بھارتی چناؤ کمیشن
azadi ka amrit mahotsav

انٹرنیشنل الیکشن وزیٹرز پروگرام (آئی ای وی پی) کے حصے کے طور پر 23 ممالک کے 75 مندوبین نے 6 ریاستوں میں انتخابی عمل کا براہ راست مشاہدہ کیا


بین الاقوامی سطح پر عام انتخابات 2024 کو سراہا گیا

عام انتخابات کے دوران شفافیت، ساکھ اور شمولیت کو برقرار رکھنے کے لیے انٹرنیشنل الیکشن وزیٹرز پروگرام انتخابی کمیشن کی کوششوں کا حصہ ہے

Posted On: 09 MAY 2024 7:34PM by PIB Delhi

 بین الاقوامی مندوبین نے عام انتخابات 2024 میں ووٹنگ کے عمل کو براہ راست دیکھنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ جہاں کچھ مندوبین نے شفافیت کی تعریف کی وہیں دیگر نے انتخابی کمیشن کے گرین پولنگ اسٹیشن جیسے اقدامات کو متاثر کن قرار دیا۔ مندوبین نے ای وی ایم-وی وی پیٹ کی رینڈمائزیشن سمیت انتخابات میں بڑے پیمانے پر ٹکنالوجی کے استعمال کی بھی ستائش کی۔ کچھ مندوبین نے یہ بھی کہا کہ وہ خاص طور پر جمہوری نظریات کو مضبوط کرنے کے لیے بھارتی رائے دہندگان کے غیر متزلزل اعتماد اور عزم سے متاثر ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر ان ممالک کی الیکشن مینجمنٹ باڈیز کے دورہ کرنے والے ارکان میں اتفاق رائے تھا کہ بھارت میں انتخابی عمل پرامن، جامع اور قابل رسائی ہے اور جشن کے موڈ میں ہوتا ہے۔

یہ رد عمل بین الاقوامی مندوبین کے اب تک کے سب سے بڑے دستے کے ذریعے انٹرنیشنل الیکشن وزیٹرز پروگرام (آئی ای وی پی) کے ایک حصے کے طور پر حال ہی میں اختتام پذیر ہوئے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھارت کے عام انتخابات کا براہ راست تجربہ کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔

تیسرے مرحلے میں 11 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 93 حلقوں میں ووٹنگ ہوئی اور مندوبین نے 6 ریاستوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ووٹنگ کا مشاہدہ کیا جس میں تیاری کا کام بھی شامل ہے جو دنیا میں مردوں اور مشینری کی نقل و حرکت سے متعلق سب سے بڑی لاجسٹک مشق ہے۔

آئی ای وی پی 2024 کے زمینی تجربات

کرناٹک

کمبوڈیا، تیونس، مالڈووا، سیشیلز اور نیپال کے مندوبین نے کرناٹک کے بیلگام پارلیمانی حلقہ کا دورہ کیا اور پولنگ اسٹیشن کے اندر ووٹنگ افسران اور پریزائیڈنگ افسران سے بات چیت کی، فرضی رائے شماری دیکھی، کمانڈ کنٹرول سینٹر، میڈیا مانیٹرنگ سہولیات کا دورہ کیا۔ مندوبین نے جعلی رائے شماری، امیدواروں کے نمائندوں کی پولنگ اسٹیشن کے اندر موجودگی اور شمولیت سے ظاہر ہونے والی شفافیت کو سراہا۔

 

گوا

بھوٹان، منگولیا کے مندوبین اور اسرائیل کی میڈیا ٹیم نے گوا کے دونوں حلقوں میں ووٹنگ اور متعلقہ انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ انھیں فرضی رائے شماری، کمانڈ کنٹرول سینٹر، میڈیا مانیٹرنگ کی سہولیات اور ترسیلی مراکز سے بھی آگاہ کیا گیا۔ سی ای سی بھوٹان اور بھوٹان اور منگولیا کے انتخابی عہدیداروں نے انتخابات کے انعقاد میں پولنگ اسٹیشن کے اندر سیاسی جماعتوں ، میڈیا ، امیدواروں کے نمائندوں کو شامل کرنے میں شفافیت کو سراہا۔ پی ڈبلیو ڈی کے زیر انتظام پولنگ اسٹیشنوں اور گلابی پولنگ اسٹیشنوں کو مہمان مندوبین کی طرف سے دیکھ کر تعریف اور حیرت کا اظہار کیا گیا۔ مندوبین نے ای وی ایم-وی وی پیٹ کی رینڈمائزیشن کے لیے سافٹ ویئر کے استعمال کی تعریف کی۔

 

مدھیہ پردیش

سری لنکا اور فلپائن کے مندوبین پر مشتمل 11 رکنی بین الاقوامی ٹیم نے بھوپال، ودیشا، سیہور اور رائے سین حلقوں کے پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا اور لوک سبھا انتخابات کے انتخابی عمل کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل کیں۔ رائے دہندگان سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے جمہوری عمل میں بھارتی شہریوں کے جوش و خروش اور فعال شرکت کا مشاہدہ کیا۔ اپنے تجربات پر روشنی ڈالتے ہوئے مندوبین نے بھارت میں دیکھی گئی متحرک جمہوریت کی ستائش کی۔ وہ خاص طور پر جمہوری نظریات کو مضبوط بنانے کے لیے بھارتی رائے دہندگان کے غیر متزلزل اعتماد اور عزم سے متاثر ہوئے۔

