وزیراعظم کا دفتر
ہندوستان-سعودی عرب نے سرمایہ کاری پر اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس کی پہلی میٹنگ کی
وزیر اعظم مودی اور سعودی ولی عہد شہزادہ اور وزیر اعظم کے ستمبر 2023 میں کیے گئے فیصلے کے بعد اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی تھی
وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری نے 100 بلین امریکی ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کو فعال تعاون فراہم کرنے کے حکومت ہند کے پختہ ارادے کا اعادہ کیا
پٹرولیم، قابل تجدید توانائی، ٹیلی مواصلات اور اختراع جیسے شعبوں میں سرکاری اور نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تعمیری بات چیت ہوئی
Posted On:
28 JUL 2024 11:37PM by PIB Delhi
سرمایہ کاری پر ہندوستان اورسعودی عرب کے درمیان اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس کی پہلی میٹنگ ہوئی، جس کی صدارت وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری جناب ڈاکٹر پی کے مشرا اور سعودی عرب کے وزیر توانائی عزت مآب شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نےمشترکہ طور پر کی۔یہ میٹنگ آج ورچوئل طریقے سے منعقدہوئی۔
دونوں فریق نے ٹاسک فورس کی تکنیکی ٹیموں کے درمیان ہونے والی بات چیت کا جائزہ لیا۔
پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں مختلف شعبوں میں دو طرفہ سرمایہ کاری کے مختلف مواقع پر تعمیری بات چیت کی گئی جن میں ریفائننگ اور پیٹرو کیمیکل پلانٹس، نئی اور قابل تجدید توانائی، بجلی، ٹیلی مواصلات اور اختراعات شامل ہیں۔
دونوں فریق نے ان اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جن کا مقصد دو طرفہ سرمایہ کاری کو باہمی طور پر سودمند انداز میں فروغ دینا ہے۔
وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری نے سعودی عرب کے ولی عہدشہزادہ و وزیر اعظم کے دورہ کے دوران 100 بلین امریکی ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کو فعال تعاون فراہم کرنے کے حکومت ہند کے پختہ ارادے کا اعادہ کیا۔
دونوں فریق نے بات چیت کو آگے بڑھانے اور مخصوص سرمایہ کاری کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے دونوں اطراف کی تکنیکی ٹیموں کے درمیان باقاعدہ مشاورت پر اتفاق کیا۔ پیٹرولیم کے سکریٹری کی قیادت میں ایک بااختیار وفد تیل اور گیس کے شعبے میں باہمی طور پر سودمند سرمایہ کاری پر بات چیت کے لیے سعودی عرب کا دورہ کرے گا۔ سعودی وفد کو بھی ہندوستان میں سوورین ویلتھ فنڈ پی آئی ایف کا دفتر قائم کرنے کی دعوت دی گئی۔
پرنسپل سکریٹری نے اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس کی میٹنگ کے اگلے دور کے لیے سعودی عرب کے وزیر توانائی کو ہندوستان مدعو کیا۔
اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس ایک خصوصی ادارہ ہے جو وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور ولی عہد شہزادہ و وزیر اعظم عزت مآب محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے ستمبر 2023میں ہندوستان کے سرکاری دورے کے دوران کیے گئے فیصلے کے بعد دو طرفہ سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ہے۔ یہ طرفین کے سینئر افسران پر مشتمل ہے، جس میں ہندوستان کے سی ای او نیتی آیوگ، اقتصادی امور ،کامرس،ایم ای اے، ڈی پی آئی آئی ٹی، پٹرولیم ، قدرتی گیس اوربجلی کے سکریٹریزشامل ہیں۔
*****
ش ح۔ف ا۔ ج ا
(U: 8892)
(Release ID: 2038237)
Visitor Counter : 50
Read this release in:
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Hindi_MP
,
Manipuri
,
Bengali
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam