صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
اجین میں صدر جمہوریہ ہندکی صفائی متر سمیلن میں شرکت
Posted On:
19 SEP 2024 1:29PM by PIB Delhi
بھارت کی صدر محترمہ دروپدی مرمو نے آج (19 ستمبر، 2024) مدھیہ پردیش کے اُجّین میں صفائی مترا سمیلن میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اندور-اجین سکس لین روڈ پروجیکٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمارے صفائی متر صف اول کے جنگجو ہیں۔ وہ ہمیں بیماریوں، گندگی اورحفظان صحت کے خطرات سے بچاتے ہیں۔ وہ قوم کی تعمیر میں بہت اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ مقامی، ریاستی اور قومی سطح پر صفائی کے میدان میں ہماری کامیابیوں کا سب سے بڑا سہرا ہمارے صفائی متروں کو جاتا ہے۔
صدر نے کہا کہ صفائی متروں کی حفاظت، وقار اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا حکومت اور معاشرے کی اہم ذمہ داری ہے۔ مین ہولز کو ختم کرنے اور مشینی میکانزم کے ذریعے صفائی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی مختلف فلاحی اسکیموں کے تحت صفائی متروں کو فائدہ پہنچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ صفائی مترا تحفظ کیمپوں کے ذریعے انہیں صحت کی جانچ کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ مدھیہ پردیش کے بہت سے شہروں کو تحفظ صفائی متر شہر قرار دیا گیا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ سوچھ بھارت مشن کے سال 2025 تک جاری رہنے والے دوسرے مرحلے کے دوران، ہمیں مکمل صفائی کا ہدف حاصل کرنا ہے۔‘کھلے میں رفع حاجت سے پاک’ ہونے کی حیثیت کو برقرار رکھتے ہوئے ٹھوس اور مائع فضلہ کے انتظام میں قومی اہداف کو حاصل کرنا ہوگا۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ‘سوبھاؤ سوچھتا، سنسکار سوچھتا’ کے پیغام کو پھیلانے کی مہم پورے ملک میں جاری ہے۔ لوگ گندگی اور کوڑا کرکٹ کو ہٹا کر بھارت ماتا کی خدمت کرنے کا عہد لے رہے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ تمام شہری ہر گاؤں اور ہر گلی میں سوچھ بھارت مشن کو فروغ دینے اور اس مہم کے لیے محنت کرنے کے لیے آگے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے ہم بابائے قوم مہاتما گاندھی کے صفائی سے متعلق نظریات کو عملی جامہ پہنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ صفائی کی طرف ہمارا ایک قدم پورے ملک کو صاف ستھرا رکھنے میں اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے سبھی پر زور دیا کہ وہ ایک صاف بھارت ، ایک صحت مند بھارت اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کا عہد کریں۔
*****
ش ح۔ظ ا۔خ م
U-135
(Release ID: 2056589)
Visitor Counter : 46