 

اتر پردیش

چلی، جارجیا، مالدیپ، نمیبیا، پاپوا نیو گنی اور ازبکستان کے مندوبین نے 7 مئی، 2024 کو اتر پردیش کے فتح پور سیکری اور آگرہ پارلیمانی حلقہ میں ووٹنگ کا مشاہدہ کیا۔ مہمانوں کو تاج محل اور فتح پور سیکری کے تعمیراتی عجائبات  دیکھنے کے لیے لے جایا گیا جو ان دونوں حلقوں میں آتے ہیں۔ انھیں ووٹنگ کے دن اور ووٹنگ کے دن سے ایک دن پہلے مختلف انتظامات / سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا تھا۔ ان ممالک کے الیکشن انتظامی اداروں کے دورے پر آنے والے ارکان میں اس بات پر اتفاق تھا کہ بھارت میں انتخابی عمل پرامن، جامع اور قابل رسائی ہے۔

 

گجرات

فجی، آسٹریلیا، روس، مڈغاسکر، کرغزجمہوریہ کے مندوبین نے احمد آباد میں لوک سبھا 2024 کے عام انتخابات کے لیے قبل از ووٹنگ انتظامات اور ووٹنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ وفد اسٹرانگ روم میں ڈبل لاک سسٹم اور مسلح پولیس اہلکاروں کی تعیناتی سے متاثر ہوا جو ای وی ایم کی موثر سیکورٹی کو یقینی بناتے ہیں۔ احمد آباد ایسٹ پی سی کے سانند اسمبلی حلقہ میں خواتین کے زیر انتظام پولنگ اسٹیشنوں کو بھی سراہا گیا اور تبصرے طلب کیے گئے کہ وہ خواتین میں اعتماد بڑھاتے ہیں اور ان کی شرکت میں اضافہ کرتے ہیں۔ معمر ووٹرز کی مدد کے لیے رضاکاروں کے ساتھ ساتھ تمام مقامات پر ریمپ اور وہیل چیئرز کی سہولت کو بھی بے حد سراہا گیا۔ نابینا ووٹروں کے لیے بریل بیلٹ پیپر کا تصور بھی نابینا افراد کی مدد کے لیے ایک اچھے اقدام کے طور پر پسند کیا گیا تھا۔

 

مہاراشٹر

بنگلہ دیش، سری لنکا، قازقستان اور زمبابوے کی الیکشن مینجمنٹ باڈیز کے نمائندوں نے مہاراشٹر کے رائے گڑھ پارلیمانی حلقہ کا دورہ کیا اور قبل از انتخابات کے انتظامات، ووٹنگ پارٹیوں کی تقسیم اور دیگر لاجسٹکس کا مشاہدہ کیا۔ اس گروپ نے ضلعی الیکشن افسر، ریٹرننگ آفیسر، پریزائیڈنگ افسران اور دیگر الیکشن سے متعلقہ عہدیداروں سے بھارتی انتخابات کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بات چیت کی۔ مندوبین پولنگ اسٹیشنوں پر شفافیت کے اقدامات سے متاثر ہوئے۔

 

پس منظر

آسٹریلیا اور بنگلہ دیش سمیت 23 ممالک ، بھوٹان، کمبوڈیا، چلی، فجی، جارجیا، قازقستان، کرغستان، مڈغاسکر، مالدیپ، منگولیا، مالدووا، نمیبیا، نیپال، نیو گنی، فلپائن، روس، سیشیلز، سری لنکا، تیونس، ازبکستان، نیز زمبابوے کے مندوبین 5 مئی 2024 کو ووٹنگ کے تیسرے مرحلے میں انتخابات کا مشاہدہ کرنے کے لیے نئی دہلی پہنچے۔ چیف الیکشن کمشنر جناب راجیو کمار کی صدارت میں منعقدہ افتتاحی سیشن میں انھوں نے الیکشن کمشنر جناب گیانیش کمار اور ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو کے ساتھ انتخابی کمیشن آف انڈیا کے ساتھ بات چیت کی۔ اس کے بعد مندوبین کو 6 چھوٹے گروپوں میں تقسیم کیا گیا تاکہ وہ مختلف ریاستوں یعنی کرناٹک ، مہاراشٹر ، گجرات ، اتر پردیش ، گوا اور مدھیہ پردیش کا دورہ کریں اور اس مقصد کے لیے 13 حلقوں کے پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا۔ ریاستوں کے سی ای اوز نے انتخابی تیاریوں ، لاجسٹکس اور ویب کاسٹنگ کے انتظامات کو دیکھنے کے ساتھ ساتھ پری پول ڈے پر ووٹنگ افسران اور پریزائیڈنگ افسران کے ساتھ بات چیت کرنے اور موک ووٹنگ، حقیقی ووٹنگ دیکھنے اور انتخابات کے دن یعنی 7 مئی 2024 کو رائے دہندگان کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے گروپوں کے دورے کا اہتمام کیا۔

***

(ش ح – ع ا – ع ر)

U. No. 6835


(Release ID: 2020141) Visitor Counter : 120