بھارتی چناؤ کمیشن

18ویں لوک سبھا انتخاب اختتام پذیر ہو چکا ہے، اور ہم  یعنی عوام  نے متحد ہوکر جمہوریت کے پہیوں کو رواں دواں رکھا ہے


بھارت کے انتخابی کمیشن نے ووٹ دہندگان ،سیاسی جماعتوں، پولنگ مشینری اور ووٹنگ کے عمل کو شاندار طور پر کامیاب بنانے میں شامل ہر فرد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا

Posted On: 01 JUN 2024 6:11PM by PIB Delhi

بھارت نے آج تاریخ رقم کی ہے۔ 7مراحل پر مشتمل ووٹنگ  کے پہلے مرحلے کا آغاز 19 اپریل کو ہوا تھا، اور عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ  کا عمل آج اختتام پذیر ہوا۔ بھارتی رائے دہندگان نے 18ویں لوک سبھا کے آئین کے لیے ووٹ دے کر اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ بھارتی جمہوریت اور بھارتی انتخابات نے ایک مرتبہ پھر جادو کر دکھایا ہے۔ عظیم بھارتی رائے دہندگان نے بلا لحاظ ذات، عقیدہ، مذہب، سماجی، معاشی اور تعلیمی پس منظر ایک بار پھر یہ کر دکھایا ہے۔ حقیقی فاتح، درحقیقت ہندوستانی ووٹ دہندگان ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر جناب راجیو کمار کے ساتھ الیکشن کمشنر جناب گیانیش کمار اور ڈاکٹر سکھ بیر سنگھ سندھو اور ای سی آئی فیملی ووٹ دہندگان کے ازحد مشکور و ممنون ہیں، جنہوں نے متعدد چنوتیوں اور مخمصوں پر قابو پاتے ہوئے پولنگ اسٹیشن تک رسائی حاصل کی۔ کمیشن، پورے خلوص کے ساتھ، تمام رائے دہندگان کا شکریہ اور تعریف درج کرانا چاہتا ہے۔ اپنی بھرپور شرکت کے ذریعے رائے دہندگان نے بھارتی آئین کے بانیوں کی جانب سے دیے گئے اعتماد میں اضافہ کیا ہے، جب انہوں نے حق رائے دہی کا اختیار عام ہندوستانی کو سونپ دیا تھا۔ جمہوری عمل میں بڑے پیمانے پر شرکت ہندوستان کی جمہوری اخلاقیات اور روح کی تصدیق کرتی ہے۔

ای سی آئی ملک بھر کے ووٹ دہندگان کو ہموار، پرامن اور تیوہار کا ماحول فراہم کرنے، سخت موسم، سخت خطوں جیسے لاجسٹک چنوتیوں اور متنوع آبادی میں امن و امان کا انتظام کرنے میں ان کی لگن اور عزم کے لیے سیکورٹی فورسز سمیت پوری انتخابی مشینری کا بھی شکریہ ادا کرتا ہے۔

کمیشن ان تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہے جو ہندوستانی انتخابات کا ایک اہم محور ہیں۔

کمیشن پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتا ہے۔ کمیشن نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے میڈیا کو ہمیشہ اپنا اتحادی سمجھا ہے۔

سو سال سے زائد کی عمر کے افراد، بزرگ، معذور افراد اور خواجہ سراؤں کے ووٹوں کی اہمیت متعدد لوگوں کے لیے خاص طور پر نوجوانوں کے لیے ایک باعث تحریک ہے، جو جمہوریت کو مزید آگے لے کر جائیں گے۔ ای سی آئی کی خواہش ہے کہ ہندوستان کے آئندہ نسل کے رائے دہندگان اس شرکت کو اور بھی بلندیوں تک لے جائیں گے۔

پولنگ کے دوران رائے دہندگان، سیاسی جماعتوں، امیدواروں، انتخابی عملے اور سیکورٹی فورسز کی اجتماعی کوششوں نے بھارتی جمہوریت کو مضبوط کیا ہے، جو بہت عزت اور تعریف کی مستحق ہے۔ ہم یعنی عوام نے اجتماعی کاوشوں کی بدولت جمہوریت کے پہیے کو رواں دواں رکھا ہے۔

**********

 

 

 (ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:7125



(Release ID: 2022469) Visitor Counter : 55