نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

وکست بھارت کا تصور صرف ایک مقصد نہیں ، بلکہ ایک مقدس مشن ہے :نائب صدرجمہوریہ


جس طرح ایئر پاکٹس پرواز کی رفتار یا منزل کو متاثر نہیں کرتی ہیں، اسی طرح ہندوستان کے سیاسی چیلنجوں نے اس کے عروج میں رکاوٹ نہیں ڈالی ہے : نائب صدرجمہوریہ

نائب صدر جمہوریہ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کی ترقی کی کہانی کو تباہ کرنے اور ہمارے اداروں کو داغدار کرنے والے مسخ شدہ بیانیے کا سرگرم طور پر مقابلہ کریں

نائب صدرجمہوریہ نے  نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مسابقتی امتحانات کی  روایت پر توجہ دینے سے آگے بڑھیں

نائب صدرجمہوریہ نے ممبئی میں نرسی مونجی انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اسٹڈیز کے طلباء سے خطاب کیا

Posted On: 12 JUL 2024 4:57PM by PIB Delhi

نائب صدرجمہوریہ  جناب جگدیپ دھنکھڑ نے آج کہا کہ ووکسٹ بھارت 2047@ کا تصور صرف ایک مقصد نہیں بلکہ یہ  ایک مقدس مشن ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یہ صدی بھارت کی صدی ہے، انہوں نے ’’ہر شہری، ہر ادارے اور معاشرے کے ہر شعبے‘‘ سے اپیل کی کہ وہ اس میں  اپنا بھرپورتعاون پیش کریں۔

آج ممبئی میں این ایم آئی ایم ایس کے طلباء اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے اس بات پر زور دیا کہ مثبت حکمرانی کے اقدامات کے نتیجے میں، کاروباری ایکو سسٹم میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور ہندوستان کو اب سرمایہ کاری اور مواقع کے پسندیدہ مقام کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

جناب دھنکھڑنے کبھی کبھار چیلنجوں کے باوجود لچک اور ترقی پر زور دیتے ہوئے  ہندوستان کے سیاسی سفر کا موازنہ راکٹ کی چڑھائی سے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ایئر پاکٹس پرواز کی رفتار یا منزل کو متاثر نہیں کرتی ہیں، اسی طرح ہندوستان کے سیاسی چیلنجوں نے اس کے عروج میں رکاوٹ نہیں ڈالی ہے۔ ملک کی اہم پیشرفت پر روشنی ڈالتے ہوئے، جناب دھنکھڑ نے اس سفر کو شروع کرنے کے لیے ایک دہائی قبل درکار بے پناہ کوششوں پر زور دیا اور کہا کہ’’مجھ پر اعتماد کریں، اگلے پانچ سالوں میں ہندوستان کا عروج اس طرح نظر آئے گا جیسے یہ  کسی راکٹ کی کشش ثقل کی طاقت سے آگے بڑھ رہا ہے۔‘‘

ملک کی ترقی کو نیچا دکھانے اور داغدار کرنے کی مذموم سازشوں کے ساتھ ناپاک طاقتوں کی موجودگی کو اجاگر کرتے ہوئے، نائب صدر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس  منفی بیانیے کا سرگرم طور پر مقابلہ کریں جس کا مقصد ہندوستان کے اداروں اور ترقی کی رفتار کو داغدار کرنا ہے۔

دفعہ  370 کی منسوخی کے بارے میں بات کرتے ہوئے، نائب صدرجمہوریہ نے 1963 میں پارلیمانی بحث کا حوالہ دیا جس میں اس وقت کے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ دفعہ  370 عارضی نوعیت  کا حامل ہے اور زور دے کر کہا تھا کہ یہ وقت کے ساتھ ساتھ ختم ہو جائے گا۔ 2019 میں دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کے لیے ان کی فیصلہ کن کارروائی کے لیے اراکین پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، جناب دھنکھڑ نے کہا کہ اگر ڈاکٹر امبیڈکر دفعہ 370 کا مسودہ تیار کرتے یا سردار پٹیل آزادی کے بعد جموں و کشمیر کے الحاق کے انچارج ہوتے تو نتائج  بالکل مختلف ہوتے۔

اپنے خطاب میں نائب صدر جمہوریہ نے ہندوستان کے نامور تعلیمی اداروں جیسے نالندہ، تکشیلا، وکرم شیلا اور ولبھی کی شاندار تاریخ پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان قدیم یونیورسٹیوں نے ہندوستان کو علم کا پاور ہاؤس بنایا، جس سے اس کی سفارتی سافٹ  پاورمیں نمایاں اضافہ ہوا اور تجارتی سمتوں کو تشکیل دیا جاسکا۔ انہوں نے سیکھنے کے ان تاریخی مراکز کی وراثت سے اخذ کردہ قومی ترقی اور بااختیار بنانے میں اعلیٰ تعلیم کی اہم مطابقت پر بھی زور دیا۔

تعلیم کی تبدیلی کی طاقت کو اجاگر کرتے ہوئے، جناب دھنکھڑ نے اسے ایک ایسی محرک قوت کے طور پر بیان کیا جو افراد کو بااختیار بناتی ہے، اختراع کو فروغ دیتی ہے اور معاشی ترقی کو آگے بڑھاتی ہے، جو سماجی اور قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ روایتی سوچ سے آزاد ہو کر آج کے دور میں دستیاب وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ مسابقتی امتحانات پر روایتی توجہ سے آگے بڑھنے اور مختلف شعبوں میں ابھرتے ہوئے نئے، غیر روایتی امکانات کو تلاش کرنے کی ضرورت کا اظہار کرتے ہوئے، جناب دھنکھڑ نے ہر ایک کو افق سے پرے دیکھنے اور ابھرتے ہوئے شعبوں جیسے کہ مصنوعی ذہانت، کوانٹم کمپیوٹنگ، گرین ہائیڈروجن مشن میں بے پناہ صلاحیتوں کو پہچاننے کی ترغیب دی۔

اس موقع پر ڈاکٹر (محترمہ) سدیش دھنکھڑ، مہاراشٹر کے گورنر جناب رمیش بیس، راجیہ سبھا کے ممبر پارلیمنٹ جناب پرفل پٹیل، این ایم آئی ایم ایس کے چانسلر جناب امریش بھائی رسیک لال پٹیل، این ایم آئی ایم ایس کے وائس چانسلر ڈاکٹر رمیش بھٹ، این ایم آئی ایم ایس کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر شرد مہیسکر، این ایم آئی ایم ایس ، اساتذہ ، طلباء اور عملہ  کے افراد موجود تھے۔

یہاں مکمل متن پڑھیں:

https://pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2032761

*************

ش  ح۔ م ع   ۔ ج

UNO-8284

 



(Release ID: 2032820) Visitor Counter : 26