صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ ہند کی برہما کماریز کے زیر اہتمام ’’صاف ستھرے اور صحت مند معاشرے کے لئے روحانی طور پر بااختیار‘‘ پروگرام کے قومی آغاز میں شرکت

Posted On: 27 MAY 2024 2:22PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (27 مئی 2024) کو نئی دہلی میں منعقدہ ’’روحانی طور پر تفویض اختیار برائے صاف وصحت مند معاشرہ‘‘ کے قومی آغاز میں بہ نفس نفیس شرکت کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ عالمی تاریخ اور اقوام کی تاریخ کے سنہری ابواب ہمیشہ روحانی اقدار پر مبنی رہے ہیں۔ عالمی تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ روحانی اقدار کو نظر انداز کرنا اور صرف مادّی ترقی کی راہ پر چلنا آخر کار تباہ کن ثابت ہوا ہے۔ مجموعی بھلائی صرف اورصرف صحت مند طرز فکر کی بنیاد پر ممکن ہے ۔ ایک اصلاً صحت مند شخص جسمانی ، ذہنی اور روحانی۔ تینوں پیمانوں پر پورا اترتا ہے۔ اس طرح کے افراد ایک صحت مند معاشرے ، قوم اور عالمی برادری کی تشکیل کرتے ہیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ذاتی مفادات سے او پر اٹھ کر عوامی بہبود کے لئے کام کرنا داخلی روحانیت کا مظہر ہے۔ عوام کی فلاح کے لئے نیکی کے کام کرنا سب سےاہم روحانی قدر ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ خوف ، دہشت  اور جنگ کو بڑھاوا دینے والی طاقتیں دنیا کے کئی حصوں میں سرگرم ہیں۔ اس طرح کے ماحول میں برہما کماریز ادارہ سو سے زیادہ ملکوں میں متعدد مراکز کے ذریعہ انسانیت کو مضبوط کرنے کے لئے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کررہا ہے۔ یہ روحانی اقدار کو فروغ دے کر عالمی بھائی چارے کو مضبوط کرنے کی جانب قابل قدر کوشش ہے۔

صدر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ برہما کماریز انسٹی ٹیوشن خواتین کے ذریعہ چلائے جانے والا دینا کا سب سے بڑا روحانی ادارہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس ادارے میں برہما کماریز صف اول پر کام کرتی ہیں اور ان کے مددگار برہماکمار پس منظر میں کام کرتے ہیں۔ اس انوکھے تال میل اور ہم آہنگی کے ساتھ یہ ادارہ لگاتار آگے بڑھ رہا ہے ایسے کام کرکے ادارے نے عالمی برادری کو روحانی ترقی اور عورتوں کے تفویض اختیار کی انوکھی نظیر پیش کی ہے۔

صدر کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

******

U.No:7050

ش ح۔رف۔س ا



(Release ID: 2021801) Visitor Counter : 38