وزارت دفاع

رکشا منتری جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ترنگ شکتی مشق دوست ممالک کے ساتھ تعاون، تال میل اور اعتماد کو مضبوط کرے گی


’’ترنگ شکتی نے ہندوستانی مسلح افواج کے بڑھتے ہوئے قد کو اجاگر کیا‘‘

’’پچھلی ترنگ شکتی نے دفاع کےشعبے میں ہندوستان کو آتم نربھر بنانے کے عزم کا مظاہرہ کیا‘‘

Posted On: 12 SEP 2024 4:13PM by PIB Delhi

رکشا منتری جناب راج ناتھ سنگھ نے کثیر ملکی مشق ’ترنگ شکتی‘کو شراکت دار ممالک کے ساتھ تعاون، تال میل اور اعتماد کو مضبوط کرنے کی ایک کوشش قرار دیا ہے۔  جودھ پور میں کثیر ملکی  مشق کے دوسرے مرحلے میں معزز مہمانوں کے دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان نے ترنگ شکتی کے ذریعےتمام شراکت دار ممالک کے ساتھ اپنے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے اور ان میں یہ اعتماد پیدا کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پرہم سب ساتھ کھڑے ہوں گے۔

بقائے باہمی اورباہمی  تعاون کے ہندوستان کے وژن کا ذکر کرتے ہوئے، رکشا منتری نے کہا کہ ہمارا ملک سبھی ملکوں کے ایک ساتھ ہاتھ ملا کر چلنے میں یقین رکھتا ہے۔ رکشا منتری نے کہا کہ ’’جب اس طرح کی پیچیدگی اور بڑی شدت کی مشق ہوتی ہے، تو مختلف کام کی ثقافتوں، فضائی جنگی تجربات اور جنگی اصولوں کے حامل فوجی ایک دوسرے سے بہت کچھ سیکھتے ہیں۔‘‘

رکشا منتری نے کہا کہ آج کا تاریخی واقعہ ہندوستانی فضائیہ کی شاندار کامیابیوں کو یاد کرنے کا ایک موقع ہے۔ ہم نہ صرف سب سے تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت بننے کی حصولیابیوں کا جشن منا رہے ہیں بلکہ اس بات پر فخر بھی کر رہے ہیں کہ ہماری مسلح افواج کو اب دنیا کی سب سے زیادہ طاقتورافواج میں شمار کیا جا رہا ہے۔

رکشا منتری نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ آزادی کے وقت ہندوستانی فضائیہ کے پاس دو طرح کے طیاروں کے صرف چھ اسکواڈرن تھے۔ اسی طرح نہ صرف  یہ کہ باقی جنگی ساز و سامان پرانا تھا بلکہ اس کی  تعداد بھی محدود تھی، لیکن آج دنیا بھر کے بہترین اور جدید طیاروں اور اگلی نسل کے آلات سے لیس، ہندوستانی فضائیہ اپنے یہاں بڑی تبدیلی لائی ہے۔

فرانسیسی کمپنی سفران ہیلی کاپٹر انجنس کے ساتھ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کے حالیہ اشتراک کا ذکر کرتے ہوئے رکشا منتری نے کہا کہ ہم نے خود کو ہتھیار اور ساز وسامان  کے درآمد کار سے ایک ایسے ملک کے طور پر بدلا ہے جو اب تقریباً 90 ملکوں کوہتھیار اور ساز وسامان برآمد کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ گھریلو دفاعی شعبے نے ہتھیار، پلیٹ فارمز، ہوائی جہاز وغیرہ  اندرون ملک  تیار کرنے کی سمت میں ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ آج ہم ہلکے جنگی طیاروں، سینسرز، رڈارز کی تیاری اور الیکٹرانک جنگ کو انجام دینے میں بڑی  حد تک خود کفیل ہو چکے ہیں۔

ثقافت اور سیاحت کے وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نےبھی ترنگ شکتی مشق میں معزز مہمانوں کے دن کی تقریب میں شرکت کی۔ اس تقریب میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل انل چوہان، چیف آف ایئر اسٹاف (سی اے ایس) ایئر چیف مارشل وی آر چودھری، چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل اپیندر دویدی، چیف آف نول اسٹاف (سی این ایس) ایڈمیرل دنیش کے ترپاٹھی، اور دوست ممالک کے سینئر فوجی لیڈروں  نے شرکت کی۔

اس تقریب میں اگنی ویر وایو ویمن ایئر واریئر ڈرل ٹیم (اے ڈبلیو ڈی ٹی) اور ایل  سی اے  تیجس، ایل سی ایچ پرچنڈ، سارنگ اور ایس کے اے ٹی ٹیموں کے مظاہروں کی نمائش کی گئی۔

بعد میں، رکشا منتری نے باوقار انٹرنیشنل ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس ایکسپو (آئی ڈیکس-24) کا افتتاح کیا، جس میں  دیسی دفاعی مینوفیکچرنگ اور ایرو اسپیس اختراع کے لیے ہندوستان کے عزم کی نمائش کی گئی۔

اس تقریب میں اسٹارٹ اپس، ایم ایس ایم ایز اور بڑی ایروناٹیکل صنعتوں کی  شخصیتوں نے بھر پور شرکت کی، ساتھ ہی صنعت کے 68 شرکا نے  جدید ترین  دفاعی ٹیکنالوجیز کا مظاہرہ کیا۔ مشق کے دوسرے مرحلے میں 7 ممالک اور 21 مشاہد ملکوں نےشرکت کی۔دفاع اور ایرو اسپیس کے شعبے میں ہندوستان کے عالمی سطح پر مقام کو مزید تقویت دیتے ہوئے  آئی ڈیکس- 24 میں بین الاقوامی اشتراک ،بات چیت اور تعاون  کو فروغ دینے اور مہارت کے تبادلے پر زور دیاگیا۔

************

ش ح۔ک ح۔ع ر

U.No:10833



(Release ID: 2054224) Visitor Counter : 18