستان کا بین الاقوامی فلم فیسٹول (آئی ایف ایف آئی) ہندوستانی فلم صنعت کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل بن گیا ہے۔ ہندوستان کی توجہ ایک ایسے کنٹینٹ کرئیٹر والی معیشت کو فروغ دینے پر مرکوز ہے، جو متحرک ہے اور تیزی سے فروغ پارہی ہے۔
وزیر موصوف نے تخلیقی شعبے کو اقتصادی ترقی میں تعاون دینے والی ایک متحرک طاقت کے طور پر بھی واضح کیا، جو ملک کی متمول ثقافتی وراثت کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے ‘‘لوگ ایسے منفرد کنٹینٹ کے ساتھ آگے آرہے ہیں جو ہندوستان کی متنوع ثقافتوں، کھانوں، مالامال وراثت، ہندوستانی ادب اور زبانوں کی اہم تخلیقات کو دلچسپ اور تخلیقی انداز سے پیش کرتے ہیں۔ کیونکہ ملک تخلیق کاروں کو مسلسل مضبوط بنارہا ہے، اختراع کو فروغ دے رہا ہے اور عالمی پلیٹ فارم پر کلچرل سفارتکاری کو آگے بڑھارہا ہے۔’’
مرکزی وزیر نے تخلیق کاروں سے ایسی کہانیاں تحریر کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے پر بھی زور دیا، جو ہندوستان کی منفرد شناخت کی عکاسی کرتے ہوئے عالمی ناظرین کی پسند کے مطابق ہوں۔ انہوں نے ‘‘ٹیکنالوجی کے انضمام اور تخلیق کاروں کے ایک مضبوط ماحولیاتی نظام کی ترقی کے ساتھ، ہمارا ماننا ہے کہ ہندوستان کا تخلیقی شعبہ پروان چڑھتا رہے گا۔’’
وزیر موصوف نے سبھی فلم مداحوں ، فلم سازوں اور آئی ایف ایف آئی مندوبین کو گرم جوشی کے ساتھ دعوت دی اور امید ظاہر کی کہ یہ فیسٹول تخلیق کاروں کے لیے نئی شراکت داری اور تعاون کو فروغ دیگا۔ انہوں نے کہا ‘‘ہمیں یہ بھی امید ہے کہ نوجوان تخلیق کاروں کو یہاں رہنمائی اور صلاح ومشورہ حاصل ہوگا۔ اس پروگرام کے دوران مشترک کیے گئے خیالات، آنے والے برسوں میں صنعت کی سمت کو شکل دینے میں مددگار ہوں گے۔ ’’
ہندوستان کی تخلیقی معیشت :ایک عالمی پاور ہاؤس
آج شائع ہوئے ایک مضمون میں جناب ویشنو نے ہندوستان کی تخلیقی معیشت کی ترقی کی راہ کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا۔ انہوں نے لکھا ‘‘ہندوستان کی تخلیقی معیشت تیزی سے توسیع پارہی ہے، جس کی قدر اب 30 ارب ڈالر ہے اور ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار میں اس کا حصہ تقریباً 2.5 فیصد ہے اور یہ 8فیصد افرادی قوت کو ذریعہ معاش فراہم کرتی ہے۔ تنہا انفلوینسر مارکیٹنگ شعبے کی قدر 3375کروڑ روپئے ہے جس میں 200000 سے زیادہ کُل وقتی کنٹینٹ تخلیق کار ہندوستان کی عالمی سطح پر موجودگی میں تعاون کررہے ہیں۔ ’’ وزیر موصوف نے بتایا کہ گوہاٹی ، کوچی اور اندور جیسے شہر تخلیقی مراکز کے طور پر اُبھر رہے ہیں، جو پورے ملک میں لامرکزیت تخلیقی انقلاب کو فروغ دے رہے ہیں۔
وزیر موصوف نے ہندوستان کی تخلیقی صنعتوں کے وسیع اثرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شرح ترقی مجموعی گھریلو پیداوار کی شرح ترقی سے زیادہ ہے۔ تخلیقی صنعت بالی ووڈ ، علاقائی سنیما اور دیگر ثقافتی تخلیق کے توسط سے ملک کی عالمی سافٹ پاور کی تشکیل میں مدد کرتے ہیں۔
وزیر موصوف نے حکومت کے یکسر تبدیلی والے پروگراموں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ عالمی آڈیو ویزول اور تفریح سے متعلق چوٹی کانفرنس (ڈبلیو اے وی ای ایس) ملک کو کنٹینٹ کی تخلیق اور اختراع میں ایک عالمی طاقت کے طور پر قائم کرنے کی تاریخی پہل ہے۔ انہوں نے تحریر کیا ‘مستقبل ان لوگوں کا ہے، جو اختراع کرتے ہیں، تعاون کرتے ہیں اور سہل انداز میں تخلیق کرتے ہیں۔’ ‘‘ہندوستان کی تخلیقی معیشت باعث تحریک بنے اور معاشی ترقی ، کلچرل سفارتکاری اور عالمی قیادت کو آگے بڑھائے۔ آئیے ہم ساتھ ملکر یہ یقینی بنائیں کہ ہر ہندوستانی تخلیق کار ایک عالمی داستان گو بنے اور دنیا مستقبل کو شکل دینےو الی کہانیوں کے لیے ہندوستان کی طرف دیکھے۔ ’’
آئی ایف ایف آئی کے شروع ہونے پر، وزیر موصوف نے اپنے مضمون کے توسط سے عالمی تخلیقی معیشت کی قیادت کرنے میں ہندوستان کے تخلیق کاروں کے رول پر زور دیا۔ انہوں نے کہا ‘ہندوستان کے تخلیق کار عالمی تخلیقی معیشت کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں’۔
فیسٹول کا 55واں ایڈیشن آج 20نومبر 2024 کو آئی ایف ایف آئی کی مستقل تقریب گاہ گوا میں شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ شروع ہوا۔ 9روزہ فیسٹول 28نومبر 2024 تک جاری رہے گا، جو فلم سازوں اور تخلیقی فنکاروں کو سنیما کی خوشی کو ساجھا کرنے اور منانے کےلیے ایک پلیٹ فارم فراہم کریگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ ف ا۔ع ن
(U: 2728)
(Release ID: 2075413)
Visitor Counter : 8