صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے پنڈت دین دیال اُپادھیائے میموریل ہیلتھ سائنس اور آیوش یونیورسٹی آف چھتیس گڑھ کے جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کی
Posted On:
26 OCT 2024 5:55PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (26 اکتوبر 2024 کو) رائے پور میں پنڈت دین دیال اُپادھیائے میموریل ہیلتھ سائنس اور آیوش یونیورسٹی آف چھتیس گڑھ کے جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں جڑی بوٹیوں کا بہت بڑا ذخیرہ ہے۔ دیہی اور قبائلی افراد بیج اور دھاوا جیسے درختوں کی طبی اہمیت کے بارے میں جانتے ہیں۔ اس روایتی علم کو دستاویز بند کرکے اور معیاری بنا کر محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ تحقیق کو فروغ دے کر اس طرح کی معلومات کو سائنسی طور پر وسیع پیمانے پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ملیریا، لیمفٹک فلاریاسس اور ٹی بی جیسی متعدی بیماریاں ابھی تک مکمل طور پر ختم نہیں ہوئیں۔ حکومت ہند ان بیماریوں کو ختم کرنے کے مقصد کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ حفظانِ صحت کے شعبے میں مصروف عمل کارکن ہراول سورما کے طور پر عام لوگوں کو صحت کے مسائل سے آگاہ کر سکتے ہیں۔ وہ پالیسی سازوں اور عوام کے درمیان رابطے کا کام کر سکتے ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ڈاکٹر دیہی علاقوں کا دورہ کر کے عوام کے حقیقی مسائل معلوم کر سکیں گے۔ دیہی علاقوں میں ان کا قیام ان کے تجربات میں اضافہ کرے گا اور معاشرے اور ملک کے تئیں ان کی فرض شناسی کو تقویت حاصل ہوگی۔ انہوں نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے چند برس دیہی علاقوں کے لیے وقف کرنے پر غور کریں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ اساتذہ اور ڈاکٹروں کے تئیں احترام کا جذبہ لوگوں کو سماجی مسائل سے آگاہ کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، وہ لوگوں کو سمجھا سکتے ہیں کہ منشیات کا استعمال نہ صرف ان کی صحت کے لیے مضر ہے بلکہ ان کی سماجی اور معاشی حیثیت کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔ اسی طرح ڈاکٹر لوگوں کو خون اور اعضاء عطیہ کرنے کی ترغیب دے سکتے ہیں۔
صدر جمہوریہ نے طلباء سے کہا کہ تقسیم اسناد کا دن جشن منانے اور اپنے مستقبل کے بارے میں ایک عزم لینے کا موقع ہے۔ انہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی کرتے وقت اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ معاشرے نے ان کی تعلیم میں بھی تعاون دیا ہے۔ انہوں نے انہیں یاد دلایا کہ یہ ان کا فرض ہے کہ وہ معاشرے کو اس احسان کا بدلہ دیں جو معاشرے نے ان کی تعلیم کی حصولیابی میں اُن پر کیا۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ترقی یافتہ چھتیس گڑھ سال 2047 تک بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی اچھی صحت مجموعی ترقی کے لئے اہم ہے کیونکہ اس سے لوگوں کی پیداواری صلاحیت اور تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس لیے ریاست کے صحتی کارکنان ترقی یافتہ چھتیس گڑھ کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ چھتیس گڑھ کے دو انجینئرنگ اور دو طبی اداروں میں گفتگو کے دوران انہوں نے نوجوانوں میں نئے بھارت کی جھلک دیکھی - نیا ہندوستان جو دنیا میں اپنا صحیح مقام حاصل کرنے کے لئے پوری طاقت کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
صدر جمہوریہ کی تقریر ملاحظہ کرنے کے لیے براہِ کرم یہاں کلک کریں
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No: 1790
(Release ID: 2068502)
Visitor Counter : 33