وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان کو اب بحر ہند کے علاقے میں ایک ترجیحی سیکورٹی پارٹنر کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ بحریہ امن اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے: وزیر دفاع


جناب راج ناتھ سنگھ نے بحریہ کو موجودہ غیرمستحکم عالمی منظر نامے میں ہر صورت حال کے لیے تیار رہنے کی تلقین کی

Posted On: 19 SEP 2024 3:31PM by PIB Delhi

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 19 ستمبر 2024 کو نئی دہلی میں بحریہ کے کمانڈروں کی‘ کانفرنس24 ’کے دوسرے ایڈیشن سے خطاب کیا۔ انہوں نے بحر ہند میں امن اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرنے پر جو کہ  اقتصادی، جغرافیائی سیاسی، تجارتی اور سلامتی  پہلوؤں کے پیش نظر  اہم ہے، ہندوستانی بحریہ کی ستائش کی۔

اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ہندوستان ایک زمانے میں سمندری ساحلوں کے ساتھ ایک خشکی سے گھرا ہوا ملک تھا، لیکن اب اسے زمینی سرحدوں کے ساتھ ایک جزیرہ نما ملک کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے، وزیر دفاع نے ملک کے سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے ہندوستانی بحریہ کی تیاری کی تعریف کی، جس کے نتیجے میں خطے میں پہلے جواب دہندہ  کےطور پراس کے  اعتماد کے معیا ر میں اضافہ کیا ہے۔

جناب راجناتھ سنگھ نے کہاکہ ‘‘دنیا کی تجارت کا ایک بڑا حصہ اس خطے سے گزرتا ہے، جو اسے قیمتی بناتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بحری قزاقی، ہائی جیکنگ، ڈرون حملے، میزائل حملے اور سمندروں میں سی کیبل کے رابطوں میں خلل جیسے واقعات اسے انتہائی حساس بنا دیتے ہیں۔ ہماری بحریہ نے ہند بحرالکاہل کے تمام اسٹیک ہولڈرس، ممالک کے اقتصادی مفادات کے تحفظ اور بحر ہند کے علاقے میں سامان کی ہموار نقل و حرکت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کی اینٹی پائریسی کارروائیوں کو نہ صرف ہندوستان میں بلکہ عالمی سطح پر بھی ستائش کی جارہی ہے۔ ہندوستان کو اب اس پورے خطے میں ایک ترجیحی سیکورٹی پارٹنر کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ جب بھی ضرورت ہوگی، ہم خطے میں سلامتی کو یقینی بنائیں گے’’۔

وزیر دفاع نے زور دے کر کہا کہ ہند-بحرالکاہل کے علاقے میں ہندوستانی بحریہ کی بڑھتی ہوئی طاقت کو معمولی نہیں سمجھنا چاہئے اور کمانڈروں سے وقتاً فوقتاً اپنا جائزہ لیتے رہنے اور آج کے غیر مستحکم عالمی منظر نامے میں ہر صورت حال سے نمٹنےکے لیے تیار رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے اقتصادی، تجارتی، ٹرانسپورٹ اور مجموعی قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مضبوط بحری صلاحیت کی ضرورت پر زور دیا۔

جناب راج ناتھ سنگھ نےبھارتی بحریہ میں صلاحیت سازی کے لئے جدید ترین جنگی جہازوں،  آبدوزوں وغیرہ کو شامل کرتےہوئے  آتم نربھر بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کے وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے عزم کو دہرایا  ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتیہ شپ یارڈز میں 64 64 بحری جہاز اور آبدوزیں زیر تعمیر ہیں، اور 24 اضافی پلیٹ فارمز کے لیے آرڈر دیے جاچکے ہیں۔

وزیردفاع نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں، بحریہ کے ماڈرنائزیشن بجٹ کا دو تہائی سے زیادہ حصہ مقامی خریداری پر خرچ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں گھریلو دفاعی ماحولیاتی نظام کی تیز رفتار ترقی ہوئی ہے۔ جہاں جناب راج ناتھ سنگھ نے بحریہ کی مقامی بنانے کی کوششوں کی تعریف کی، وہیں انہوں نے کمانڈروں کو ‘آتم نربھرتا’ کے حصول کے عزم کو مزید مضبوط کرنے کے طریقے تلاش کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بحریہ کو خریدار سے بلڈر میں تبدیل کرنے کا وژن 2047 تک اسے مکمل طور پر خود انحصار بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

وزیر دفاع نےاشتراک کی اہمیت اور وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ہندوستانی بحریہ اور ہندوستانی کوسٹ گارڈ کی اپنی طاقتیں، مینڈیٹ اور کام کرنے کے طریقے ہیں، ملک کی سمندری سیکورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے مزید ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر جناب راج ناتھ سنگھ نے ایک ٹیک ڈیمو میں بھی شرکت کی، جس کا اہتمام تقریب کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا تھا۔ مختلف ایجنسیوں، بشمول بحریہ کی اہم آر اینڈ ڈی آرگنائزیشن ویپنز اینڈ الیکٹرانکس سسٹمز انجینئرنگ اسٹیبلشمنٹ نے دیسی ساخت کی‘ تکنیکوں’ کی نمائش کی، جس میں آٹو میٹک سسٹمز، ڈومین سے آگاہی، سافٹ ویئر ڈیفائنڈ ریڈیوز اور دیگر مخصوص ٹیک اقدامات شامل ہیں۔ اس موقع پر چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی، دفاعی سکریٹری جناب گریدھر ارامانے اور دیگر اعلیٰ سول اور فوجی حکام موجود تھے۔

یہ کانفرنس اعلیٰ سطح کی دو سالہ تقریب ہے، جو نیول کمانڈرز کے درمیان اہم نمایاں حکمت عملی، آپریشنل اور انتظامی امور پر بات چیت کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ جغرافیائی سیاسی اور جیواسٹریٹیجک ڈائنامکس، علاقائی چیلنجوں اور مغربی ایشیا میں بحری سلامتی کی صورتحال میں پیچیدگی کے پس منظر میں منعقد ہونے والی یہ کانفرنس ،ہندوستانی بحریہ کے مستقبل کے لائحہ عمل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

یہ کانفرنس ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر ہندوستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے بحریہ کے عزم اور بحریہ کی حیثیت کو 'جنگ کے لیے تیار، قابل اعتماد، مربوط اور مستقبل کے لیے تیار فورس کے طور پر برقرار رکھتی ہے۔

 

*******

ش ح۔ م ع ن۔ف ر

 (U: 147)


(Release ID: 2056778) Visitor Counter : 41